افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ دینے والا نیٹ ورک کیسے کام کرتا ہے؟

ویب ڈیسک

انسانی اسمگلروں کی جانب سے گزشتہ کئی دہائیوں سے پاکستان کو ایک اہم گزر گاہ کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ افغانستان اور کئی دیگر ممالک سے یورپ اور بیرونی دنیا کے لیے غیر قانونی سفر کرنے والے بہت سے لوگ پاکستان سے گزر کر جاتے ہیں۔ اور ان میں سے ایک بڑی تعداد پاکستان کی غیر قانونی جعلی دستاویزات بنوا کر مشرق وسطٰی اور یورپ جاتی ہے

پاکستانی اداروں پر اس عمل کی سنگینی کا ’انکشاف‘ اس وقت ہوا، جب کچھ سال پہلے مغربی ممالک اور مشرق وسطٰی میں تارکین وطن کے خلاف پابندیاں سخت ہوئیں اور انہوں نے غیر قانونی تارکین کو ان کے ممالک بھجوانا شروع کر دیا

جب پاکستانی تارکینِ وطن کے جہازوں کے جہاز بھر کر آئے اور پاکستانی حکام نے واپس آنے والے افراد کی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی تو معلوم ہوا کہ ان میں بیشتر پاکستانی نہیں بلکہ افغان باشندے ہیں

اس کے بعد پاکستانی اداروں نے غیر ملکیوں کو جاری کیے جانے والے شناختی کارڈوں پر کنٹرول سخت کرنا شروع کیا اور جعلی دستاویزات کی تیاری کے خلاف نگرانی میں بھی اضافہ ہوا، لیکن اس کے باوجود اب بھی پاکستان میں جعلی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی تیاری اور ان پر لوگوں کو باہر بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے

جعلی شناختی دستاویزات کی تیاری کا نظام ملک میں ایک منظم اور مربوط طریقے سے کام کرتا ہے

پاکستان کی مرکزی تحقیقاتی ایجنسی فیڈرل انویسٹی گیشن اتھارٹی (ایف آئی اے) کے حکام کے مطابق یوں تو تقریباً تمام بڑے شہروں میں کوئی نہ کوئی ایجنٹ اس طرح کی سرگرمی میں ملوث پایا جاتا ہے، لیکن اس کا ایک بڑا گڑھ خیبر پختونخوا ہے

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں گیارہ لاکھ اکتالیس ہزار افغان مہاجرین مقیم ہیں، جو پورے ملک میں افغان مہاجرین کا 59 فی صد بنتا ہے

افغان کمشنریٹ کے اعداد و شمار کے مطابق 8 لاکھ 34 ہزار381 افغان مہاجرین کے پاس پروف آف رجسٹریشن (پاکستان میں بطور افغان مہاجر رجسٹریشن) کارڈ موجود ہے، جبکہ 3 لاکھ 7 ہزار 647 مہاجرین افغان سٹیزن کارڈ یعنی افغان شہری کا کارڈ حاصل کر چکے ہیں

صوبے میں مختلف مقامات پر افغان مہاجرین کے لیے 43 کیمپس قائم ہیں، لیکن زیادہ تر افغان باشندے شہری علاقوں کی طرف منتقل ہو چکے ہیں اور کرائے کے مکانات میں رہ رہے ہیں

پاکستان میں مقیم افغان مہاجرین بیرونِ ملک سفر میں مشکلات کی وجہ سے پاکستان کا جعلی پاسپورٹ بنوا کر جاتے ہیں۔ یہ پاسپورٹ جعلی دستاویزات کی بنیاد پر بنائے جاتے ہیں جس کے ذریعے مہاجرین بالخصوص نوجوان خلیجی ممالک، یورپ اور دیگر ممالک کا سفر کرتے ہیں

ایف آئی اے کے ایک ذمہ دار افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پاکستانی ایجنٹ آٹھ سے دس لاکھ روپے کے عوض افغان مہاجرین کو جعلی پاسپورٹ بنا کر دیتے ہیں

پاسپورٹ میں ٹیمپرنگ
قانون کی گرفت سے بچنے کے لیے جعل سازوں نے اب پاسپورٹ پر ٹیمپرنگ بھی شروع کر دی ہے یعنی پاسپورٹ پر معلومات ٹھیک درج ہوتی ہیں، صرف تصویر بدل کر اس پر جعلی مہر لگائی جاتی ہے

ایف آئی اے حکام کے مطابق رواں سال اکتوبر کے مہینے میں پشاور سے تیئیس افغان مہاجرین گرفتار کیے گئے، جن سے جعلی دستاویزات برآمد ہوئیں۔ اسی کارروائی کے دوران تین ایجنٹ بھی گرفتار ہوئے، جو ان مہاجرین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے جعلی دستاویزات تیار کروا کے دے رہے تھے

