’پٹھان‘ کی کمائی ہزار کروڑ سے زیادہ، اکشے کمار کی ’سیلفی‘ کی ریکارڈ ناکامی

ویب ڈیسک

بالی وڈ کنگ شاہ رخ کی اہلیہ گوری خان نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’پٹھان‘ (بھارتی) سنیما کی تاریخ میں آج تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندی فلم ہے

واضح رہے کہ یہ فلم بعض ہندو تنظیموں کی جانب سے بائیکاٹ کی کال اور پرومو گیت ’بے شرم رنگ‘ پر اٹھنے والے تنازعات کے درمیان 25 جنوری کو ریلیز ہوئی تھی اور اس نے پہلے دن سے ہی کمائی کا نیا ریکارڈ قائم کرنا شروع کر دیا تھا

تقریباً پانچ ہفتے بعد یہ ہندی سنیما کی تاریخ کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے

شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان کے مطابق ’پٹھان‘ اب تک دنیا بھر میں 1026 کروڑ روپے کا بزنس کر چکی ہے

یش راج فلمز کے مطابق بھارت میں ’پٹھان‘ کا بزنس 640 کروڑ روپے رہا ہے، جبکہ دیگر ملکوں میں اس نے 386 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے اور کمائی کا یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے

اس کے ساتھ ہی یش راج فلمز نے ’پٹھان‘ کے ٹکٹ کے نرخ میں کمی کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اسے سنیما ہالز میں دیکھنے کے لیے پہنچیں

معروف فلم نقاد ترن آدرش نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ہندی کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی چار فلمیں اس طرح ہیں۔ پہلے نمبر پر ’پٹھان‘، دوسرے نمبر پر ’باہو بلی 2‘، تیسرے نمبر پر ’کے ایف جی 2‘، اور چوتھے نمبر پر عامر خان کی فلم ’دنگل‘ ہے

جہاں تک دنگل کا سوال ہے تو یہ اب تک بھارت کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ہے لیکن ایک ہی زبان میں نہیں ہے بلکہ اس کی کئی زبانوں میں ڈبنگ ہوئی ہے اور اس نے مجموعی طور پر دو ہزار کروڑ کا ہندسہ عبور کر رکھا ہے جبکہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ نے ابھی ایک ہزار کروڑ روپے کا ہی ہندسہ عبور کیا ہے۔ لیکن یہ فلم ابھی بھی اچھا بزنس کر رہی ہے

شاہ رخ خان کے فینز اس کامیابی پر پھولے نہیں سما رہے ہیں اور ان کی واپسی پر یہ کہہ رہے ہیں کہ ‘بادشاہ نے آ کر اپنا تخت سنبھال لیا ہے۔’

واضح رہے کہ دنیا بھر میں کمائی کے معاملے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم ‘اوتار‘ بتائی جاتی ہے، جس نے تقریبا سوا دو ارب ڈالر کی کمائی کی ہے اور یہ فلم سنہ 2009 میں ریلیز ہوئی تھی۔ لیکن بہت سے ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر مہنگائی اور کرنسی کی قیمت میں گراوٹ اور اضافے کو پیش نظر رکھا جائے تو آج تک کی سب سے زیاد کمائی کرنے والی فلم ’گون ود دا ونڈ‘ ہے جو مسلسل 25 سال تک سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم رہی ہے۔

اسی طرح اگر انڈیا کے تناظر میں دیکھا جائے تو کئی فلمیں ایسی ہیں جو اپنی ریلیز کے بعد سے اب تک خاطر خواہ بزنس کر رہی ہیں۔ ان فلموں میں شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ بھی ہے اور امیتابھ بچن اور دھرمیندر کے زمانے کی بلاک بسٹر فلم ’شعلے‘ بھی ہے

لیکن دی ہندو اخبار میں ایسوسی ایٹ ایڈیٹر اور فلم نقاد ضیا السلام نے سنہ 2009 میں لکھا تھا کہ ‘اگر مہنگائی کو ایڈجسٹ کیا جائے تو مغل اعظم اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بالی وڈ فلم رہی ہے۔’

باکس آفس انڈیا کے جون 2017 کے ایک تخمینے کے مطابق مغل اعظم کے لیے سنیما ہال میں فٹ فال 100 ملین سے زیادہ رہا جو کہ ’ہم آپ کے ہیں کون‘ یا ’باہو بلی 2‘ سے بھی زیادہ ہے۔ انڈیا کے مالی اخبار ’منٹ‘ کے مطابق مغل اعظم نے سنہ 2017 تک 13 ارب روپے سے زیادہ کی کمائی کی تھی۔

بہر حال پٹھان نئی تاریخ رقم کر رہی اور اس کو دیکھنے والے ابھی لاکھوں شائقین موجود ہیں

شاہ رخ کی فلم ’پٹھان‘ نے جہاں کامیابی کے اب تک کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں وہیں اکشے کمار کی فلم ’سیلفی‘ نے بھی ناکامی کا نیا ریکارڈ بنا لیا ہے۔ بلکہ صرف ’سیلفی‘ ہی کیوں اس سے پہلے بھی ان کی کئی فلموں کا یہی حال ہوا ہے

لگتا ہے اس وقت اکشے کے ستارے گردش میں ہیں کیونکہ گذشتہ چند برسوں میں انہوں نے دھڑا دھڑ کئی فلاپ فلمیں دی ہیں۔ ان میں فلم ’رام سیتو‘ سے لے کر ’پرتھوی راج چوہان‘، ’رکشا بندھن‘ اور ’بچن پانڈے‘ جیسی فلمیں شامل ہیں

ان کی فلمیں فلاپ ہونے کی وجوہات کیا ہیں، اس کی بھی فہرست لمبی ہے لیکن خود بیچارے اکشے اس صورتِحال سے اتنے پریشان نظر آتے ہیں کہ کبھی بھارت سے اپنی محبت کی قسمیں کھانے لگتے ہیں تو کبھی کینیڈا کی شہریت چھوڑنے کے عہد کو دہراتے لگتے ہیں

ویسے حال ہی میں انہوں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ انہوں نے کینیڈا کی شہریت چھوڑنے اور واپس بھارت کی شہریت حاصل کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close