قطر میں بنایا گیا خوبصورت اور ’ماحول دوست‘ فٹبال اسٹیڈیم

ویب ڈیسک

دوحہ : عرب کے گرم صحرا میں پہلی نظر میں کسی چوڑی روایتی ٹوپی کی طرح دکھائی دینے والی یہ چیز دراصل ایک فٹبال اسٹیڈیم ہے، جسے اگلے فیفا ورلڈ کپ کے لیے تعمیر کیا گیا ہے، جو 2022ع میں قطر میں کھیلا جائے گا

اس تعمیری عجوبے کا نام ’الثمامہ اسٹیڈیم‘ ہے، جو قطر کے دارالحکومت دوحہ سے کچھ فاصلے پر صحرا میں بنایا گیا ہے

قطر کے معروف ماہرِ تعمیرات، ابراہیم محمد جیداہ کے ڈزائن کیے ہوئے اس نئے اسٹیڈیم کی تعمیر کچھ روز قبل ہی مکمل ہوئی ہے

اس کے ڈزائنر ابراہیم جیداہ کے مطابق، الثمامہ اسٹیڈیم کا منفرد ڈزائن روایتی قطری ٹوپی ’غافیہ‘ جیسا ہے، جو خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ صحرا کی شدید گرمی سے کھلاڑیوں اور تماشائیوں کو بھی محفوظ رکھتا ہے

اس تعمیراتی شاہکار اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈ کپ 2022ع کے آٹھ میچز کھیلے جائیں گے، جن میں ایک کوارٹر فائنل بھی شامل ہے

اسٹیڈیم کی غیرمعمولی طور پر پھیلی ہوئی چھت اس کے بڑے حصے کو دھوپ کی شدت سے محفوظ رکھے گی جبکہ گرمی کو مزید کم رکھنے کے لیے یہاں ٹھنڈے پانی کی پھواروں، پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز تک کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے

الثمامہ اسٹیڈیم میں چالیس ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے، لیکن یہ صرف اسٹیڈیم نہیں بلکہ اس میں ایک عدد مسجد، بوتیک، ہوٹل اور وسیع مارکیٹ بھی شامل ہے

واضح رہے کہ دیگر بیشتر عرب ممالک کی طرح قطر بھی ایک گرم صحرائی ملک ہے، جہاں گرمی کے موسم میں کھلے ماحول کا درجۂ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی زیادہ ہوجاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان ملکوں میں بجلی کا بڑا حصہ ایئرکنڈیشننگ کے نظاموں پر صرف ہوتا ہے

الثمامہ اسٹیڈیم میں مختلف تدابیر اختیار کرتے ہوئے یہ یقینی بنایا گیا ہے کہ کم بجلی کے استعمال سے اسٹیڈیم کا اندرونی درجہ حرارت بڑی حد تک کم رکھا جا سکے

اسے مزید ’ماحول دوست‘ بنانے اور اسٹیڈیم میں نصب ایئرکنڈیشننگ سسٹم کے لیے بجلی کی ضرورت پوری کرنے کی غرض سے اس کے قریب ہی شمسی پینلوں کا جال بھی بچھایا گیا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close