فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام فٹبال کے عالمی کپ کا میلہ اتوار 20 نومبر سے قطر میں سجنے جا رہا ہے
افتتاحی تقریب اور ٹورنامنٹ کا پہلا میچ قطر کے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں ہوں گے۔ پہلا میچ میزبان ملک قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جائے گا
ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی بتیس ٹیمیں قطر میں موجود ہیں۔ تمام ٹیموں کو چار، چار کے آٹھ گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے
گروپ اے میں میزبان قطر، ایکواڈور، سینیگال اور ہالینڈ شامل ہیں
گروپ بی انگلینڈ، ایران، امریکہ اور ویلز پر مشتمل ہے
گروپ سی میں ارجنٹائن، سعودی عرب، میکسیکو اور پولینڈ میں مقابلہ ہوگا
دفاعی چیمپیئن فرانس گروپ ڈی میں آسٹریلیا، ڈنمارک اور تیونس کے ساتھ موجود ہے
گروپ ای میں دو سابقہ چیمپئن ٹیمیں اسپین اور جرمنی موجود ہیں۔ کوسٹاریکا اور جاپان بھی اسی گروپ کا حصہ ہیں
کروشیا، بیلجیئم، کینیڈا اور مراکش گروپ ایف میں ایک دوسرے کے سامنے مدمقابل ہونگی
گروپ جی میں پانچ مرتبہ کا عالمی چیمپئن برازیل، سربیا، سوئٹزرلینڈ اور کیمرون ہیں
گروپ ایچ میں یوراگوئے، پرتگال، گھانا اور جنوبی کوریا ہیں
ان گروپس سے دو، دو ٹیمیں راؤنڈ آف 16/ پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جس کے بعد ان میچز کی فاتح ٹیمیں کوارٹر فائنلز کھیلیں گی
کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں مدِ مقابل ہونگی، ایونٹ کا فائنل 18 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
اس طرح دنیا کے اس سب سے بڑے ٹورنامنٹ میں کّل 64 میچ کھیلے جائیں گے جو قطر کے پانچ شہروں کے آٹھ اسٹیڈیمز میں ہوں گے
دفاعی چیمپیئن فرانس اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔ روزانہ کی بنیاد پر گروپ کے چار میچ بارہ دن تک جاری رہیں گے
قطر نے کھیل کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ کے انعقاد کے لیے آٹھ جدید ترین اسٹیڈیمز تعمیر کیے ہیں۔ ایک اسٹیڈیم 974 کنٹینرز پر مشتمل ہے، جس میں ورلڈکپ کے سات میچ کھیلے جائیں گے
یہ اسٹیڈیم عارضی ہے اور فٹبال ورلڈکپ کے بعد اسٹیڈیم میں استعمال ہونے والے شپنگ کنٹینرز اور سیٹیں ختم کر دی جائیں گی
فٹبال کے عالمی کپ میں مجموعی طور پر ایک ارب ڈالر کی رقم کا اعلان کیا گیا ہے
ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ہر ٹیم کو ڈھائی کروڑ ڈالر کا انعام دیا جائے گا۔ رنر اپ ٹیم کو تین کروڑ بیس لاکھ اور فاتح ٹیم ساڑھے چار کروڑ ڈالر کی خطیر انعامی رقم کی حقدار ٹھہرے گی
یہ پہلا موقع ہے کہ مشرقِ وسطی کا کوئی ملک فٹبال ورلڈکپ کی میزبانی کر رہا ہے اور پہلی بار اس ٹورنامنٹ کا انعقاد موسم سرما میں ہو رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کو دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں شائقین قطر میں ہیں۔