بم سائیکلون: امریکہ، کینیڈا میں نئے ریکارڈ بناتا برفانی طوفان، پارہ منفی 40 ڈگری تک گرنے کا امکان

ویب ڈیسک

شدید برفانی طوفان نے امریکہ اور کینیڈا کے کئی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس نے لگ بھگ چودہ کروڑ افراد کو متاثر کیا ہے، جبکہ اس طوفان کے نتیجے میں تقریباً پندرہ لاکھ افراد بجلی سے محروم ہیں۔ اسے امریکہ میں گذشتہ دہائیوں کی سب سے سرد کرسمس قرار دیا جا رہا ہے

دونوں ملکوں کے ساحلوں سے جڑے اور میکسیکو کی سرحد تک پھیلے اس طوفان کے نتیجے میں اب تک امریکہ میں مختلف حادثوں میں کم از کم چھ اموات ہوئی ہیں

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس طوفان کی وجہ سے کرسمس سے کچھ دن قبل ملک کی بڑی شاہراہیں بند جبکہ ہزاروں پروازیں منسوخ ہو گئی تھیں

اس وقت معتدل موسم کی حامل شمار ہونے والی جنوبی ریاستوں سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں شدید برفباری، تیز اور ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے

قومی موسمیاتی سروس کے مطابق تقریباً 24 کروڑ (70 فیصد آبادی) افراد کو موسمی چیلنج کا سامنا ہے کیونکہ سرد ہوا نے درجہ حرارت کو منفی 55 ڈگری فارن ہائیٹ تک کم کر دیا ہے

مسیحی تہوار کرسمس کی چھٹیوں، جو کہ سفر کے اعتبار سے سال کا سب سے مصروف حصہ ہوتی ہیں، کے دوران قریب بیس کروڑ افراد کو خراب موسم سے متعلق متنبہ کر کے سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے

اے ایف پی کے مطابق شمالی اور جنوبی ڈکوٹا، اوکلاہاما، آئیووا اور دیگر جگہوں پر ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں نے تقریباً صفر کے قریب حدِنظر، برف سے ڈھکی سڑکوں اور برفانی طوفان کے حالات کی اطلاع دی ہے اور رہائشیوں کو گھروں میں رہنے کی سختی سے ہدایت کی ہے

جمعرات کو اوکلاہاما میں ٹریفک حادثات میں کم از کم دو اموات کی اطلاع ملی جبکہ کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیر نے اپنی ریاست میں تین اموات کی تصدیق کی۔
نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے ایک پریس بریفنگ میں کہ ’یہ بہت بڑا اور ملک گیر طوفان ہے۔ سڑکیں آئس سکیٹنگ رِنک کا روپ دھار رہی ہیں اور آپ کے ٹائر اس صورت حال سے نمٹ نہیں سکتے۔‘

برفانی طوفان کے زور پکڑنے پر کینیڈا اور امریکہ کے بڑے ہوائی اڈوں پر پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ امریکہ کی ساٹھ فی صد آبادی اس طوفان سے متاثر ہوئی ہے جبکہ تیز ہواؤں سے کئی پاور لائنز کو نقصان پہنچا ہے۔ ٹورنٹو اور دیگر شہروں میں بعض تعلیمی اداروں کو بند رکھا گیا ہے

موسم کی پیشگوئی کرنے والے اداروں نے کہا ہے کہ بعض حصوں میں منفی 57 ڈگری سیٹی گریڈ کا درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے

ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ اس قدر سرد موسم میں باہر نکلنے پر صرف پانچ سے دس منٹ کے اندر اندر فراسٹ بائٹ ہو سکتی ہے، یعنی جسم کی جِلد اور ٹشو جم سکتے ہیں۔ اس حالت میں سب سے زیادہ ناک اور ہاتھ پیر کی انگلیاں متاثر ہوتی ہیں

واضح رہے کہ فراسٹ بائٹ جسم کا شدید سردی کے خلاف ایک قدرتی ردعمل ہے۔ اس کے شکار افراد میں جسم کے سب سے آخری حصوں تک خون کی روانی انتہائی کم ہو جاتی ہے۔ اس کی علامات میں ٹھنڈ سے سوجن اور درد شامل ہیں۔ انتہائی درجے کے کیسز میں ٹشو ضائع ہو جاتے ہیں اور انہیں سرجری کی مدد سے جسم سے ہٹانا پڑتا ہے

ماہرین موسمیات نے سردی کے اس طوفان کو ’بم سائیکلون‘ کا نام دیا ہے، یعنی یہ طوفان کی دھماکے کی طرح ہے، جس کی شدت مسلسل بڑھتی رہتی ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہوا کا دباؤ کم از کم چوبیس ملی بارز تک گِرا ہے

امریکی صدر جوبائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں تبصرہ کرتے ہوئے امریکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ سفر کرنے سے پہلے دو بار سوچیں، متوقع طوفان بہت خطرناک ہو سکتا ہے

ان کا کہنا تھا کہ یہ برف باری والے دن اس طرح کے نہیں ہیں، جو آپ نے بچپن میں دیکھے تھے، یہ بہت سنگین ہے

