لانگ مارچ کا چوتھا دن: ”چھ ماہ سے ملک میں انقلاب کا مشاہدہ کر رہا ہوں، سوال یہ ہے کہ یہ ’بیلٹ‘ سے آئے گا یا ’بُلٹ‘ سے؟“ عمران خان

ویب ڈیسک

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وسطی پنجاب کے شہر کامونکی پہنچے، جہاں سے آج چوتھے روز لانگ مارچ کا آغاز کردیا گیا

تحریک انصاف کے رہنماؤں کے مطابق مارچ کی اگلی منزل ایمن موڑ اور گوجرانوالہ ہیں

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ جی ٹی روڈ پر ہمارے مارچ کے ساتھ لوگوں کا سمندر موجود ہے اور میں گزشتہ چھ ماہ سے ملک پر انقلاب برپا ہوتے دیکھ رہا ہوں

تاہم انہوں نے کہا کہ سوال صرف یہ ہے کہ کیا یہ انقلاب بیلٹ باکس کے ذریعے آسان راستے سے آئے گا یا خونریزی کی وجہ سے برپا ہوگا؟

کامونکی میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کبھی بھی ملکی اسٹیبلشمنٹ عوام کے خلاف کھڑی نہیں ہوتی کیونکہ عوام اور فوج مل کر ملک کو مضبوط کرتے ہیں، آپ ان چوروں کے ساتھ نہ کھڑے ہوں، جو ان کے ساتھ ملے گا، وہ انہی کے ساتھ رنگا جائے گا

انہوں نے کہا کہ اللہ نے تمہیں نیوٹرل ہونے کی اجازت نہیں دی، چوروں کے ساتھ کھڑے ہو کر ذلیل ہو یا حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہو، خدا کے واسطے پاکستانی قوم کو گائے بھینس نہ سمجھو، ہم بھیڑ بکریاں نہیں ہیں

انہوں نے کامونکی میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک دن میں زیادہ سے زیادہ 12 کلومیٹر کا سفر طے کر سکتے ہیں، لوگوں کی محبت اتنی ہے، اتنا جنونی استقبال ہے کہ ہم ایک دن میں 10 سے 12 کلومیٹر سے زیادہ آگے نہیں جا سکتے

عمران خان نے کہا کہ یہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے سہولت کار ٹی وی کوریج بند کر رہے ہیں، لوگوں اور پاکستان کے عوام کو اسلام آباد کی طرف بڑھتے دیکھنے سے روک رہے ہیں لیکن کوئی فکر کی بات نہیں ہے، ہم سوشل میڈیا کی وجہ سے ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ لوگوں کو اپنے موبائل فون پر نظر آ رہا ہے کہ یہ انقلاب کتنی تیزی سے اسلام آباد کی طرف آ رہا ہے

عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ تمہارے سے بڑا دو نمبر آدمی کبھی الیکشن کمیشن میں نہیں بیٹھا، یہ شریف خاندان کے گھر کا نوکر ہے اور دوسرا اس کو پیچھے سے بھی ہدایات آ رہی ہیں، مجھے معلوم ہے کہ اس کو پیچھے سے کون اکسا رہا ہے کیونکہ اس گیدڑ میں تو دم ہی نہیں تھا یہ کرنے کا

انہوں نے کہا کہ میں اس پر 10ارب روپے ہرجانہ کرنے لگا ہوں، اس نے ان چوروں کو خوش کرنے کے لیے جو فارن فنڈنگ کیس اور توشہ خانہ میں میرا نام لیا، تو میں اس پر 10ارب کا ہرجانہ کررہا ہوں، میں یہ اس لیے کررہا ہوں کیونکہ اس نے میری دیانت داری پر سوال اٹھایا، میں یہ چیلنج کرتا ہوں کہ جب بھی عدالت میں کیس لگے گا تو اگر ایک بھی غیرقانونی چیز میں نے کی ہوئی تو میں عدالت کے فیصلے کا انتظار نہیں کروں گا، خود چھوڑ دوں گا

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ سکندر سلطان میں جب تک عدالت میں کھڑا کرکے تم سے پیسے نکلواؤں گا اور وہ پیسے شوکت خانم کو دوں گا تاکہ تم آگے کسی کے کہنے پر لوگوں کی ساکھ اس طرح نہ برباد کرو

