لاپتا افراد کی لاشیں ملنے کا معاملہ، پاکستان میں یہ مسئلہ حل کیوں نہیں ہو رہا؟

ویب ڈیسک

16 جنوری 2016ع کو کراچی کی پیر الٰہی بخش کالونی کے رہائشی چوالیس سالہ شہری عرفان بصارت صدیقی کو ان کے گھر سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی وردی میں ملبوس اہلکار اپنے ساتھ لے گئے

عرفان بصارت صدیقی کی بہن کا دعویٰ ہے کہ یہ سندھ رینجرز کے اہلکار تھے، جن کی سرکاری گاڑیوں پر کوئی نمبر پلیٹ نہیں تھی۔ یہ اہلکار گھر کا دروزاہ توڑ کر داخل ہوئے اور عرفان بصارت کی والدہ کے سامنے انہیں ساتھ لے گئے تھے۔ اہلِ خانہ کے بقول انہیں مجبور کیا گیا کہ وہ کسی قانون نافذ کرنے والے ادارے کا نام نہ لیں اور یہ بھی کہا گیا کہ عرفان کو جلد رہا کر دیا جائے گا

لیکن اہلِ خانہ کے بقول وہ اس دوران اغوا کی ایف آئی آر درج کرانے تھانے پہنچے مگر پولیس نے ایف آئی آر کٹوانے میں لیت و لعل سے کام لیا۔ اہلِ خانہ کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ موقع پر موجود ایس ایچ او نےخبردار کیا کہ اگر آپ ایف آئی آر کٹواتے ہیں تو آپ کے دیگر بھائی بھی ہیں

اس دوران اہلِ خانہ نے سندھ ہائی کورٹ میں عرفان بصارت صدیقی کے لاپتا ہونے پر پٹیشن دائر کی اور رینجرز اہلکاروں کے خلاف اغوا کی ایف آئی آر درج کرانے کا بھی اصرار کیا جاتا رہا۔ نتیجہ یہ نکلا کہ عرفان بصارت کے بڑے بھائی عمران بصارت کو بھی ایسے ہی حالات میں اٹھالیا گیا، جنہیں تین ماہ بعد رہائی ملی

عرفان بصارت صدیقی، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے حیدرآباد سے رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین کے برادر نسبتی تھے۔ جب کہ عرفان صدیقی اور ان کا خاندان، خاص طور پر ان کی والدہ ماضی میں ایم کیو ایم کی خواتین ونگ کی انتہائی فعال کارکن رہی ہیں

رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین کا کہنا تھا کہ اپنے برادر نسبتی کی رہائی کے لیے انہوں نے تقریباً ہر دروازہ کھٹکھٹایا، حتیٰ کہ سابق وزیرِ دفاع پرویز خٹک سے بھی ملاقات کی

انہوں نے بتایا کہ ہر جگہ انہوں نے یہی کہا کہ عرفان بصارت نے اگر کوئی جرم کیا ہے تو انہیں کڑی سے کڑی سزا دے دی جائے تو بھی انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ لیکن اس کے لیے قانونی طریقۂ کار اور ان پر الزامات کے ثبوت عدالت کو دکھا دیے جائیں۔ لیکن ان کی کوئی شنوائی نہیں ہوئی اور آخر کار رواں ماہ کی 14 تاریخ کو عرفان بصارت کی لاش ضلع سانگھڑ کے علاقے شاہپور چاکر سے ملی

متحدہ قومی موومنٹ کے دیگر دو لاپتا کارکنوں کی تشدد زدہ لاشیں بھی صوبے کے مختلف علاقوں سے ملیں۔ شیخ صلاح الدین کے مطابق عرفان بصارت کی لاش ایک سے زیادہ دن پرانی تھی۔ لاش کو وصول کرنے سے قبل ہی پوسٹ مارٹم بھی کردیا گیا جب کہ ان کی لاش اس قدر خراب حالت میں تھی کہ اسے زیادہ دیر تک نہیں رکھا جاسکتا تھا اس لیے جلد تدفین کردی گئی

حکومتی وعدے اور بے بسی

ادھر تین لاپتا افراد کی لاشیں ملنے کے معاملے پر وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر معاملے کی آزادانہ تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ داخلہ نے واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف ’سخت کارروائی کی یقین دہانی‘ بھی کرائی اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لاکر ان کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بھی اعلان کیا ہے

