بھارتی نوسربازوں نے تاجروں کو معمولی بلب 9 لاکھ روپے میں فروخت کر دیا
بھارتی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی ریاست اترپریش کے شہر بریلی میں تاجروں کو جعل سازی کے ذریعے معمولی بلب 9 لاکھ روپے میں فروخت کرنے والے تین ملزمان کو پولیس نے دھر لیا ہے
تفصیلات کے مطابق تاجر نتیش ملہوترا کے قریبی دوست کو ایک کال موصول ہوئی جس میں اسے ’کراماتی بلب‘ سے متعلق بتایا گیا او کہا گیا کہ یہ کراماتی بلب آپ کے دن بدل دے گا کیوں کہ یہ بلب سونا اور دیگر قیمتی دھاتیں اپنی طرف کھینچتا ہے، جس سے آپ کے گھر میں جلد خوشحالی آ جائے گی۔ کورونا کے دوران لاک ڈاؤن سے پریشان نتیش ملہوترا نے جعلسازوں کی اس پیشکش پر اپنی قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا
جس کے بعد تاجر نتیش ملہوترا ان جعلسازوں سے ملاقات کے لیے پہنچ گیا، جہاں ان لوگوں نے ایک خفیہ مقناطیس کے ذریعے شعبدہ بازی کے مختلف کرتب دکھائے، جس سے مذکورہ تاجر متاثر ہو گیا اور بلب 9 لاکھ روپے میں خرید لیا، تاہم کچھ عرصے بعد اسے احساس ہوا کہ وہ ٹھگ لیا گیا ہے
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ بریلی سے تعلق رکھنے والے ایک مقامی تاجر نتیش ملہوترا نے اس جعل سازی کے حوالے سے درخواست دائر کی، جس کے بعد کرائم برانچ نے تفتیش کرنے پر اس فراڈ میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے
پولیس کا کہنا تھا کہ اس جعلسازی میں ملوث ملزم عرفان پہلے بھی اس طرح کے کیسز میں مطلوب تھا اور ملزم معصوم ڈکیٹی کے ایک کیس میں گرفتار ہو کر بری ہو چکا ہے جب کہ تیسرا ملزم بھی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے
واضح رہے چند ماہ قبل بھارتی ریاست اتر پریش سے تعلق رکھنے والے دو فراڈیوں نے لندن میں مقیم ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ ڈاکٹر کو ’الہ دین کا چراغ‘ یہ کہہ کر فروخت کیا تھا کہ وہ اس کی تمام خواہشات پوری کردے گا اور اس سے ستر لاکھ روپے اینٹھ لیے تھے۔