غلامی یا موت میں سے، مجھے موت قبول ہے، عمران خان

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک غلام قوم کبھی اوپر نہیں آسکتی کیونکہ غلام صرف اچھے غلام بنتے ہیں اس لیے میں امریکا سے غلامی نہیں دوستی چاہتا ہوں

انہوں نے کہا ”غلامی یا موت میں سے، مجھے موت قبول ہے“

لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیٹڈیم میں ’حقیقی آزادی‘ کے عنوان سے ایک بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا ”یہ ہوتے کون ہیں پوچھنے والے کہ روس کیوں گیا، کیا میں ان کا غلام ہوں؟ میں اپنے لوگوں کے فائدے کے لیے روس گیا تھا، میں چاہتا تھا کہ روس سے سستے داموں بیس لاکھ ٹن گندم خریدیں“

عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت جب آئی تو روسیوں سے سستا تیل خریدنے کی بات کر چکے تھے، میں اپنی قوم کو اکٹھا کروں گا اور قوم کے قرضے اتاریں گے لیکن ہمارے حکمران امریکا کے پیروں میں لیٹے ہوئے ہیں، ان میں اتنی جرأت نہیں تھی کہ کہتے یہ ہمارے عوام کی ضرورت ہے

لاہور میں جلسے سے خطاب کے دوران ان کا کہنا ہے کہ انڈیا پاکستان کے ساتھ آزاد ہوا تھا اور وہ اپنی خارجہ پالیسی اپنے لوگوں کے لیے بناتا ہے۔ ’میں اس قوم کو کسی کی غلامی نہیں کرنے دوں گا۔ ہم مل کر اپنے قرضے اتاریں گے۔‘

’آزادی کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔۔۔ اوپر وہ بیٹھے ہیں جو پیسوں کے غلام ہیں۔ امپورٹڈ حکومت کو فارغ کر کے الیکشن کرائیں گے۔ تب تک جدوجہد جاری رہے گی۔‘

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ آج پہلی مرتبہ بہترین 14 اگست منایا اور میرا دل کہہ رہا ہے آئندہ برس 14 اگست ہم اپنی حقیقی آزادی لے چکے ہوں گے

انہوں نے کہا کہ ایک خطرناک گیم کی تیاری ہو رہی ہے کہ عمران خان اور فوج کو آپس میں لڑائی کرائی جائے لیکن ایسا کیسے ہو سکتا ہے کہ میں چاہوں کہ فوج کمزور ہو

عمران خان نے مزید کہا کہ عزت پیسے سے نہیں خریدی جا سکتی، موت سے ڈرنے والے کسی شخص نے آج تک کوئی بڑا کام نہیں کیا، میرے مخالفین چھبیس برس سے میری کردار کشی کر رہے ہیں

عمران خان نے مزید کہا کہ ان کی حکومت گرانے کے بعد ایک اور سازش ہو رہی ہے کہ ستمبر میں نواز شریف کو واپس لایا جائے

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ’عمران خان کو نااہل کرنے اور نواز شریف کو واپس بلانے کا منصوبہ بنایا گیا۔ عمران خان کوئی ڈیل نہیں کرنے لگا، میرا مقابلہ اس ڈاکو سے نہ کراؤ۔ یہ تیس سال سے پیسے چوری کر رہا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ بھگوڑے کو بلاؤ جو ملک چھوڑ کر باہر بھاگا ہے، میرا مقابلہ اس ڈاکو سے نہ کرو، سازش کرنے والے کان کھول کر سن لیں، میں کوئی ڈیل نہیں کروں گا، نوازشریف فکر نہ کرو، میں تمہارا بہت اچھی طرح استقبال کروں گا

سابق وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو مقروض کرنے کا ذمہ دار کون ہے، تیس برس سے دوخاندان اس ملک پر حکومت کر رہے تھے، اب یہ کہتے ہیں کہ امریکا کی غلامی نہ کی تو ہم مر جائیں گے

عمران خان نے کہا کہ ایک غلام قوم کبھی اوپر نہیں آسکتی کیونکہ غلام صرف اچھے غلام بنتے ہیں اس لیے میں امریکا سے غلامی نہیں دوستی چاہتا ہوں

ان کا کہنا تھا کہ میں امریکا اور برطانیہ کو زیادہ تر پاکستانیوں سے بہتر جانتا ہوں، میں کسی ملک کا دشمن نہیں، امریکا سے دوستی چاہتا ہوں

عمران خان نے کہا کہ امریکا کی نفسیات ہے اگر ان کے پاؤں میں گرتے ہیں تو آپ کو استعمال کریں گے، غلامی انسان کی عزت نفس ختم کر دیتی ہے، ہم نے لاکھوں قربانیاں دے کر آزاد ملک حاصل کیا

عمران خان نے کہا کہ عدلیہ کو تقسیم کرنےکی سازش ہو رہی ہے، عدلیہ کوتقسیم کر کے یہ اپنی مرضی کے فیصلے لینا چاہتے ہیں، غلامی یا موت میں سے مجھے موت قبول ہے

انہوں نے ملک کے تمام بڑے شہروں میں جلسوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ’عوام کو تیار کر رہا ہوں۔ حقیقی آزادی کی جنگ آخری مراحل میں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ میں نے لوگوں کے پاس جانے کا فیصلہ کیا ہے، راولپنڈی جلسہ کرنے کے چند دن بعد کراچی جا رہا ہوں۔ زرداری ملک کا بڑا لٹیرا ہے اس نے سندھ کے عوام کے ساتھ بہت ظلم کیا، آصف زرداری کا مقابلہ کرنے کراچی جا رہا ہوں

انہوں نے کہا کہ ’پنجاب کے ضمنی الیکشن میں امپائروں کو ساتھ ملا کر دھاندلی کی گئی۔‘

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں عمران خان کی آواز سے آواز ملا کر نہ صرف جلسے کے شرکا بلکہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی عوام کی ایک بڑی تعداد نے قومی ترانہ پڑھا

پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی کے جلسے میں ہاکی اسٹیڈیم کھچا کھچ بھر گیا تھا، شرکاء میں بچے بوڑھے اور خواتین بھی شامل رہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک کے کئی بڑے شہروں میں عمران خان کا خطاب براہ راست دیکھنے والوں نے جلسے کیے

اسلام آباد کے ایف نائن پارک، راولپنڈی، کراچی میں ملیر، گلستان جوہر اور کشمیر روڈ سمیت مختلف مقامات پر اسکرینیں لگائی گئیں

سیالکوٹ میں بھی شہریوں نے بڑی اسکرین پر عمران خان کا خطاب دیکھا، مری اور فیصل آباد میں بھی جلسے کیے گئے، ملک کے دیگر چھوٹے شہروں میں بھی قوم نے عمران خان کا خطاب براہ راست دیکھا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close