ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قلت کے باعث ریٹ 250 روپے تک کی ریکارڈ بلند ترین سطح پر آگیا ہے
ایسے میں جب ایک طرف پاکستان میں روپے کی قدر روز بروز گھٹتی جا رہی ہے اور ڈالر اونچی اڑان بھر رہا ہے وہیں دوسری جانب بھارت میں روپیہ ڈالر کے مقابلے مستحکم ہوتا جا رہا ہے
تفصیلات کے مطابق فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایف اے پی) کے بتایا ہے کہ گزشتہ روز 239 روپے 94 پیسے پر بند ہونے والا روپیہ آج انٹر بینک میں 55 پیسے کمی کے ساتھ 239 روپے 45 پیسے ہوگیا
میٹس گلوبل کے ڈائریکٹر سعد بن نصیر نے کہا کہ آج ڈالر کل کے کلوزنگ ریٹ پر مستحکم ہے، بلکہ انٹر بینک میں اس کی قیمت میں کچھ کمی ہوئی ہے جب کہ گزشتہ دو سے تین روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں کچھ بے یقینی اور عدم استحکام نظر آ رہا ہے
ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال پر قابو پانے کے لیے اسٹیٹ بینک کو اپنے کاؤنٹرز کھول دینے چاہئیں، اس وقت ڈالر کے ریٹ کو اوپر رکھ کر ٹریڈنگ کے ذریعے منافع کمایا جا رہا ہے، مارکیٹ میں پائی جانے والی اس بے چینی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈالر 245 سے 250 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک پاکستان کے پاس تمام بایو میٹرک ریکارڈ موجود ہے، جس کے ذریعے سے با آسانی پتا لگایا جاسکتا ہے کہ ڈالر سے منافع خوری میں کون ملوث ہے
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے جنرل سیکریٹری ظفر پراچا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں ڈالر کا ریٹ 255 روپے ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ڈالر یہاں سے افغانستان جا رہے ہیں
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر ڈالر کی اسمگلنگ روکنے کے لیے اقدامات کرے اور افغانستان سے ڈالر کے بجائے پاکستانی کرنسی میں تجارت کرے تاکہ ڈالر کی قیمت میں استحکام لایا جا سکے
رواں ہفتے کے شروع میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمٰعیل نے کہا تھا کہ روپے پر دباؤ ایک دو ہفتوں میں ختم ہو جائے گا، لیکن تاحال صورتحال مزید بگڑتی جا رہی ہے
پاکستان کے برعکس بھارت میں روپیہ ڈالر کے مقابلے مستحکم ہوتا جا رہا ہے
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعے کی سہ پہر تک بھارتی روپیہ تین ہفتے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے کیونکہ جون کی سہ ماہی میں امریکی معیشت میں غیرمتوقع سکڑاؤ کے بعد امریکی ڈالر دباؤ میں ہے
جمعے کو آٹھ بج کر 37 منٹ جی ایم ٹی پر روپیہ 79.24 فی ڈالر پر ٹریڈ کر رہا ہے جو سات جولائی کے بعد سے اس کی مضبوط سطح ہے
تاجروں نے اب اپنی توجہ اگلے ہفتے ریزرو بینک آف انڈیا کی مانیٹری پالیسی میٹنگ کی طرف مبذول کر لی ہے جہاں 50 بی پی کے اضافے سے 35 بیسس پوائنٹ (بی پی) اضافے کے امکانات ہیں
پاکستان کے حوالے سے بات کی جائے تو اپریل کے دوسرے ہفتے کے آغاز میں اسلام آباد میں نئی حکومت کے قیام کے بعد سے ڈالر کی قیمت میں 28 فیصد یا 51 روپے سے زیادہ کا اضافہ ہو چکا ہے۔ 7 اپریل (جب اس وقت کے وزیر اعظم عمران خان کو اقتدار سے سبکدوش کیا گیا تھا) اور 22 جولائی کے درمیانی عرصے میں ملک کے تجارتی خسارے، بڑھتے ہوئے سیاسی عدم استحکام اور غیر یقینی صورتحال کے باعث روپے کی قدر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 21.3 فیصد کمی واقع ہوئی ہے
گوگل پر ڈالر 207 روپے، ’شہباز سپیڈ‘؟
پاکستان میں ڈالر کی اونچی اڑان کو قابو کرنے کی ساری حکومتی کوششیں تاحال کامیاب ہوتی نظر نہیں آ رہیں
ایسے وقت میں جب روپے کی قدر گھٹتی جا رہی ہے اور ڈالر ڈھائی سو روپے تک پہنچ گیا ہے، جمعرات کی شام اچانک ہی گوگل پر ڈالر کی قیمت 207 روپے دکھائی دی، جس نے دیکھنے والوں کو چونکا دیا
سوشل میڈیا پر اسکرین شاٹس شیئر کیے جانے لگے اور ہر کوئی یہ پوچھتا نظر آیا کہ ’اچانک ڈالر کا ریٹ اتنا کیسے گر گیا؟‘ کچھ صارفین خوشی کا اظہار کرتے نظر آئے لیکن ان کی خوش فہمی پر جلد ہی پانی پھر گیا جب یہ معلوم ہوا کہ دراصل یہ سرچ انجن گوگل کی غلطی ہے باقی ذرائع ڈالر کا اصل ریٹ بتا رہے ہیں۔
گوگل پر ایک ڈالر کی قیمت 207 روپے لکھی ہوئی آرہی ہے جبکہ ڈالر کی اصل قیمت 239 روپے ہے، جو آج 250 تک جا پہنچی
گوگل پر ڈالر کی قیمت کی غلطی کے باعث سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستانی شہریوں کی جانب سے دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آئے
حمزہ نامی ایک صارف نے لکھا ‘ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے گوگل کو 100 ملین ڈالر دیے ہیں تاکہ ڈالر کا ریٹ 207 روپے دکھائی دے۔‘
ڈاکٹر ثقلین نامی ایک صارف نے کہا ‘گوگل کی غلطی نے 207 روپے ڈالر کی جھوٹی امید دکھا کر آپ کو دل کا دورہ پڑوایا ہے، اس پر بھروسہ نہ کریں، یہ انٹر بینک میں 237 روپے ہیں اور اوپن مارکیٹ میں 250 روپے ہے’۔
عائشہ یوسف نامی صارف کا کہنا تھا کہ گوگل پر ڈالر 207 روپے پر نظر آرہا ہے، مریم نواز شریف ابھی بھی وقت ہے ٹویٹ کریں کہ یہ شہباز کی اسپیڈ کی وجہ سے ہے، صبح 240 پر واپس آجائے گا’
احمد سبحان نامی ایک صارف نے لکھا ‘ڈالر 30 روپے کم ہوگیا، اب 207 روپے ہے، گوگل نے ن لیگ میں شمولیت حاصل کرلی ہے، مفتاح اسماعیل پریس کانفرنس ہی کردیں’
جیسمین نامی صارف نے میم شئیر کرتے ہوئے کہا ہے ’کچھ منٹوں بعد گوگل کہے گا کہ کیسا لگا میرا مذاق؟‘