آسٹریلیا میں کھیلے جا رہے ٹی-20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ نے دو مرتبہ کی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو شکست دے کر ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر کر دیا اور سپر-12 راؤنڈ کے لیے کرالیفائی کر لیا
ہوبارٹ میں کھیلے جا رہے ٹی-20 ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے آئرلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا
ویسٹ انڈیز کی ٹیم ابتدا سے ہی کھل کر بیٹنگ کرنے میں ناکام رہی اور برینڈن کنگ کے سوا کوئی بھی ویسٹ انڈین بیٹر آئرش باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کا سامنا نہ کر سکا
برینڈن کنگ نے 48 گیندوں پر چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 62 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ جانسن چارلس نے 24 اور اوڈین اسمتھ نے 19 رنز بنائے
آئرلینڈ کے گیرتھ ڈیلینی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے چار اوورز کے کوٹے میں 16 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں
ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کے اوپنرز نے جارحانہ انداز سے اننگز کا آغاز کیا اور 10 رنز فی اوور کی اوسط سے رنز بناتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 73 رنز جوڑ کر میچ پر اپنے پنجے گاڑ دیے
ویسٹ انڈیز کو پہلی اور واحد کامیابی آٹھویں اوور میں ملی جب کپتان اینڈ بلبرائن 3 چھکوں اور دو چوکوں سے مزین 37 رنز بنانے کے بعد عقیل حسین کی وکٹ بن گئے
اس کے بعد تجربہ کار پال اسٹرلنگ کا ساتھ دینے لورکان ٹکر آئے اور دونوں نے مزید کسی نقصان کے بغیر ٹیم کو اٹھارہویں اوور میں ہدف تک رسائی دلا کر نہ صرف اپنی ٹیم کو شاندار فتح دلائی بلکہ دو مرتبہ کی ٹی-20 چیمپئن ویسٹ انڈیز کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا
اسٹرلنگ اور ٹکر نے 77 رنز کی ساجھے داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو 9 وکٹوں سے فتح دلا دی،۔ اسٹرلنگ نے 66 جبکہ ٹکر نے 45 رنز کی اننگز کھیلی
اس شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہے، جبکہ آئرلینڈ کی ٹیم نے سپر-12 مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا
16 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے پر گیرتھ ڈیلینی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