کراچی میں کرکٹ میلہ سجنے کو تیار ہے، مارچ میں ملتوی شدہ پی ایس ایل 5 پلے آف میچز کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
کورونا وائرس وبا کی وجہ سے مارچ میں ملتوی ہونے والے پی ایس ایل 5 کے پلے آف میچز کا سلسلہ ہفتے سے دوبارہ ہونے جا رہا ہے
پہلے دن کوالیفائر میں ایونٹ کی سرفہرست ملتان سلطانز، کراچی کنگز کے چیلنج کا سامنا کرے گی۔ اس کے بعد ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کا مقابلہ ہوگا
پلے آف میچز کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، تماشائیوں کو آمد کی اجازت نہ ہونے کے باوجود انکلوژرز کی نشستوں کو دھوکر صاف کر دیا گیا
وینیو کو رنگارنگ بنانے کے لیے بڑے پینافلیکس لگائے گئے ہیں، مرکزی عمارت کے مختلف حصوں کی تزئین و آرائش بھی مکمل کرلی گئی، بائیو سیکور ماحول پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مکمل حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے. اسٹیڈیم میں ایک خصوصی عارضی ہسپتال بھی قائم کر دیا گیا ہے
جب کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے پلان بھی فائنل کر لیا گیا ہے، میدان کے وسط میں تین پچز کو میچز کے لیے مختص کیا گیا ہے، گذشتہ روز ٹیموں کے لیے اینٹی کرپشن اور اینٹی ڈوپنگ پر لیکچر کا انعقاد بھی کیا گیا
ہفتے کو پہلے ایلیمنیٹر میں مقابل ہونے والی دونوں ٹیمیں فتح کے ساتھ ٹائٹل کی جانب سفر جاری رکھنے کے لیے پْر اعتماد دکھائی دے رہی ہیں
میڈیا کانفرنس میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ویڈیو کال پر کہا کہ پلے آف مقابلوں سے قبل کورونا کی وجہ سے آٹھ ماہ کا طویل وقفہ آیا، ہمیں تیاریوں کے لیے کم وقت ملا، کوشش ہوگی کہ فائنل تک رسائی پانے میں کامیاب ہو جائیں
ان کا کہنا تھا کہ پہلے ایلمنیٹر کی حریف لاہور قلندرز ایک اچھی ٹیم ہے، اس کے خلاف ریکارڈ سب ماضی بن چکا، بہتر نتائج کے لیے کارکردگی دکھانا پڑتی ہے، فتح کے لیے اچھی کرکٹ کھیلنا پڑے گی
انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کہ ملتان سلطانز کے خلاف پریکٹس میچ میں شکست میں سامنے آنے والی غلطیوں کو نہ دہرائیں اور فتح حاصل کریں
ایک سوال پر وہاب ریاض نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ڈیرن سیمی ایک اچھے کھلاڑی اور بہترین کوچ ہیں،ان کا ہمارے درمیان ہونا حوصلہ بڑھاتا ہے، ٹیم کو سیمی کی کمی محسوس ہوگی
لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ہمیں اپنے مداحوں اور شائقین کی بھرپور سپورٹ مل رہی ہے، اس سے کھلاڑیوں کا جوش وجذبہ جوان ہوجاتا ہے۔ ہم پلان کے مطابق بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں.