کئی گھنٹوں سے کھانے پینے کی اشیا سے محروم صوبہ سندھ کے شمالی ضلع لاڑکانہ کی ایک ماں کی جانب سے دو روٹیوں کو 8 بچوں میں تقسیم کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی، جسے دیکھ کر لوگ اشکبار ہوگئے۔
وائرل ویڈیو میں لاڑکانہ کی ماں کو بھوک سے بلکتے بچوں میں روٹی تقسیم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی ماں روٹی کے ٹکڑے کرکے انہیں تقسیم کرتی ہیں تو روٹی کو دیکھنے والے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ آ جاتی ہے۔
ویڈیو میں تمام بچوں کو روٹی کی تقسیم کے وقت ماں کے ارد گرد کھڑے ہوکر ’ ماں مجھے بھی دو‘ کو صدائیں لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے
لاڑکانہ ۔۔ دو روٹی ۔ آٹھ بچے ۔ سیلاب متاثرین کی کہانی 🥲 ماں نے روٹی کے آٹھ ٹکرے کرکے بچوں کو کھلائے۔ #FloodinPakistan #Sindhfloods pic.twitter.com/7b7hoUY2Qm
— Sanjay Sadhwani (@sanjaysadhwani2) August 26, 2022
ویڈیو سے محسوس ہوتا ہے کہ ماں کے پاس 8 سے زائد بچے ہیں جو کئی گھنٹوں سے بھوکے تھے۔
ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے صحافی سنجے سادھوانی نے لکھا کہ ماں کے پاس دو روٹیاں تھیں، جنہیں انہوں نے 8 بچوں میں تقسیم کردیا۔
ویڈیو کو دیکھنے کے بعد درجنوں لوگوں نے اسے شیئر کیا اور اس پر کمنٹس کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا اور ساتھ ہی سیلاب متاثرین کی مشکلات کی کمی کی دعائیں بھی کیں
زیادہ تر لوگوں نے خدا کے شکرانے ادا کیے کہ انہیں عزت سے روٹی مل رہی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے خوراک کی قلت سے متاثر سیلاب متاثرین کی مشکلات آسان ہونے کی دعائیں بھی کیں۔
بعض لوگوں نے ویڈیو کو دیکھنے کے بعد حکومت اور انتظامیہ سمیت امیروں اور جاگیرداروں پر بھی تنقید کی اور لکھا کہ ان کے پاس بھوکے بچوں کو دینے کے لیے کچھ بھی نہیں؟
خیال رہے کہ ملک بھر میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب سے جہاں اب تک سوا کروڑ سے زائد لوگ متاثر ہوچکے ہیں، وہیں لاکھوں افراد کئی گھنٹوں سے خوراک سے بھی محروم ہیں۔
ہزاروں دیہات پانی میں ڈوب چکے ہیں، لوگوں کے گھر اور فصلیں تباہ ہو چکی ہیں اور کئی شہروں اور سیکڑوں دیہات کا دوسرے علاقوں سے زمینی رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے
سیلاب متاثرہ علاقوں میں لوگ کھلے آسمان تلے سیلابی پانی کے اوپر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جن کے پاس خوراک کے علاوہ ضروری ادویات کی بھی سخت قلت ہے جب کہ ان کے پاس بسترے اور کپڑوں کی بھی کمی ہے