چند روز قبل وزیرِ داخلہ اور جبری گمشدگی اور لاپتا افراد کے حوالے سے وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے بعض اراکین کراچی بھی پہنچے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے مبینہ لاپتا ارکان کے اہلِ خانہ سے بھی ملاقات کی اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ”کسی کو لاپتا کرنے والے آئین اور قانون کے دشمن ہیں“

جبری طور پر گمشدہ افراد کے کیسز کی سب سے بڑی تعداد بلوچستان میں

کئی بلوچ اور سندھ قوم پرست گروپس کے علاوہ خیبر پختونخوا اور پنجاب سے بھی بڑی تعداد میں شہریوں کو جبری طور پر گمشدہ کرنے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں

اگرچہ اس مقصد کے لیے حکومتی سطح پر جبری طور پر لاپتا افراد کے لیے کمیشن آف انکوائری کام تو کر رہا ہے، جس کے پاس آٹھ ہزار سے زائد کیسز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، لیکن اس کی کارکردگی پر انسانی حقوق کی تنظیمیں کڑی تنقید کرتی رہی ہیں اور یہ کہا جاتا رہا ہے کہ کمیشن اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بُری طرح ناکام رہا ہے

انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی 2021 کی سالانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک سال میں ایسے واقعات سب سے زیادہ کیسز بلوچستان (1108) سے رپورٹ ہوئے، جبکہ خیبرپختونخوا میں اس نوعیت کے سب سے زیادہ (1417) زیر التوا مقدمات ہیں۔ سندھ میں اس نوعیت کے 170 کیسز زیر التوا ہیں۔ اس دوران صوبے میں 40 گمشدہ افراد اپنے گھروں کو لوٹے مگر چار لاپتا افراد کی لاشوں ملیں

وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے جبری گمشدگی کیا کررہی ہے؟

اگرچہ ریاستی ادارے ملک میں کسی قسم کی جبری گمشدگی کے واقعات میں کسی کردار کی سختی سے ہمیشہ نفی کرتے آئے ہیں لیکن وزارتِ دفاع عدالتوں میں ایسے حراستی مراکز کا اقرار کرتی ہے، جہاں سے بعض لاپتا افراد کا سراغ بھی ملا ہے

مئی 2022 میں وفاقی حکومت نے کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دی جس کا مقصد جبری گمشدگی کے واقعات کے تدارک کے لیے پالیسی سفارشات پیش کرنا تھا۔ اس کمیٹی کی سربراہی وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کررہے ہیں

کمیٹی میں وفاقی وزیرِ داخلہ سمیت دیگر اتحادی جماعتوں کے وزرا بھی شامل ہیں۔ کمیٹی کے کئی اجلاسوں میں انسانی حقوق کے کارکنوں، صحافیوں اور وکلا نے اپنی سفارشات پیش کی ہیں، لیکن ماضی کی طرح تاحال اس تمام پیش رفت کے نتائج بھی نہیں نکلے

اس حوالے سے پاکستان بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین اور معروف قانونی ماہر عابد ساقی کہتے ہیں کہ انہوں نے کمیٹی کو اپنی پیش کردہ تجاویز میں کہا ہے کہ جب تک اس ضمن میں قانون کو مضبوط نہیں کیا جاتا اور ذمے داروں کو اپنے جرم کا احساس نہیں دلایا جاتا، ایسے واقعات کو روکنا مشکل ہوگا

عابد ساقی نے مزید کہا کہ اس حوالے سے تحریکِ انصاف کی حکومت کے دور میں جبری گمشدگی کا جرم قرار دینے کا بل قومی اسمبلی سے منظور ہوا، لیکن سینیٹ سے یہ تاحال منظور نہیں ہو سکا

واضح رہے کہ حال ہی میں صحافی مدثر نارو کی مبینہ جبری گمشدگی سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر ِاعظم شہباز شریف کو بھی طلب کیا تھا۔ عدالت نے جبری گمشدیوں کو بڑا جرم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس بارے میں حکومت کی جانب سے کوئی ٹھوس ردَعمل نہیں آرہا

جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ ریاست کی جو ذمہ داریاں ہیں وہ پوری ہونی چاہیئں لوگ بازیاب تو ہوئے لیکن انہیں اغوا/لاپتا کرنے والوں کے خلاف کبھی کوئی ایکشن نہیں ہوا۔ یہ عدالت آئین کو دیکھے گی اس کے لیے اس سے بڑا ایشو کوئی بھی نہیں۔ وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ وہ اس مسئلے کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے۔ یاد رہے کچھ عرصہ قبل انہوں نے دورہ بلوچستان کے موقع پر کہا تھا کہ وہ ’اس حوالے سے بات کریں گے‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close