دو بہنوں نے 23 سال پہلے مالی مدد کرنے والی اجنبی خاتون کو ڈھونڈ نکالا…

ویب ڈیسک

یہ واقعہ ہے 1999ع کا، جب انارکی اور فسادات کے شکار یوگوسلاویہ سے امریکا میں پناہ لینے والی دو بہنوں کو ایک اجنبی خاتون نے ان کی غیر معمولی مدد کرتے ہوئے ایک سو ڈالر رقم دی تھی، جس سے انہیں بہت فائدہ ہوا تھا۔ اب انہوں نے تئیس برس بعد اس مہربان خاتون کو تلاش کر لیا ہے

ہوا کچھ یوں کہ اب سے تئیس سال پہلے زوگے اور وانیا کونٹینو کے والد نے انہیں جنگ زدہ یوگوسلاویہ سے طیارے میں بٹھا کر روانہ کر دیا تھا۔ اس غیر یقینی صورتحال میں دونوں نو عمر بہنیں امریکا پہنچیں تو دورانِ پرواز گم سم اور خوفزدہ بہنوں کو ایک خاتون نے لفافے میں ایک سو ڈالر کی رقم دی تھی، جس سے ان کی مشکلات کم ہوئی تھیں

اس لفافے پر خاتون کے متعلق صرف اتنا لکھا تھا کہ وہ ٹینس کھیلتی ہیں، ان کا نام ٹریسی پیک ہے اور وہ بلین، منی سوٹا کی رہائشی ہیں۔ دورانِ پرواز دونوں بہنوں نے اپنی شکستہ انگریزی میں ٹریسی کو اپنا دکھڑا سنایا تھا

جہاز سے باہر آتے وقت ٹریسی نے انہیں ایک لفافہ دیا، جس پر لکھا تھا: ”مجھے افسوس ہے کہ آپ کے ملک میں بمباری جاری ہے اور آپ کا خاندان مصائب کا شکار ہے۔ امید کرتی ہوں کہ امریکا میں آپ کا رہنا محفوظ اور بامسرت ہوگا۔ امریکا میں خوش آمدید، برائے مہربانی اسے اپنی مدد میں استعمال کیجئے گا“
طیارے میں آپ کی دوست
ٹریسی

جب زوگے اور وانیا نے لفافہ کھولا تو اس میں ایک سو ڈالر کی رقم تھی، جو ان کے بہت کام آئی تھی۔ یہاں تک کہ دونوں بہنوں نے تئیس برس تک لفافہ سنبھال کر رکھا۔ تاہم انہیں معلوم نہ تھا کہ ایک دن شفیق اجنبی عورت کی یہ نشانی انہیں ملانے کا ذریعہ بھی بن جائے گی۔ ہاتھ سے لکھے اس لفافے پر اب تک ایک شکن بھی نہیں آئی ہے

یہ کہانی امریکی نیوز چینل پر پہنچی تو انہوں نے اس کی شناخت شروع کردی اور جلد ہی ٹریسی کا پتا چل گیا۔ آخرکار انہیں ’سی این این ہیرو‘ نامی پروگرام میں مدعو کیا گیا

ٹریسی کے پہنچنے سے قبل زوگے اور وانیا دونوں کرسمس درخت کے پیچھے چھپ گئیں اور جیسے ہی ٹریسی قریب آئیں تو دونوں نے انہیں خوش آمدید کہا اور بغل گیر ہوکر تینوں دیر تک روتی رہیں۔ یہ پروگرام لاکھوں افراد نے دیکھا اور اس حیرت انگیز کہانی پر پورے امریکا سے ہزاروں پیغامات اور ای میل موصول ہوئیں

1999ع میں جب والدین نے اپنی دونوں بیٹیوں کو مجبوری کی حالت میں الوداع کیا تھا تو وانیا کونٹینو کی عمر سترہ سال تھی، جبکہ زوگے صرف بارہ سال کی تھیں۔ اب وانیا کنیکٹکٹ میں ایک کامیاب انیستھیسیالوجسٹ ہیں جبکہ پینتیس سالہ زوگے بوسٹن میں خاتونِ خانہ ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close