ان ایجنٹوں اور جعلی دستاویزات تیار کروانے کے خواہش مند افراد کی نشاندہی پر پندرہ ٹریول ایجنسیوں کے مالکان کو بھی گرفتار کیا گیا، جو جعلی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جاری کروانے اور ان پر افغان مہاجرین کو بیرونِ ملک بھجواتے تھے۔ ایف آئی حکام کے مطابق ملزمان سے جعلی پاسپورٹ بھی برآمد کیے گئے ہیں، جن کی تیاری میں وہ فی پاسپورٹ آٹھ سے دس لاکھ روپے وصول کرتے ہیں

پاکستان میں جعلی پاسپورٹ کے کاروبار کا دھندہ

ضلع خیبر میں طورخم بارڈر ہونے کی وجہ سے جعلی پاسپورٹ کا کاروبار کرنے والوں کا پورا نیٹ ورک موجود ہ

اس نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے لنڈی کوتل پولیس نے 2 نومبر کو ایک آپریشن کیا، جس کے دوران جعلی پاسپورٹ اور ویزے تیار کرنے والے گروہ کا اہم کارندہ پکڑ لیا گیا

لنڈی کوتل پولیس کے ایس ایچ او اکبر آفریدی کے مطابق یہ نیٹ ورک پاک افغان سرحد پر قائم ایک گودام سے کام کر رہا تھا۔ اس گودام پر چھاپہ مارا گیا تو ملزم کے قبضے سے پندرہ افغانی پاسپورٹ، تین پاکستانی پاسپورٹ اور سولہ افغانی اسٹیکر برآمد ہوئے

اسی کارروائی میں افغان شہریوں کے پندرہ سٹیزن کارڈ، دو قومی شناختی کارڈ اور اکتیس آن لائن ویزے اور امیگریشن آفیسر کی جعلی مہر بھی برآمد ہوئیں

پولیس کے مطابق ملزم جعلی اسٹیمپ اور اسٹیکر کی مدد سے ویزے بھی بنواتے تھے

افغان شہری کیا کہتے ہیں؟

پشاور میں مقیم افغان مہاجر نقیب اللہ (فرضی نام) کا کہنا ہے کہ افغانستان میں طالبان کی نئی حکومت آنے کے بعد افغان مہاجرین کی بڑی تعداد نے پھر سے پاکستان ہجرت کی، ان میں سے زیادہ تر نوجوان بیرون ملک جانے کے منصوبے کے ساتھ آئے تھے، جو پاسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے ممکن نہ ہو سکا

نقیب اللہ کا کہنا تھا کہ بیرون ملک رہائش کے لیے پاسپورٹ کا حصول ضروری تھا، جس کے لیے کچھ افغان شہریوں نے جعلی دستاویزات بنائیں تاکہ پاکستان میں رہائش کے دوران مسائل نہ ہوں اور بیرون ملک بھی سفر کیا جا سکے

نادرا ترجمان کا موقف

پاکستان میں شناختی دستاویزات جاری کرنے والے ادارے نیشنل ڈیٹابیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ترجمان فائق علی کے مطابق جعلی دستاویزات کو روکنے کے لیے جدید سکیورٹی چیکس کا نظام نافذ کر دیا گیا ہے

اس کے علاوہ ماضی میں شناختی کاغذات کی تیاری کے دوران قواعد و ضوابط کی معمولی خلاف ورزی کرنے پر 39 ملازمین کے خلاف انضباطی و تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے

فائق علی کے بقول شہریوں کے ڈیٹا کی حفاظت کے معاملے میں نادرا انتظامیہ ’صفر برداشت‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے

انہوں نے کہا ’ادارہ جاتی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے نادرا کے اندر ایک فعال، مصنوعی ذہانت پر مبنی خودکار نظام رائج کیا جا چکا ہے، جو نہ صرف باریک بینی سے ملازمین کے آپریشنل معاملات کو جانچتا ہے بلکہ ان کے طرزِ عمل پر بھی ہمہ وقت نظر رکھتا ہے۔‘

ترجمان نادرا کے مطابق اس نئے نظام کے تحت 209 ملازمین کی نشاندہی کی گئی ہے، جنہوں نے غیر قانونی طور پر شہریوں کے ذاتی اور خاندانی ڈیٹا تک رسائی حاصل کی۔ لیکن اس سے قبل کہ ڈیٹا کا کسی بھی قسم کا غلط استعمال ہوتا، نادرا انتظامیہ نے بروقت تمام ملوث افراد کی نشاندہی کی، ڈیٹا کو محفوظ بنایا اور فوری تادیبی کارروائی عمل میں لائی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close