یکم اگست، جب سلطنت برطانیہ نے غلامی ختم کرنے کا اعلان کیا

فرخ عباس

آج سے 188 سال قبل جب برطانوی پارلیمان نے برطانیہ کے زیرتسلط علاقوں میں غلامی کے خاتمے کا اعلان کیا تو ان لاکھوں افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، جنہیں دنیا بھر کے مختلف علاقوں میں غلاموں کے طور پر خریدا اور بیچا جا چکا تھا

یکم اگست، 1834 کو برطانوی پارلیمان نے برطانوی نوآبادیوں میں غلامی کو باضابطہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کیا جس کے بعد جزائر غرب الہند، جنوبی افریقہ سمیت کینیڈا میں برطانیہ کے زیرانتظام علاقوں میں غلامی کا خاتمہ کر دیا گیا

انسائیکلو پیڈیا برٹینیکا کے مطابق برطانوی پارلیمان نے یہ فیصلہ 28 اگست، 1833 کو ملنے والے ایک شاہی فرمان کے تقریباً ایک سال بعد کیا تھا

اس اعلان کے ساتھ ہی تقریباً آٹھ لاکھ غلاموں کو آزادی کا پروانہ مل گیا لیکن چند علاقوں میں اسے مختلف شکلوں میں قائم رکھا گیا

مثال کے طور پر اس برطانوی قانون کا اطلاق صرف ان علاقوں میں ہوتا تھا جو براہ راست سلطنت برطانیہ کی عملداری میں آتے تھے

برصغیر چونکہ اس وقت تاج برطانیہ کے بجائے ایسٹ انڈیا کمپنی کے زیرانتظام تھا اس لیے یہاں اس قانون کا اطلاق نہیں ہو سکا

برطانوی پارلیمان میں غلامی کے خاتمے کے قانون کی منظوری کے دس سال بعد دی انڈین سلیوری ایکٹ آف 1943 پاس کیا گیا جس نے ایسٹ انڈیا کمپنی کو غلام رکھنے اور ان کی خرید و فروخت سے روک دیا

مصنف ایم مہاراجن کی کتاب ’مہاتما گاندھی اینڈ دی نیو میلینئم‘ کے مطابق اس قانون کے تحت غلامی کی ضوابط میں نرمی لاتے ہوئے پہلے سے موجود غلاموں کو کچھ حقوق بھی دیے گئے تھے

لیکن 1861 میں انڈین پینل کوڈ کے اطلاق کے بعد برٹش انڈیا میں غلام رکھنے کو تعزیرات ہند کے تحت جرم قرار دے دیا گیا

یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا تھا جب دنیا کی کسی دوسری سلطنت نے اس حوالے سے ایسا فیصلہ نہیں کیا تھا، گویا برطانیہ وہ پہلی سلطنت تھی جس نے غلامی ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا

اس فیصلے کی بنیاد کئی معاشی وجوہات تھیں جن میں اہم وجہ برازیل اور کیوبا کی منڈیوں میں بڑھتا ہوا مسابقتی رجحان تھا

تاجر برطانوی کالونیز میں آزادانہ تجارت کا مطالبہ کر رہے تھے اور ان علاقوں میں تجارت پر برطانوی غلبے کا خاتمہ چاہتے تھے

افریقی غلاموں میں بغاوت کا بڑھتا رجحان بھی ایک وجہ تھا جبکہ شمالی امریکہ کے علاقوں میں اس حوالے سے کچھ قانونی پیچیدگیاں بھی درپیش تھیں

برطانیہ میں غلامی کے خاتمے کی مہم:

برطانیہ میں غلامی کے خاتمے کا مطالبہ کرنے والے 1770 کی دہائی سے اس حوالے سے ایک مہم چلا رہے تھے لیکن ماضی میں اس حوالے سے کی جانے والی کوششیں بارآور ثابت نہ ہو سکیں تھیں

برطانوی حکومت نے غلامی کے خاتمے سے متاثر ہونے والے مالکوں کے لیے بطور زرتلافی دو کروڑ پاؤنڈز کی رقم مختص کی تھی لیکن ان لوگوں کے لیے کوئی زر تلافی مختص نہ کیا گیا جنہیں غلاموں کے طور پر بیچا جا چکا تھا

دو کروڑ پاؤنڈز، جو اب 16 ارب پاؤنڈز سے زائد ہیں

برطانوی اخبار دی گارڈین میں اس موضوع پر لکھنے والے محقق اور صحافی کینان ملک لکھتے ہیں کہ 1833 میں برطانوی حکومت نے دو کروڑ پاؤنڈز کی جو رقم غلامی کے خاتمے کے لیے مختص کی تھی وہ اس وقت اس کے قومی بجٹ کا 40 فیصد تھا

یہ رقم پاؤنڈ کی موجودہ کرنسی کے مطابق 16 ارب پاؤنڈز سے زیادہ بنتی ہے

اس وقت یہ رقم ان 46 ہزار مالکوں کو دی گئی تھی جو غلامی ختم ہونے پر اپنی ’جائیداد‘ سے محروم ہو گئے تھے

برٹش لائبریری آرکائیوز کے مطابق 18ویں صدی عیسوی میں غلامی کی تجارت اور پھر غلامی کے خلاف شروع ہونے والی مہم نے بھی اس سلسلے میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا

سلطنت برطانیہ نے غلاموں کی تجارت شاہی فرمان کے تحت منظوری ملنے کے بعد سال 1663 میں شروع کی تھی جس کے بعد افریقہ کی برطانوی نوآبادیوں سے لاکھوں افراد کو شمالی امریکہ لے جا کر فروخت کیا گیا اور انہیں ایک ایسے ماحول میں کام کرنے پر مجبور کیا گیا جہاں انہیں بنیادی حقوق بھی حاصل نہیں تھے

رائل میوزیم گرین وچ کے مطابق 1662 سے 1807 کے درمیان برطانوی سلطنت کے زیر انتظام تقریباً 34 لاکھ 15 ہزار سے زائد افریقی باشندوں کا غلام کے طور پر خریدا گیا جن میں 29 لاکھ سے زائد کو امریکی علاقوں میں فروخت کیا گیا

میوزیم ریکارڈز کے مطابق 1699 سے 1807 کے درمیان برطانوی جہاز 10 ہزار 103 ایسی مہمات پر روانہ ہوئے جن کا مقصد نوآبادیاتی علاقوں کے باشندوں کو غلام بنا کر ان کی خرید و فروخت کرنا تھا۔ ان میں سے 3351 مہمات لندن سے روانہ کی گئیں تھیں

برطانیہ میں غلاموں کی تجارت کو سال 1807 میں ختم کیا گیا تھا لیکن غلامی کے خاتمے کے لیے سلطنت برطانیہ کے بیچے گئے غلاموں کو 1834 تک انتظار کرنا پڑا

جس کے بعد نظام سلطنت چلانے کے لیے برطانوی راج کو ’معاہدوں پر مبنی نوکری‘ کی جانب رخ کرنا پڑا۔

بشکریہ: انڈیپینڈنٹ اردو

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close