موبائل فون بنانے والی ملٹی نیشنل کمپنی ’موٹرولا‘ نے تمام کمپنیز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دنیا کا پہلا 200 میگا پکسل کیمرا کا حامل فون متعارف کرا دیا ہے
صرف یہی نہیں بلکہ موٹرولا نے نئے فون میں جہاں مین کیمرا 200 میگا پکسل کا دیا ہے، وہیں اس نے فون میں سیلفی کیمرا بھی 60 میگا پکسل کا دے کر باقی کمپنیوں کو پیچھے چھوڑ دیا
کمپنی نے ’موٹرولا ایج 30 الٹرا‘ کو پیش کرتے ہوئے اس میں کیمرا کی ٹیکنالوجی کو بھی اپگریڈ کردیا اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ اس کے کیمرے اعلیٰ کوالٹی کے ویڈیو کیمرا سے بھی بہتر نتائج دینے کے اہل ہیں
فون کے بیک سائڈ پر تین کیمرے دیے گئے ہیں، جس میں سے مین کیمرا 200 میگا پکسل کا ہے جب کہ دوسرا 50 اور تیسرا 12 میگا پکسل کا ہے
اسی طرح فون کے فرنٹ پر 60 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور یہ پہلا فون ہے، جس میں اتنے زیادہ میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے
فون کو 47۔6 انچ اسکرین کے ساتھ اینڈرائڈ 12 کے آپریٹنگ سسٹم میں پیش کیا گیا ہے جب کہ اس میں اسنیپ ڈریگن 8 پلس جنریشن ون کی چپ دی گئی ہے
فون کو 12 جی بی ریم اور 128 جی بی سمیت 512 جی بی میموری کے مختلف ماڈیولز میں پیش کیا گیا ہے
فون کو تین مختلف رنگوں میں متعارف کرایا گیا ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے یہ اس بار فون کے ڈیزائن کو بھی بہتر اور ڈسپلے کو بھی اپگریڈ کردیا گیا ہے
سب سے زیادہ میگا پکسل کیمروں کے حامل موبائل میں 4600 ایم اے ایچ کی بیٹری جب کہ 125 واٹ کا فاسٹ چارجر دیا گیا ہے
فون کو ابتدائی طور پر صرف یورپ اور امریکا میں فروخت کے لیے پیش کیا گیاہے، تاہم جلد ہی اسے ایشیا میں بھی فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا
یورپ میں اس کی قیمت 900 یورو تک رکھی گئی ہے، یعنی اس وقت موبائل کی قیمت پاکستانی 2 لاکھ روپے سے زائد ہے۔