آرٹیکل 370: بھارتی آئین میں کشمیر کو خصوصی حیثیت ملنے سے ختم ہونے تک کا سفر

ویب ڈیسک

اس مضمون میں ہم ابھارتی آئین میں کشمیر کو خصوصی حیثیت ملنے سے ختم ہونے تک کی روداد بیان کریں گے

جیسا کہ آپ جانتے ہیں کہ گزشتہ روز 11 دسمبر کو بھارت کی سپریم کورٹ نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کا حکومتی اقدام قانونی طور پر درست قرار دے دیا ہے

یاد رہے کہ چار سال قبل اگست 2019 میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مرکزی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 370 کو منسوخ کر کے کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت ختم کر دی تھی اور ساتھ ساتھ ہی اس خطے کو دو حصوں ’جموں و کشمیر‘ اور ’لداخ‘ میں تقسیم کرتے ہوئے ان دونوں علاقوں کو مرکزی حکومت کے ماتحت علاقے یعنی ’یونین ٹیریٹری‘ قرار دیا گیا تھا

اگست 2019 میں بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد وزیرِ اعظم نریندر مودی نے یقین دہانی کرائی تھی کہ مناسب وقت پر کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کر دی جائے گی

اس ساری کہانی کا آغاز سن 1947 میں برصغیر سے برطانوی حکومت کے خاتمے کے بعد بھارت اور پاکستان کے قیام کے ساتھ ہی خطے میں کشمیر کے تنازع کے جنم لینے سے ہوا

یہ تنازع جہاں ایک جانب بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگوں اور کشیدہ تعلقات کی وجہ بنا، وہیں اس نے دونوں ممالک کی اندرونی سیاست پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے

اپنی سیاسی اہمیت کے ساتھ ساتھ کشمیر سے متعلق دونوں ملکوں کے لیے یہ سوال بھی ہمیشہ اہمیت کا حامل رہا ہے کہ اس کا آئینی و قانونی بندوبست کس نوعیت کا ہوگا؟ اس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ کشمیر ہندوستان کی ان ساڑھے پانچ سو سے زائد ریاستوں میں شامل تھا، جن پر براہِ راست برطانیہ کی حکومت نہیں تھی اور تاجِ برطانیہ نے ان کی مختلف سطحوں پر آزادانہ حیثیت کو تسلیم کیا ہوا تھا

اس لیے تقسیم کے وقت برطانیہ نے اپنے زیرِ انتظام علاقوں کی تقسیم کے لیے تو کوئی نہ کوئی کلیہ طے کیا تھا، لیکن شاہی ریاستوں سے متعلق صورتِ حال ابہام کا شکار رہی

برطانوی ہندوستان میں شامل علاقوں کی تقسیم کے لیے وہاں مسلم اور غیر مسلم آبادی کے تناسب کا ایک اصول رکھا گیا تھا، لیکن شاہی ریاستوں میں کئی ریاستیں ایسی تھیں، جن میں آبادی کی اکثریت حکمران خاندان سے الگ مذہب رکھتی تھی

جونا گڑھ اور حیدرآباد جیسی بڑی ریاستوں میں حکمران مسلمان تھے اور رعایا کی اکثریت ہندو۔ جبکہ جموں و کشمیر ایسی شاہی ریاست تھی، جس کی آبادی کی اکثریت مسلمانوں پر مشتمل تھی اور اس پر حکمرانی کرنے والا ڈوگرا خاندان ہندو تھا

بھارت سے الحاق اور اس کے بعد۔۔۔

ہندوستان کی تقسیم کے وقت جموں و کشمیر کے علاقے پونچھ میں کشمیر کے مہاراجہ ہری سنگھ کے خلاف بغاوت ہوئی اور اسی دوران پاکستان میں شامل قبائلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد جموں و کشمیر میں داخل ہوئے

