بھارتی ریاست مدھیاپردیش (ایم پی) کی پولیس نے بڑی محنت کے بعد کنڑ زبان کی معروف فلم سیریز ’کے جی ایف‘ کو دیکھ کر سیریل کلر بننے والے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے
بھارتی نشریاتی ادارے ’نئی دہلی ٹیلی وژن‘ (این ڈی ٹی وی) کے مطابق انیس سالہ ملزم شیو پرساد کو مدھیاپردیش پولیس نے دارالحکومت بھوپال سے اس وقت گرفتار کیا جب اس نے ایک ہی طریقہ واردات سے چوتھے سیکیورٹی گارڈ کو قتل کیا
رپورٹ کے مطابق ملزم نے بھوپال سے قبل مدھیاپردیش کے دوسرے شہر ساگر میں تین سیکیورٹی گارڈز کو مختلف اوقات میں ایک ہی طریقے سے قتل کرکے ریاست بھر میں خوف پھیلا دیا تھا
ملزم نے پہلا قتل چند ہفتے قبل ساگر شہر میں ہی کیا تھا اور اس نے ایک چوکیدار کو رات کو سوتے وقت ہتھوڑوں، پتھروں اور ڈنڈے سے چہرے اور سر پر حملہ کر کے قتل کر دیا تھا
ملزم نے ایسے ہی مسلسل وقفے وقفے سے ساگر شہر میں مزید دو سیکیورٹی گارڈز کو بھی قتل کیا، جس کے بعد وہ دارالحکومت بھوپال منتقل ہو گیا
ملزم نے بھوپال میں اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں اور انہوں نے اسی طریقے کے تحت وہاں بھی ایک سیکیورٹی گارڈ پر رات کو سوتے وقت پتھروں اور ہتھوڑوں سے حملہ کر کے قتل کر دیا
بھوپال میں قتل کے چند دن بعد ساگر شہر کی پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا
پولیس کے مطابق ملزم نے تیسرے قتل کیے گئے سیکیورٹی گارڈ کا موبائل فون چوری کیا تھا اور اسی فون کے ڈیٹا کی مدد سے ہی ملزم کو گرفتار کیا گیا
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر لگتا ہے کہ ملزم معروف کنڑ فلم سیریز ’کے جی ایف‘ میں کیے جانے والے قتل کے طریقوں سے متاثر ہوکر شہرت حاصل کرنے کے لیے سیریل کلر بنا اور اس نے صرف رات کو سوتے ہوئے سیکیورٹی گارڈز اور چوکیداروں کو ہی قتل کیا
خیال رہے کہ کے جی ایف فلم سیریز کی پہلی فلم چیپٹر ون 2018ع جب کہ چیپٹر ٹو رواں برس ریلیز کی گئی تھی
یہ فلم ابتدائی طور پر کنڑ زبان کی ہے مگر اسے ہندی سمیت دیگر زبانوں میں بھی ڈب کرکے پیش کیا گیا اور یہ فلم بھارت کی سب سے زیادہ کمانے والی فلموں میں سے ایک ہے۔