آج کل پولینڈ کے دارالحکومت میں 150 فٹ گہرے سوئمنگ پول کے چرچے ہیں، جو زیر زمین مصنوعی غاروں اور مایا تہذیب کے شکستہ کھنڈرات پر مشتمل ہے
تفصیلات کے مطابق پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں ’ڈیپ اسپاٹ‘ نامی ایک سوئمنگ پول ہے، جس میں آٹھ ہزار مکعب پانی ہے جو کہ ایک عام پول کے مقابلے میں بیس گنا زیادہ ہے
اس 150 فٹ گہرے سوئمنگ پول میں پانچ میٹر کی گہرائی تک زیر زمین ہوٹل بھی ہے، جس کے کمرے سے غوطہ خوروں کو اس دلچسپ و عجیب سوئمنگ میں تیراکی کرتے دیکھا جا سکتا ہے
سوئمنگ پول میں تیرنے والے تیراک اگر مزید گہرائی میں جاتے ہیں، تو انہیں مصنوعی غار اور مایا تہذیب کے شکستہ آثار ملتے ہیں جو دیکھنے میں دلکش ہیں۔ کسی بھی مہم جو کے لیے یہ ایک ایسا مقام ہے، جسے وہ دیکھنے کی خواہش کر سکتا ہے ۔ اہم بات یہ ہے کہ یہاں ماہر غوطہ خور عوام کو تیراکی کی تربیت دینے کے لیے بھی موجود ہیں
کورونا وائرس وبا کے باوجود سوئمنگ پول کا افتتاح کر دیا گیا ہے، سوئمنگ پول کے افتتاح کے موقع پر غوطہ خور پرزیمسلا کاک پرزاک نے کہا کہ یہاں کوئی مچھلی یا مرجان کی چٹانیں نہیں ہیں لہذا یہ سمندر کا متبادل تو نہیں ہوسکتا البتہ پانی میں بحفاظت غوطہ لگانے کی تربیت کے لیے بہترین مقام ہے اور یہ دلچسپ بھی ہے.