مہاراجہ ہری سنگھ کشمیر کے بھارت یا پاکستان میں سے کسی ایک کے ساتھ الحاق یا آزادانہ حیثیت سے متعلق کوئی فیصلہ کرنے میں ہچکچاہٹ کا شکار تھے، لیکن بالآخر انہوں نے بھارت کے ساتھ الحاق کا فیصلہ کیا

کشمیر کے مہاراجہ ہری سنگھ نے 26 اکتوبر 1947 کو بھارت کے ساتھ الحاق کی دستاویز پر دستخط کیے۔ اس دستاویز کے مطابق مہاراجہ نے بھارت کی مرکزی حکومت کو خارجہ، دفاع اور مواصلات کے اختیارات دیے تھے، تاہم کشمیر کی ریاست کا علیحدہ تشخص برقرار رکھا گیا تھا۔ اگلے ہی روز 27 اکتوبر کو بھارت کے گورنر جنرل لارڈ ماؤنٹ بینٹن نے مہاراجہ کی جانب سے بھارت کے ساتھ الحاق کو تسلیم کر لیا

جموں و کشمیر کے بھارت سے الحاق کے اس فیصلے کے بعد پاکستان کے ساتھ یہ تنازع مسلح تصادم کی شکل اختیار کر گیا اور دونوں ملکوں میں جنگ شروع ہو گئی۔ 1949 میں اقوامِ متحدہ کی ثالثی سے بھارت اور پاکستان میں جنگ بندی ہوئی، لیکن اس کے ساتھ جموں و کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان ایک ایسے تنازع کی شکل اختیار کر گیا، جسے اقوامِ متحدہ نے بھی تسلیم کر لیا

واضح رہے کہ مہاراجہ کشمیر نے بھی بھارت کے ساتھ الحاق اس شرط پر کیا تھا کہ جموں و کشمیر کا علیحدہ ریاستی تشخص برقرار رہے گا

اسی لیے جب بھارت میں آئین سازی ہوئی تو ملک میں شامل علاقوں کی درجہ بندی کرتے ہوئے کشمیر کی اس خصوصی حیثیت کو مدِ نظر رکھا گیا

26 جنوری 1950 کو بھارت کا آئین نافذ ہوا تو اس میں شامل آرٹیکل 370 کے تحت بھارت کی مرکزی حکومت کو کشمیر میں صرف تین شعبوں یعنی دفاع، خارجہ امور اور مواصلات کے لیے قانون سازی کا اختیار دیا گیا تھا

آرٹیکل 370 میں کشمیر کو داخلی انتظامی امور کے لیے قانون سازی کی آزادی دی گئی تھی، جبکہ صدر کو بعض امور سے متعلق جزوی اختیار بھی دیا گیا تھا۔ اس آرٹیکل میں یہ شق بھی شامل تھی کہ انتظامی امور اور خود ریاست جموں و کشمیر کی بھارت میں انتظامی حیثیت میں تبدیلی کے فیصلے کو بھی یہاں کی دستور ساز اسمبلی سے توثیق حاصل کرنا ضروری ہوگا

بھارتی آئین میں کشمیر کی خصوصی حیثیت تسلیم ہونے کے بعد 27 اکتوبر 1950 کو کشمیری رہنما شیخ عبداللہ کی جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے ایک قرار داد منظور کر کے بھارت کی مرکزی حکومت سے کشمیر میں دستور ساز اسمبلی قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس مطالبے کے بعد اگست اور ستمبر 1951 میں بھارت میں ریاستی الیکشن ہوئے، جس کی تمام ہی 75 نشستوں پر شیخ عبداللہ کی جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے ارکان منتخب ہو گئے

دستور ساز اسمبلی کے قیام کے بعد ریاست جموں و کشمیر اور بھارت کی مرکزی حکومت کے درمیان ٹیکس، قانون سازی، سپریم کورٹ کے قانونی اختیار سمیت دیگر انتظامی امور پر مذاکرات کا آغاز ہوا۔ ان مذاکرات کے نتیجے میں 1952 کا ’معاہدہِ دہلی‘ عمل میں آیا

