فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جاپان کی موسمیاتی ایجنسی (جے ایم اے) نے جنوبی کیوشو پریفیکچر میں کاگوشیما کے علاقے کے لیے ’خصوصی وارننگ‘ جاری کی ہے
ٹائیفون ننماڈول جاپان کی تاریخ کے سب سے بڑے سمندری بگولوں میں سے ایک کیوشو نامی جنوبی جزیرے سے ٹکرا گیا ہے۔
اس بگولے کی وجہ سے یہاں کم از کم 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ کچھ علاقوں میں آج دن اور رات میں 500 ملی میٹر (20 انچ) تک بارش متوقع ہے۔
حکام نے کم از کم 40 لاکھ افراد سے اپنے گھر خالی کر دینے کے لیے کہا ہے۔
اس دوران زبردست سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کی توقع ہے جبکہ بلٹ ٹرینیں، فیری سروس اور سینکڑوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں
ننماڈول نامی یہ ٹائیفون کیوشو کے جنوب میں واقع شہر کاگوشیما سے آج صبح ٹکرایا ہے۔
کیوشو جاپان کا مرکزی حصہ تشکیل دینے والے چار جزیروں میں سے سب سے جنوب میں واقع ہے اور یہاں کی آبادی ایک کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ ہے۔
حکام نے اس جزیرے کے لیے ‘خصوصی الرٹ’ جاری کر دیا ہے جو جاپان ٹائمز کے مطابق بحیرہ مشرقی چین میں موجود دور دراز جاپانی جزیروں پر مشتمل علاقے اوکیناوا پرفیکچر سے باہر پہلی مرتبہ جاری کیا گیا ہے۔
جاپان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ننماڈول کے باعث طوفانی برساتیں ہوں گی، ساحلوں کے ساتھ تیز لہریں اٹھیں گی جبکہ اتنی تیز ہوائیں چلیں گی کہ گھر گرنے کا خدشہ ہے۔
یہ ٹائیفون اب کیوشو کو پار کرتے ہوئے شمال کی جانب بڑھ رہا ہے اور جزیرے کے پہاڑوں پر مشتمل مرکزی حصے پر زبردست بارشیں برسا رہا ہے۔
توقع ہے کہ یہ مرکزی جاپان سے گزرتے ہوئے آنے والے چند دنوں میں ٹوکیو پر سے گزرے گا اور اپنی شدت اور قوت بھی برقرار رکھے گا
مقامی ٹرانسپورٹ کے حکام نے بتایا کہ اتوار کی صبح تک کاگوشیما اور میازاکی میں 25 ہزار 680 خاندان پہلے ہی بجلی سے محروم تھے جبکہ طوفان کے گزرنے تک علاقائی ٹرین سروس، پروازیں اور بحری جہازوں کا سفر منسوخ کر دیا گیا ہے
جاپان کی موسمیاتی ایجنسی جے ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ خطے کو تیز ہواؤں، طوفانی لہروں اور طوفانی بارشوں سے بے مثال خطرے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے
جے ایم اے کے پیش گوئی یونٹ کی سربراہ ریوتا کورورا نے کہا کہ ’زیادہ سے زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، یہ بہت خطرناک طوفان ہے۔‘
انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہوا اتنی تیز ہوگی کہ کچھ مکانات گر سکتے ہیں جبکہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے
حکومت کی فائر اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق اب تک کیوشو کے انتیس لاکھ شہریوں کو انخلا کی وارننگ جاری کی گئی ہے
کاگوشیما کے حکام نے بتایا کہ اتوار کی صبح تک ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد افراد پہلے ہی مقامی پناہ گاہوں میں موجود ہیں
ریوتا کورورا نے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ بدترین طوفان آنے سے پہلے نکل جائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مضبوط عمارتوں میں بھی رہائشیوں کو احتیاط برتنے کی ضرورت ہوگی
رات گئے پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ’براہ مہربانی مضبوط عمارتوں میں چلے جائیں اس سے پہلے کہ شدید ہوائیں چلنے لگیں اور مضبوط عمارتوں کے اندر بھی کھڑکیوں سے دور رہیں۔‘