طبی بنیادوں پر کی گئی ایک تازہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ موٹاپے یا اضافی وزن کے شکار افراد کی جانب سے سہ پہر کے بعد غذائیں نہ کھانا انہیں وزن میں کمی سمیت متعدد طبی فواد پہنچا سکتا ہے
طبی جریدے ’جاما‘ میں شائع امریکا، برطانیہ اور پاکستانی ماہرین کی مشترکہ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ موٹاپے یا اضافی وزن کے حامل افراد صبح سات سے سہ پہر تین بجے تک غذائیں کھائیں تو ان میں نہ صرف وزن کی کمی ہوسکتی ہے بلکہ ان میں بلڈ پریشر کی سطح نارمل ہونے سمیت ان میں عارضہ قلب کے پیدا ہونے کے امکانات بھی نمایاں طور پر کم ہوجاتے ہیں
ماہرین نے زائد الوزن افراد پر کی جانے والی تحقیق کے دوران رضاکاروں کو صبح سات بجے سے سہ پہر تک بجے پانچ سو کیلوریز پر مشتمل غذائیں کھانے کی ہدایات کیں اور انہیں اگلی صبح تک مزید غذائیں کھانے سے روک دیا
ماہرین نے رضاکاروں کو چودہ ہفتوں تک ہفتے کے چھ دن تک ایسا عمل کرنے کا کہا اور بعد میں رضاکاروں کے وزن سمیت ان کے جسمانی ٹیسٹ کیے اور ان سے سوالات بھی کیے گئے
نتائج سے معلوم ہوا کہ چودہ ہفتوں کی پریکٹس سے عام طور پر رضاکاروں کا وزن تین کلو تک کم ہوگیا اور ان میں بلڈ پریشر کی سطح بھی نارمل ہوگئی جب کہ ان کے موڈ میں بھی بہتری آئی
مذکورہ تحقیق میں ماہرین نے ان رضاکاروں کو شامل کیا تھا، جو اضافی وزن یا موٹاپے کا شکار تھے اور وہ بلڈ پریشر سمیت موڈ خراب ہونے جیسے مسائل کا بھی شکار تھے
ماہرین کے مطابق بارہ گھنٹے تک غذائیں کھاتے رہنے کے مقابلے میں اگر غذائیں کھانے کا عمل آٹھ گھنٹے تک محدود رکھا جائے اور سہ پہر کے بعد غذائیں کھانا بند کی جائیں تو موٹاپے سے بچا جا سکتا ہے
تحقیق کے مطابق اس عمل سے نہ صرف وزن میں کمی آ سکتی ہے بلکہ بلڈ پریشر کو بھی قابو میں رکھا جا سکتا ہے، جس سے کئی طرح کے طبی فوائد بھی ہوسکتے ہیں
ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح سے دوپہر تک غذائیں کھانے کے اوقات اس لیے بہتر ہیں کیوں کہ ان اوقات کے دوران انسان کا اندرونی نظام غذائوں کو بہتر طریقے سے ہضم کرنے کے قابل ہوتا ہے جو کہ شام کے بعد سست پڑنا شروع ہوجاتا ہے۔