کیسا لگے گا اگر ساٹھ روپے کی چیز آپ کو صرف چھ پیسے میں مل جائے، مگر ایسا شاذ شاذ ہی ہوتا ہے
لیکن وڈیو گیمز شائقین کو حال ہی میں ایک ایسا سنہری موقع اس وقت ملا، جب الیکٹرانکس آرٹس (ای اے) کی ایک نئی وڈیو گیم کی قیمت لگ بھگ 99 فیصد کم رکھ دی گئی۔ اس غلطی کی وجہ صرف ایک ہندسہ تھا جس نے 60 ڈالر کی ویڈیو گیم کو 6 سینٹس کا کر دیا
ای اے کمپنی کو اپنی اس غلطی کا احساس ہو گیا ہے، جس نے فیفا 23 الٹی میٹ ایڈیشن کو انڈیا ایپک گیمز اسٹور پر 4800 انڈین روپے کی بجائے صرف چار روپے 80 پیسے قیمت میں ظاہر کیا
لیکن اس سے پہلے ہی کئی گیم شائقین آن لائن آرڈر کر چکے تھے۔ ان کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان صارفین کو اسی قیمت پر گیم دے گی، جس پر انہوں نے آرڈر کیا تھا یعنی تقریباً 99 فیصد کم قیمت پر
اہم بات یہ ہے کہ یہ وڈیو گیم ای اے سپورٹس کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی فٹ بال سیریز کی آخری ویڈیو گیم ہوگی کیونکہ وہ رواں سال کے آغاز میں اعلان کر چکے ہیں کہ اب وہ فیفا برانڈ کی گیمز نہیں بنائیں گے
ای اے سپورٹس وڈیو کا کہنا ہے کہ اب سے ان کی فٹبال وڈیو گیمز ’ای اے اسپورٹس ایف سی‘ کے نام سے مارکیٹ میں آئیں گی
مئی میں ہونے والے اس اعلان کے ساتھ ہی ای اے اسپورٹس اور فیفا کے درمیان انتیس سالہ اشتراک اختتام پذیر ہوا، جس کی ایک وجہ لائسنس فیس بتائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب فیفا نے کہا ہے کہ وہ اب اپنی وڈیو گیمز جاری کریں گے
لیکن اس تازہ ترین وڈیو گیم کا چرچہ کافی وقت سے ہو رہا تھا، جس کی ایک وجہ اس میں خواتین ٹیموں کی شمولیت بتائی جاتی ہے
ایک ہندسے کی غلطی
واضح رہے کہ فیفا الٹیمیٹ ایڈیشن وڈیو گیمز عام طور پر دیگر گیمز سے زیادہ مہنگی ہوتی ہیں، کیونکہ ان میں ایکسٹرا فیچرز ہوتے ہیں جیسا کہ کھلاڑیوں کی خرید و فروخت کی جا سکتی ہے، فیفا کے ایکسٹرا پوائنٹس ملتے ہیں اور باضابطہ ریلیز سے قبل ہی وڈیو گیم تک رسائی مل جاتی ہے
بھارت میں اس نئے ایڈیشن کی اصلی قیمت 4800 روپے یا 60 امریکی ڈالر تھی، جب کہ اسی گیم کا اسٹینڈرڈ ایڈیشن 44 امریکی ڈالر کا تھا۔ لیکن اس کی آن لائن فروخت کے وقت یہ قیمت غلطی سے 60 کی بجائے 6 ڈالر لکھ دی گئی
اس غلطی کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور سوشل میڈیا پر گیم کے فینز نے دنیا بھر میں اسے پھیلا دیا کہ ایپک گیمز انڈیا اسٹور پر اسے صرف پانچ سے چھ سینٹس میں خریدا جا سکتا ہے
جلد ہی کمپنی کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا تھا، لیکن اس سے قبل ہی کئی خوش قسمت شائقین اس کا فائدہ اٹھا چکے تھے
ایک صارف نے خوشی سے بتایا کہ وہ پچیس روپے میں پانچ گیمز خرید چکے ہیں
رواں ہفتے ای اے اسپورٹس اور ایپک گیمز کی جانب سے خریداروں کو ای میل کے ذریعے آگاہ کیا گیا کہ ان کو اسی قیمت پر گیم مہیا کی جائے گی
ای اے اسپورٹس کی فیفا ٹیم نے تسلیم کیا ہے کہ ایسا ان کی اپنی غلطی کی وجہ سے ہوا
واضح رہے کہ فیفا22 اب تک کا سب سے کامیاب ایڈیشن ثابت ہوا تھا اور اس کے باضابطہ ریلیز کے کچھ ہی دیر بعد ای اے قسپورٹس نے بتایا تھا کہ دنیا بھر سے 91 لاکھ کھلاڑی اس کا حصہ بنے اور پہلے ہی ہفتے میں تقریبا 460 ملین میچ کھیلے جا چکے تھے۔