اس معاہدے کے تحت کشمیر کی علاقائی سالمیت، جموں و کشمیر کی مستقل شہریت اور وہاں جائیداد رکھنے کے حق کو ریاست کے مقامی افراد کے لیے خاص کرنے جسیی تجاویز پر اتفاق ہوا۔ معاہدے پر عمل درآمد کے لیے 1954 میں بھارت کے صدر راجندر پرساد نے صدارتی حکم نامہ جاری کیا اور آئین میں آرٹیکل 35 اے بھی متعارف کرایا گیا

ریاست جموں و کشمیر کی دستور ساز اسمبلی نے پانچ برس کی مدت میں آئین سازی مکمل کی اور 17 نومبر 1956 کو اس کی منظوری دے دی۔ اس آئین میں ریاست جموں و کشمیر کو ’بھارت کا اٹوٹ انگ‘ قرار دے دیا گیا اور اس کے ساتھ ہی دستور ساز اسمبلی تحلیل ہو گئی

بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر ریاست کے دستور میں کسی بھی صدارتی حکم نامے کے نفاذ کو ریاستی اسمبلی کی توثیق سے مشروط کیا گیا تھا۔ 1959 میں بھارتی سپریم کورٹ نے ریاستی اسمبلی کے اس استحقاق کو تسلیم کیا۔ تاہم 370 کے تحت جموں و کشمیر کو حاصل خصوصی حیثیت سے متعلقہ امور بھارتی سپریم کورٹ کے مختلف مقدمات میں زیرِ بحث آتے رہے

سن 1968 میں سمپت پرکاش بنام ریاست جموں و کشمیر کیس میں بھارت کی سپریم کورٹ نے آرٹیکل 370 کو بھارتی آئین کا ’پرمننٹ فیچر‘ یعنی مستقل حصہ قرار دیا۔ تاہم 1972 کے ایک اور فیصلے میں سپریم کورٹ نے اپنے پہلے فیصلے سے روگردانی کرتے ہوئے بھارتی صدر کو آرٹیکل 370 میں معمولی تبدیلیوں اور ترامیم کا اختیار تسلیم کیا

اگرچہ آرٹیکل 370 میں یہ بات شامل تھی کہ اس میں دیے گئے انتظامی امور سے متعلق خصوصی اختیار میں کوئی تبدیلی یا خود اس آرٹیکل ہی کو سرے سے ختم کرنے کے لیے ریاستی اسمبلی کی توثیق ضروری ہوگی

تاہم پھر بھی یہ آرٹیکل مختلف عدالتی تنازعات کا بنیادی نکتہ بنا رہا البتہ 2016 کے سپریم کورٹ کے فیصلے اور جموں و کشمیر کی ہائی کورٹ کے فیصلوں میں بھی اس آرٹیکل کی منسوخی کو ریاستی اسمبلی سے مشروط قرار دیا گیا

انتہا پسندانہ ہندوتوا نظریات کی حامل جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی ہمیشہ سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے درپے رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جب 2014 میں اس جماعت نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی اور نریندر مودی وزیرِ اعظم منتخب ہوئے تو آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے حامیوں کے مطالبات بھی زور پکڑنے لگے

سن 2018 میں جموں و کشمیر میں اس وقت سیاسی بحران نے جنم لیا، جب بھارتیہ جنتا پارٹی نے وزیرِاعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں قائم پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی حکومت کی حمایت واپس لے لی

اس کے بعد کشمیر کے آئین کے مطابق گورنر راج نافذ کر دیا گیا۔ تاہم ریاست جموں و کشمیر کے آئین کے تحت گورنر راج چھ ماہ سے زائد عرصے تک جاری نہیں رہ سکتا۔ اس لیے 19 دسمبر 2018 کو کشمیر میں گورنر راج کا خاتمہ تو ہو گیا، تاہم اسی روز صدر رام ناتھ کوند نے کشمیر میں صدارتی راج نافذ کر دیا۔ جنوری 2019 میں صدر کے اس اقدام کو پارلیمنٹ کی توثیق حاصل ہو گئی

