’پانچ منٹ میں بیٹری فُل‘ نئی ٹیکنالوجی سے لیس موبائل فونز کب لانچ ہونگے؟

ویب ڈیسک

موبائل بنانے والی چینی کمپنی شیاؤمی کے ذیلی ادارے ریڈمی نے موبائل فون کی بیٹری کی تیز ترین چارجنگ کا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ کمپنی نے ایک ایسی فاسٹ چارجنگ ٹیکنالوجی تیار کی ہے، جو پانچ منٹ سے بھی کم وقت میں موبائل کی مکمل خالی بیٹری کو سو فی صد تک چارج کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے

موقر جریدے سیدتی کی رپورٹ میں چینی سوشل نیٹ ورک ویبو پر پوسٹ کی گئی ایک وڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ اس میں ریڈمی نے اپنے آنے والے نوٹ 12 ڈسکوری کے ترمیم شدہ ایڈیشن کو چارج ہوتے ہوئے دکھایا ہے، جس کی بیٹری 4300 ملی ایمپیئر کے بجائے 1400 ایم اے ایچ ہے

وڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ صرف دو منٹ اور گیارہ سکینڈ میں ہی چارجر بیٹری کو پچاس فی صد تک بھرنے میں کامیاب رہا، جبکہ اگلے تقریباً دو منٹ میں پوری بیٹری بھر گئی، جو کہ ایک ریکارڈ چارجنگ اسپیڈ ہے اور دنیا میں بیٹری چارجنگ کے لیے سامنے آنے والی تیز ترین رفتار ہے

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریڈمی نے اس ٹیکنالوجی کی بدولت اپنی ہی کمپنی کے نوٹ 12 ڈسکوری اور نوٹ 12 ڈسکوری ایڈیشن کے اصل ورژنز کو شکست دی ہے، کیونکہ وہ 240 واٹ کی طاقت کے ساتھ نو منٹ میں پوری بیٹری بھرنے کا ریکارڈ رکھتے تھے

اس ٹیکنالوجی نے دوسری چینی کمپنیوں کو بھی بیٹری چارجنگ کی رفتار کے حوالے سے شکست دی ہے، جن میں ریئلمے جی ٹی تھری بھی شامل ہے، جس کی جانب سے اسی روز اعلان کیا گیا تھا کہ اس نے ایسی ٹیکنالوجی بنائی ہے، جس کی بدولت موبائل دس منٹ سے بھی کم وقت میں پورا چارج ہوگا

توقع کی جا رہی ہے کہ نئی ٹیکنالوجی ریڈمی کے آنے والے موبائل فونز میں دیکھنے کو ملے گی، جو سال کے دوسرے نصف حصے میں لانچ ہوں گے

تیز چارجنگ ٹیکنالوجی دراصل چارجر سے موبائل تک جانے والے توانائی کو بڑھاتی ہے۔ عام اور روایتی چارجرز کم آؤٹ پٹ وولٹیج اور کرنٹ فراہم کرتے ہیں، جس کی وجہ سے بیٹری کو مکمل چارج ہونے میں کئی گھنٹے لگتے ہیں

دوسری جانب تیز رفتار چارجنگ ٹیکنالوجی زیادہ وولٹیج اور کرنٹ آؤٹ پٹ فراہم کرتی ہے، جس سے بیٹری تیزی سے چارج ہوتی ہے

اس ٹیکنالوجی کی اہم بات یہ بھی ہے کہ یہ ضرورت کے مطابق چارجر کے وولٹیج اور آؤٹ پٹ کو باہم ایڈجسٹ کر کے کام کرتی ہے اور اس میں بیٹری کے گرم ہونے یا کوئی اور نقصان ہونے کا امکان بھی نہیں ہوتا

مزید برآں اس میں اوور وولٹیج اور کرنٹ پروٹیکشن اور ٹمپریچر کو کنٹرول کرنے جیسے فیچرز بھی شامل ہیں

واضح رہے کہ مختلف قسم کے فونز میں مختلف قسم کی چارجنگ ٹیکنالوجی استعمال ہوتی ہے، جس میں کوالکم کویئک، ون پلس وارپ چارج، ہواوے سپر چارج اور دیگر شامل ہیں، تاہم یہ سب ایک ہی اصول پر کام کرتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close