پاکستان کا ٹرک آرٹ اور کورین بینڈ بلٹرز کا گانا ’ہِٹ دی باس‘

ویب ڈیسک

کورین پاپ بینڈ بلٹزرز کی ایک نئی وڈیو رلیز ہوئی ہے، جس کے کئی حصے پاکستان کے شہر لاہور میں شوٹ کیے گئے ہیں۔ اس میں قدیم شہر کی بادشاہی مسجد اور فوڈ اسٹریٹ کے ساتھ ساتھ ٹرک آرٹ کو بھی دکھایا گیا ہے

پاکستان کے ٹرک اپنے منفرد آرٹ اور اپنی ایک الگ پہچان کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہیں، یہ ٹرک آرٹ شوخ رنگوں اور چمکتی پٹیوں سے بنائی گئی جانوروں، مشہور شخصیات، مقامات کی تصاویر اور اقوال پر مبنی ہوتا ہے

اس آرٹ کو بیرون ملک گیلریز میں نمائش کے دوران پذیرائی ملتی ہے اور مغربی ممالک کے اسٹورز پر اس کے منی ایچر فروخت ہوتے ہیں، جو پاکستان کی سب سے مشہور ثقافتی برآمدات میں سے ایک ہیں

حالیہ برسوں میں عالمی ادارے یونیسکو نے پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے ٹرک آرٹ کا استعمال بھی کیا

عرب نیوز کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورین گروپ بلٹزرز ماہر زراعت محمد قمر حیات ٹوانہ اور ان کی اہلیہ اینا ٹم کی مدد سے پاکستان پہنچے۔ یہ جوڑا کورین پاکستانی ہے، جو جنوبی کوریا کے ٹی وی پر پاکستان کی باقاعدگی سے نمائندگی کرتا ہے

قمر حیات ٹوانہ نے بتایا ”میری اہلیہ ٹم نے ہی بینڈ کو پڑوسی ملک بھارت کے بجائے پاکستان میں شوٹنگ کرنے کے لیے راضی کیا“

ٹوانہ نے کہا ”ان کی واپسی پر میں نے انہیں کچھ تحائف پیش کیے جن میں ہمارا قومی لباس، شلوار قمیض بھی شامل ہے“

پاکستان کے مشہور ٹرک آرٹسٹ حیدر علی نے اپنے گھر کی دیوار پر اس آرٹ کا استعمال کرتے ہوئے امریکی پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی تصویر بنائی، جو دنیا بھر میں وائرل ہو گئی تھی

کے پاپ کی وڈیو ’ہٹ دی باس‘ میں پاکستانی عمارتوں اور ٹرک آرٹ کو نمایاں کیا گیا ہے، جس پر ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں پچاس لاکھ سے زیادہ کامنٹس ملے ہیں

حیدرعلی نے اس وڈیو کے حوالے سے عرب نیوز کو بتایا کہ ملک کا ثقافتی ورثہ دنیا بھر میں اپنی پہچان بنا رہا ہے

انہوں نے کہا کہ ٹرک آرٹ کو دیگر ثقافتوں کا حصہ بنتے دیکھنا اور دنیا کے مختلف حصوں میں لوگوں کی جانب سے اسے دل سے قبول کرتے دیکھنا بہت اچھا ہے

ان کا کہنا تھا ”لوگ مختلف ذرائع سے امن کے لیے کوشش کر رہے ہیں“

اس حوالے سے معروف کانٹینٹ کریٹر احمر نقوی کہتے ہیں ”کورین بینڈز فین گروپس اور ان کے پرفارمرز دراصل پورے ملک میں سرگرم ہیں“

ان کے مطابق ”درحقیقت، حالیہ برسوں میں پاکستان میں ’کے پاپ‘ رجحان نے زور پکڑا ہے، نوجوان پاکستانی ’کے پاپ‘ تھیم پر مبنی ہینگ آؤٹس اور پارٹیوں کا اہتمام کرتے ہیں اور کورین بوائے بینڈ کے لیے وقف سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر انہیں جوش و خروش کے ساتھ پوسٹ کرتے ہیں“

احمر نقوی نے مزید بتایا کہ یہ وڈیو بہت دلچسپ ہے کیونکہ یہ پہلا موقع ہے، جب کورین تخلیق کار پاکستانی ثقافت کے ساتھ جڑے ہوئے نظر آتے ہیں

انہوں نے کہا ’ٹرک آرٹ طویل عرصے سے پاکستان کا سب سے کامیاب اور قابل قبول پاپ کلچر بن رہا ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ یہ بہت سی جگہوں پر پاکستانی ثقافت کی علامت بنتا جا رہا ہے۔ یہ ہر طرح کی مقبول ثقافت میں استعمال ہوتا ہے خاص طور پر عالمی سطح پر۔ ٹرک آرٹ کے لیے یہ ایک اہم چیز ہے۔‘

صحافی اور سماجی کارکن عافیہ سلام کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے لوگ ٹرک آرٹ میں دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ یہ ہماری انفرادیت ہے

انہوں نے عرب نیوز کو بتایا: ’ثقافتی طور پر، یہ پاکستان کو ایک منفرد مقام دلاتا ہے۔ یہ دیکھنے میں پرکشش ہے اور اسے تخلیقی طور پر دیگر سامان جیسے کھسوں، کوسٹرز، ٹریول بیگز اور اس طرح کے دیگر لوازمات کے ساتھ ڈھال لیا گیا ہے۔ میرا نہیں خیال کہ کوئی دوسرے ملک کے پاس ہمارے جیسے ٹرک آرٹ جیسی چیز ہے۔ لہٰذا کوئی بھی چیز جو پاکستان کے لیے کچھ مثبت پہلو لائے میں اس سے خوش ہوں۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close