عالمی شہرت یافتہ فٹبالر رونالڈو کے ایک بھارتی مداح معذور لڑکے کا خواب ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑی سے ملاقات کر سکے۔ اس کا یہ خواب پورا ہونے کے آثار پیدا ہو گئے ہیں، جس پر وہ بہت خوش ہے
پندرہ سالہ محمد عاصم کا تعلق بھارت کے شہر کوچی سے ہے اور وہ پیدائشی طور پر دونوں ہاتھوں سے محروم اور ایک پاؤں سے معذور ہے، تاہم وہ فٹبال سے جنون کی حد تک لگاؤ رکھتا ہے
بھارتی ریاست کیرالہ میں چار سال پہلے 2022ع میں قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈکپ کی پروموشن کے لیے ایک تقریب منعقد کی گئی تھی اور وہاں عاصم نے فٹبال ورلڈکپ دیکھنے اور پرتگال کے سپر اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا
اسے کیا پتہ تھا کہ چار سال بعد اس کی یہ خواہش حقیقت کا روپ دھار لے گی۔ کیرالہ میں ہونے والی ایک تقریب میں ایک بزنس مین بھی موجود تھے اور وہ عاصم کی فٹبال سے محبت کو محسوس کر رہے تھے
کیرالہ کے بزنس مین محمد مختار نے عاصم کی خواہش کو پورا کر دیا ہے اور کوچی کے پندرہ سالہ عاصم اب ورلڈ کپ دیکھنے قطر جا رہا ہے
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق عاصم 19 نومبر کو قطر روانہ ہوگا اور کرسٹیانو رونالڈو کو بھی اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھ پائے گا
عاصم کا کہنا ہے ’میرے پاس تین میچوں کے ٹکٹ بھی ہیں ان میں سے ایک پرتگال اور گھانا کے میچ کا بھی ہے جو 24 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ میں اس کے لیے محمد مختار کا شکر گزار ہوں، جنہوں نے میری خواہش پوری کی‘
اس کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ میرے لیے ایسا ہے، جیسے کوئی خواب پورا ہوگیا ہے۔ میری خواہش ہے کہ پرتگال اور گھانا کے میچ کے دوران ذاتی طور پر رونالڈو سے مل سکوں۔‘
انہوں نے بتایا ’میرے پاس ہوائی جہاز کے ٹکٹ بھی ہیں اور ھیا کارڈ بھی ہے، جس کی ضرورت قطر میں فٹبال ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے پڑتی ہے‘
عاصم اپنے والد کے ساتھ مل کر معذور بچوں کے لیے ایک ادارہ بھی چلاتا ہے۔ اس کے والد کا کہنا ہے ”معذور بچوں کے لیے ایک اسپورٹس سٹی بنانا بھی عاصم کا مقصد ہے اور مجھے پوری امید ہے کہ وہ اس مقصد میں بھی کامیاب ہوگا“