ایک اسکول ٹیچر اور رضاکار روزا فالکن نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایل پاسو، ٹیکساس میں موجود مایوس تارکین وطن گرمائش کے حصول کے لیے گرجا گھروں، اسکولوں اور سِول سینٹر میں جمع ہوئے، لیکن ان میں سے کچھ پھر بھی منفی 15 ڈگری درجہ حرارت میں باہر ہی رہے کیونکہ انہیں امیگریشن حکام کی نظر میں آ جانے کا خدشہ تھا

کیلیڈن، اونٹاریو کی جینیفر کیمبل نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’میرے خیال میں ہر چند برس بعد ہمیں کچھ بڑے طوفانوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور پھر ہم معمول پر آ جاتے ہیں۔‘

امریکہ کی نیشنل ویدر سروس (این ڈبلیو ایس) کا کہنا ہے کہ یہ طوفان منگل کو بحر الکاہل کے شمال مغرب سے شروع ہوا۔ اس کے مطابق یہ ’ایک نسل کی زندگی میں موسم سرما کے دوران ایک ہی بار ہونے والا‘ واقعہ ہے۔

این ڈبلیو ایس نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں یومیہ سرد موسم کے 100 سے زیادہ ریکارڈ برابر ہو سکتے ہیں یا ٹوٹ سکتے ہیں

حتیٰ کہ فلوریڈا، جسے گرم ساحلی ریاست سمجھا جاتا ہے، میں گذشتہ تیس سال کی سب سے سرد کرسمس کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ وائیومنگ کے شہر شاین میں ایک گھنٹے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت گِرنے کا ریکارڈ اس وقت ٹوٹا، جب صرف تیس منٹ کے اندر اندر درجہ حرارت 43 سے تین فیرن ہائٹ ہو گیا۔ اس مغربی ریاست میں درجہ حرارت منفی 35 ڈگری فارن ہائٹ تک بھی گیا ہے

پڑوسی ریاست مونٹانا میں بھی درجہ حرارت کے قریب ایک درجن سے زیادہ ریکارڈ ٹوٹنے کا امکان ہے۔ شکاگو میں ہفتے کے روز تک برفانی طوفان کی تنبیہ جاری کی گئی ہے، جہاں کئی انچ تک برف کی تہہ جم چکی ہے اور اَسی کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں

جمعے کو کولمبس، اوہایو، نیو یارک اور واشنگٹن ڈی سی میں شام کے اوقات میں درجہ حرارت قریب 10 فارن ہائٹ تک گِر جاتا ہے۔ کینیڈا کے علاقوں انٹاریو اور کیوبک میں شدید برفباری، تیز ہوائیں اور جما دینے والی بارشیں ہو رہی ہیں

امریکی ریاستوں نیویارک، ویسٹ ورجینیا، کینٹکی، جورجیا، نارتھ کیرولائنا اور اوکلاہوما میں ریاستی ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے۔ ادھر وسکانسن میں توانائی کی ایمرجنسی لگائی گئی ہے

مغربی نیو یارک اور ساؤتھ ڈکوٹا میں خطرناک سفری حالات کی وجہ سے بین الاریاستی ہائی ویز بند کر دی گئی ہیں

جمعے کو امریکہ کے مشرقی ساحل پر سمندری طوفان کے باعث سیلاب بھی آیا اور لانگ آئی لینڈ ریل روڈ پر ٹرین کی سروس بند کر دی گئی۔ امریکہ اور کینیڈا کی سرحد پر واقع انٹاریو جھیل میں سینتیس فٹ اونچی لہریں بن سکتی ہیں

اوہایو کے گورنر مائیک ڈی وائن نے اس موسم کو ’غیر معمولی اور خطرناک‘ حالات سے جوڑا ہے۔ انھوں نے ایسے افراد کو متنبہ کیا ہے، جو کرسمس پر اپنے پیاروں سے ملنے کے لیے سفر کر رہے ہیں

ریاست کولوراڈو سے کنساس اور پھر وائیومنگ تک اور ادھر شمال میں منیسوٹا میں طوفان سے بڑی تباہی ہوئی ہے

وائیومنگ کے ہائیوے پیٹرول کو مدد کی 787 کالز موصول ہوئی ہیں اور اس نے 12 گھنٹوں میں 104 حادثات ریکارڈ کیے ہیں

جمعے کی صبح سے انٹاریو میں کینیڈین پولیس کو شدید بارش، برفباری اور ژالہ باری سے قریب 100 حادثات کی اطلاع موصول ہوئی ہے

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ اویئر کے مطابق امریکہ میں چھ ہزار نو سو سے زیادہ پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔ کینیڈا میں جمعے کو صرف ویسٹ جیٹ نے دو سو چھیاسٹھ پروازیں منسوخ کی ہیں

سفری حالات کی خرابی کی پیش نظر یونائینڈ، ڈیلٹا اور امریکن ایئرلائنز نے پہلے ہی مسافروں کے لیے پروازوں کی ری شیڈولنگ فیس میں کٹوتی کر دی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close