سیلاب کی وجہ سے میڈیکل انٹری ٹیسٹ غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی

ویب ڈیسک

وفاقی وزیر برائے قومی صحت (این ایچ ایس) عبدالقادر پٹیل نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے داخلہ امتحان غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں اور صوبوں سے مشاورت کے بعد انٹری ٹیسٹ کا انعقاد کیا جائے گا

وفاقی وزیر برائے قومی صحت نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے تقریباً تیرہ سو افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہوئے

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالج میں داخلے کے لیے ضروری ہیں، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ سیلاب کے باعث کیا گیا ہے

ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس امتحانات میں پاس ہونے کا تناسب 65 اور 55 فیصد سے کم کر کے 55 اور 45 فیصد کر دیا گیا ہے، گریجوئیٹس کے لیے نیشنل لائسنسنگ امتحان (این ایل ای) کی ضرورت نہیں ہو گی

یاد رہے کہ پاکستان میڈیکل کمیشن (پی ایم سی) نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ کسی بھی گریجوئیٹ کو این ایل ای کا امتحان پاس کیے بغیر پریکٹس شروع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، اس فیصلے کے بعد کئی طلبہ و طالبات نے پی ایم سی کے دفتر کے باہر احتجاج بھی کیا تھا

وفاقی وزیر عبدالقادر پٹیل نے تسلیم کیا کہ ہر صوبے کا الگ نصاب ہے، لیکن ایم ڈی کیٹ وفاقی سطح پر کیا جاتا ہے

انہوں نے کہا کہ دو ہفتوں کے لیے پورٹل پی ایم سی کی ویب سائٹ پر فراہم کیا جائے گا، جس کے تحت طلبہ کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار دیا جائے گا کہ وہ کس صوبے سے ایم ڈی کیٹ کا امتحان دینا چاہتے ہیں البتہ انہوں نے انتظامات کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں، ان کا کہنا تھا کہ طریقہ کار طے کر کے چند دنوں میں اعلان کردیا جائے گا

تقریباً دو لاکھ امیدواروں سے ایم ڈی کیٹ کا امتحان دینے کے لیے درخواست موصول ہوئی ہیں، کچھ امیدواروں نے اس اعلان پر پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ ہم نے امتحان کے لیے فیس جمع کروادی ہے لیکن ضرورت پڑنے پر یہ فیس دوسرے صوبے میں کیسے منتقل کی جائے گی؟

عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ نو رکنی پی ایم سی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین کا انتخاب کیا گیا ہے

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اتھارٹی میں بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے پی ایم سی کے سات اراکین کے نام خارج کردیے تھے

ان کا کہنا تھا کہ پی ایم سی اراکین کی جانب سے سو درخواستیں موصول ہوئیں، جس میں پی ایم سی کے اراکین کے لیے سرچ کمیٹی قائم کی گئی تھی، ان کا کہنا تھا کہ قابل امیدواروں کے نام وزیر اعظم کو بھیج دیے گئے تھے جن میں سے سات اراکین کو نامزد کیا گیا ہے

پی ایم کے نامزد اراکین میں جواد امین خان، چوہدری سلطان منصور، ایم شہیر کسبتی، پروفیسر ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ، پروفیسر ڈاکٹر نقیب اللہ اچکزئی، ڈاکٹر ایم زبیر خان اور ڈاکٹر خورشید احمد نسیم شامل ہیں، ان ممبران میں سے ڈاکٹر نوشاد احمد شیخ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں

واضح رہے کہ پی ایم سی کے کل نو ارکان ہیں، جن میں سے سات ارکان وزیر اعظم نامزد کرتے ہیں، اور دو اراکین مسلح افواج کے جنرل سرجن اور وزارت صحت کے سیکریٹری جنرل اور سابقہ ​​رکن ہوتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close