مسلسل اضافے کے بعد ٹویوٹا نے اپنی مختلف ماڈل کی گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑی کمی کی ہے
پاک وہیل کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی کمپنی کے اعلان کردہ نئی قیمتوں کے مطابق ٹویوٹا نے اپنی مختلف ماڈل کی قیمتوں میں دو لاکھ ساٹھ ہزار فی یونٹ سے گیارہ لاکھ چالیس ہزار روپے فی یونٹس تک کمی کی ہے۔
ٹویوٹا کے ہیلکس ریو کے ماڈل کی مختلف ویریئنٹ کی قیمتوں میں ساڑھے چھ لاکھ سے لے کر آٹھ لاکھ بیس ہزار تک کی کمی کی گئی ہے
اس طرح ٹویوٹا فارچونر ماڈل کی مختلف ویریئنٹ کی قیمتوں میں نو لاکھ دس ہزار سے لے کر گیارہ لاکھ چالیس ہزار تک کی کمی کی گئی ہے
ٹویوٹا یارس ماڈل کی مختلف ویریئنٹ کی قیمتوں میں دو لاکھ ساٹھ ہزار سے لے کر تین لاکھ دس ہزار تک کمی کی گئی ہے
کمپنی نے ٹویوٹا کرولا ماڈل کی مختلف ویریئنٹ کی قیمتوں میں تین لاکھ تیس ہزار سے لے کر چار لاکھ چالیس ہزار تک کمی کی ہے
کمپنی کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 15 اگست سے ہوگا
یاد رہے کہ قبل ازیں ٹویوٹا کمپنی نے 29 جولائی کو اپنی تمام گاڑیوں کے ماڈل کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا تھا۔ آٹو دیلرز کے مطابق گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی حالیہ دنوں میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں مسلسل اضافے کے بعد کیا گیا ہے
29 جولائی کو کمپنی کے اعلامیے کے مطابق ٹویوٹا کمپنی نے کرولا ایکس 1.6 ایم ٹی کی قیمت میں نو لاکھ نوے ہزار روپے کا اضافہ کیا تھا، جس سے اس ماڈل کی گاڑی کی قیمت اڑتالیس لاکھ ننانوے ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی، جو پہلے انتالیس لاکھ نو ہزار روپے تھی
اسی طرح کرولا ایکس 1.6 اے ٹی کی قیمت دس لاکھ چالیس ہزار روپے کے اضافے سے اکیاون لاکھ انتالیس ہزار روپے، کرولا ایکس 1.6 اے ٹی ایس ای کی قیمت گیارہ لاکھ تیس ہزار روپے کے اضافے سے چھپن لاکھ انتالیس ہزار روپے اور کرولا ایک 1.8 سی وی ٹی کی قیمت گیارہ لاکھ اسی ہزار روپے اضافے سے چھپن لاکھ اناسی ہزار روپے ہوگئی تھی
آلٹس گرانڈ ایکس 1.8 سی وی ٹی کی قیمت بارہ لاکھ نوے ہزار روپے کے اضافے سے اکسٹھ لاکھ انچاس ہزار روپے اور آلٹس گرانڈ ایکس 1.8 سی وی ٹی کی قیمت میں بارہ لاکھ نوے ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت اکسٹھ لاکھ انچاس ہزار روپے ہوگئی تھی
کمپنی نے ٹویوٹا یارس کی قیمت میں سات لاکھ ساٹھ ہزار روپے سے لے کر نو لاکھ دس ہزار روپے تک کا اضافہ کیا تھا، جس سے یارس 1.3 ایم ٹی کی قیمت سینتیس لاکھ ننانوے ہزار روپے اور یارس 1.5 سی وی کی قیمت پینتالیس لاکھ انہتر ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی
ٹویوٹا فورچونر، ریو اور ہیلکس کے مختلف ماڈلز کی قیمت کیں بھی پچیس لاکھ تیس ہزار روپے سے لے کر اکتیس لاکھ ساٹھ ہزار روپے تک بھاری اضافہ ہوا تھا، جس سے فورچونر 2.7 جی کی قیمت ایک کروڑ چوبیس لاکھ نواسی ہزار روپے اور فورچونر لیجنڈر ڈیزل کی قیمت ایک کروڑ اٹھاون لاکھ انتالیس ہزار روپے تک پہنچ گئی تھی
اس سے قبل 30 جولائی کو ہنڈا نے گاڑیوں کی قیمتیں بڑھائی تھیں۔ ہنڈا نے اپنی گاڑیوں کے تمام ماڈلز پر سات لاکھ پچاسی ہزار سے ساڑھے چودہ لاکھ روپے تک قیمتیں بڑھانے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد ہنڈا سٹی ایم ٹی سات لاکھ پچاسی ہزار اضافے کے بعد چالیس لاکھ انچاس ہزار کی ہوگئی ہے، اسی طرح ہنڈا سٹی سی وی ٹی آٹھ لاکھ دس ہزار اضافے کے بعد اکتالیس لاکھ ننانوے ہزار روپے کی ہوگئی ہے۔ جبکہ سٹی سی وی ٹی 1500 سی سی ساڑھے آٹھ لاکھ اضافے کے ساتھ چوالیس لاکھ انچاس ہزار روپے میں ملے گی۔