صدراتی راج کی مدت بھی جولائی 2019 میں ختم ہونے والی تھی کہ ریاست جموں و کشمیر کے گورنر نے جون 2019 کو ایک رپورٹ وفاقی کابینہ کو ارسال کی، جس میں سفارش کی گئی تھی کہ ریاست کی صورتِ حال کے پیش نظر صدارتی راج میں مزید توسیع کی جائے۔ اس رپورٹ کی بنیاد پر تین جولائی 2019 کو بھارت کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر میں صدارتی راج میں مزید توسیع کر دی گئی

پانچ اگست 2019 کو صدر رام ناتھ کوند نے ایک حکم نامہ جاری کیا، جس میں آرٹیکل 370 کی شق 3 میں ’دستور ساز اسمبلی‘ کے لفظ کو ’قانون ساز اسمبلی‘ سے تبدیل کر دیا گیا

اس شق کے تحت چونکہ کسی بھی صدارتی حکم نامے کی توثیق ’دستور ساز اسمبلی‘ سے حاصل کرنا ضروری قرار دی گئی تھی، جو کہ ساٹھ برس قبل ہی تحلیل ہو چکی تھی، اس لیے قانون ساز اسمبلی کو اس سے تبدیل کر کے صدارتی راج کے حکم نامے کی بھارت کی پارلیمنٹ سے توثیق کو اس شق کے مطابق بنا دیا گیا

صدر کے اس اقدام کے ساتھ ہی بھارت کے ایوانِ بالا (راجیہ سبھا) نے آئین کے آرٹیکل 370 کو ختم کرنے اور کشمیر کی انتظامی حیثیت کو تبدیل کرنے سے متعلق قانون سازی کی قرار داد منظور کر لی

اس کے اگلے ہی روز چھ اگست 2019 کو بھارتی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں لوک سبھا نے راجیہ سبھا کی قرار داد کے مطابق 370 کی منسوخی اور کشمیر میں انتظامی تبدیلیوں کے لیے مجوزہ ’ری آرگنائزیشن ایکٹ‘ کی منظوری دے دی۔ اس کے بعد صدر نے کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کی تنسیخ کا حکم نامہ جاری کر دیا

اس اقدام کے بعد نو اگست 2019 کو جموں اینڈ کشمیر ری آرگنائزیشن ایکٹ 2019 بھی منظور کرلیا گیا، جس کے تحت ریاست جموں و کشمیر کو جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا گیا۔ اس قانون کے تحت جموں و کشمر کی ریاست کے لیے قانون ساز اسمبلیوں کے قیام کی منظوری دی گئی تھی، جبکہ لداخ کے لیے نہیں

مختلف درخواست گزاروں نے حکومت کے اس اقدام کے خلاف بھارت کی سپریم کورٹ سے رجوع کیا، جہاں 28 اگست 2019 کو اس وقت کے چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی سربراہی میں جسٹس ایس اے بوبڑے اور جسٹس عبدالنذیر پر مشتمل تین رکنی بینچ نے ان درخواستوں کی سماعت شروع کی۔ دو سماعتوں کے بعد بینچ نے فیصلہ دیا کہ اس معاملے کی سماعت پانچ یا اس سے زائد رکنی بینچ کو کرنی چاہیے

اس دوران آرٹیکل 370 کی درخواستوں کی سماعت کے لیے لارجر بینچ کی تشکیل کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی، جو 2020 میں مسترد کر دی گئی

طویل انتطار کے بعد رواں برس جولائی میں ان درخواستوں کی سماعت کے لیے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی سربراہی میں ایک نیا پانچ رکنی بینچ تشکیل دیا گیا۔ اسی پانچ رکنی بینچ نے 11 دسمبر 2023 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 کی منسوخی کا حکومتی اقدام قانونی طور پر درست قرار دے کر اپنے ہی آئین کے منہ پر کالک پوت دی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Check Also
Close
Back to top button
Close
Close