قبل ازیں وزیر اعلیٰ و حکومت پنجاب کی ترجمان مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کا دوسرا مرحلہ آج شروع ہو رہا ہے، ‏آج سندھ سے آنے والا قافلہ کراچی سے براستہ حیدر آباد، سکھر، ملتان سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوگا، عمران خان جی ٹی روڈ پر موجود شہروں اور قصبوں کی عوام کو موبلائز کریں گے

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج گوجرانوالہ، کل وزیر آباد، بدھ کو گجرات پہنچیں گے، جمعرات کو جہلم اور کھاریاں، جمعہ کو گوجر خان سے اسلام آباد جائیں گے، اگلے مرحلے میں ‏بدھ کو گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے دور دراز اضلاع سے قافلے اپنا سفر شروع کریں گے، بدھ یا جمعرات کو جنوبی پنجاب کے قافلے سندھ کے قافلوں کے ہمراہ اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے

ان کا کہنا تھا کہ ‏جمعرات کو آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے قافلے روانہ ہوں گے، آخری مرحلے میں پورے پاکستان سے قافلے جمعہ کے دن اسلام آباد کی جانب چلیں گے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر علی زیدی نے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں شرکت کے لیے ہم کل صبح ساڑھے گیارہ بجے کراچی سے نکل رہے ہیں، ٹول پلازہ سے پہلے ہمارا بڑا قافلہ جمع ہوگا۔ہم ساڑھے 12 بجے میڈیا سے بات کریں گے، اس کے بعد وہاں سے نکلیں گے

علی زیدی نے بتایا کہ راستے میں بہت سارے استقبالیہ کیمپس ہیں، ہم کل رات کو سکھر پہنچیں گے، جکیب آباد، لاڑکانہ، شکار پور، کشمور اور قمر شہداد کوٹ سے لوگ سکھر میں انصاف ہاؤس پر جمع ہوں گے، منگل کی صبح سکھر سے روانہ ہوں گے

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان گزشتہ روز لانگ مارچ کے دوران کنٹینر کے نیچے آکر جاں بحق ہونے والی خاتون صحافی صدف نعیم کے گھر بھی گئے اور اہل خانہ سے تعزیت کی

گزشتہ روز لانگ مارچ کی کوریج کے دوران خاتون صحافی صدف نعیم ایک حادثے میں جاں بحق ہو گئی تھیں، جس کے بعد عمران خان نے لانگ مارچ کو وہیں روک دیا تھا

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ خاتون صحافی صدف نعیم کی حادثاتی موت پر کرپٹ ٹولہ سیاست کر رہا ہے

ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کیا نواز شریف کے جی ٹی روڈ پر مارچ کے دوران 9 سالہ بچے رحمت کو کچلا جانا یاد ہے؟ انہوں نے اپنی گاڑی تک نہیں روکی تھی

دوسری جانب سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کی سینئر رہنما شیریں مزاری نے پارٹی کے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے حکومت کی جانب سے کھڑی گئی رکاوٹوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثناءاللہ اور امپورٹڈ حکومت نے دارالحکومت کے اندر رکاوٹیں کھڑی کر کے عمران خان کی قیادت میں ہونے والے حقیقی آزادی سے خود کو بچانے کی کوشش کی

ادہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد میں لانگ مارچ کے لیے این او سی کے اجرا میں دارالحکومت انتظامیہ کی جانب سے تاخیر پر اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا ہے

واضح رہے کہ پروگرام کے مطابق لاہور سے شروع ہونے والا پی ٹی آئی کا لانگ مارچ 4 نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کا امکان ہے

پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں دارالحکومت میں احتجاج ان کا حق ہے

علی نواز اعوان نے مزید کہا کہ انہوں نے اجازت کے لیے ایک اور خط تیار کیا ہے اور اسے ڈی سی کو بھیج دیا ہے، اگر این او سی جاری نہ کیا گیا تو پارٹی ہائی کورٹ سے رجوع کرے گی

پی ٹی آئی رہنما اور سابق وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ ہر جگہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا بیانیہ جیت رہا ہے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کرم ایجنسی میں عمران خان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے کرم کی سیٹ بھی جیت لی، کراچی، فیصل آباد، ننکانہ، مردان، چارسدہ، پشاور اور اب کرم ایجنسی میں ہر جگہ عمران خان کا بیانیہ جیت رہا ہے

واضح رہے کہ عمران خان نے گزشتہ روز قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم 1 کے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ کثیر الجماعتی حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کے اُمیدوار جمیل خان کو شکست کا سامنا ہوا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close