عطرالکلام، ہالی وڈ کا اسکرپٹ رائٹر اور ماں کی دی گئی قاری بننے کی دعا

ویب ڈیسک

سعودی عرب کے شہر ریاض میں ’عطر الکلام شو‘ میں فلسطینی نژاد امریکی امیدوار یاسر عمر شاہین، جو ہالی وڈ کے فلم اور ٹی وی سکرین رائٹر بھی ہیں، نے تلاوت قرآن پاک کے مقابلوں میں شرکت کی اور اپنی منفرد تلاوت سے ناظرین کے دل موہ لیے

جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (جی ای اے) کے تحت ہونے والے شو میں شرکت کرنے والے یاسر عمر شاہین نے بتایا ”میری زندگی ہالی وڈ کے ہالز میں قرآن حفظ کرنے، تلاوت کرنے اور اسکرپٹ لکھنے میں گزری۔ میں نے ایک سو تیس سے زائد پروگراموں کی تیاری کی نگرانی کی، چودہ دستاویزی فلمیں بنائیں اور عرب اور اسلامی ممالک میں ٹی وی چینلز پر بہت سے پروگراموں میں شرکت کی“

یاسر عمر نے اپنے لیے درس و تدریس کے پیشے کا انتخاب کیا۔ انہوں نے کیلیفورنیا کی سان ہوزے یونیورسٹی میں فیکلٹی ممبر کی حیثیت سے کام کیا اور متعدد مقابلوں میں حصہ لیا، جس کے باعث وہ عطر الکلام شو میں پہنچے۔ جہاں وہ ان بین الاقوامی شرکا کا حصہ بن گئے، جن کی آوازیں رمضان کے دوران ایم بی سی ون اور شاہد ڈجیٹل پلیٹ فارم پر نشر ہو رہی ہیں

یاسر عمر شاہین بتاتے ہیں ”میں بچپن میں بہت شرارتی تھا۔ اپنی والدہ سے کچھ پیسے چوری کر لیتا تھا تا کہ چپس اور ٹافیاں خرید سکوں۔ جب میری والدہ کو اس کا علم ہوا تو وہ باہر گئیں اور جب ایک گھنٹے کے بعد واپس آئیں تو ان کے پاس قاری محمد البراک کی تلاوت کی ایک کیسیٹ تھی۔۔ انہوں نے مجھے کہا کہ وہ اللہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہیں کہ ایک روز میں بھی محمد البراک جیسا بن جاؤں۔ کئی سال گزرنے کے بعد اللہ تعالیٰ نے میری والدہ کی دعا قبول کی ہے۔ مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں اپنی والدہ کی ہر ممکن توقیر کر رہا ہوں“

یاسر عمر کے اساتذہ کا ماننا ہے کہ اپنے گہرے تخیل کی بدولت انہوں نے فلم سازوں کے ساتھ ان کے شعبوں میں مقابلہ کیا۔ وہ وہاں تھے، جہاں بہت سے عرب امریکیوں کی کمی تھی

انہیں بہت سے بین الاقوامی تجربات حاصل ہیں اور وہ اپنی زندگی کا ایک اہم حصہ ڈیلاس، ٹیکساس کی مساجد میں مسلمان بچوں کو قرآن اور بین الاقوامی قوانین کی تعلیم دینے میں مصروف رہے

عطرالکلام کیا ہے؟

عطرالکلام شو جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے اقدامات میں سے ایک ہے، جو 2019ع میں شروع ہوا۔ ’عطر الکلام‘ کے معنی ’آواز یا کلام کی خوشبو‘ کے ہیں۔ اس شو میں تلاوتِ قرآن پاک اور اذان دینے میں ممتاز صلاحیتوں کے حامل افراد کے درمیان بین الاقوامی مقابلہ کروایا جاتا ہے

’عطر الکلام‘ مقابلہ عالم اسلام کی متنوع ثقافت، قرآن کی تلاوت اور اذان دینے کے طریقوں کو اجاگر کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے

اس کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ بیس لاکھ سعودی ریال سے زائد کے بڑے مالی انعامات مختص کیے گئے ہیں

اس شو کا پہلا ورژن رمضان 2022ع میں سعودی چینل پر لانچ کیا گیا۔ اس میں دنیا کی کچھ بہترین آوازوں کے حامل افراد نے شرکت کی تھی

یہ مقابلہ 2023 میں ایم بی سی اور شاہد ڈجیٹل پلیٹ فارم پر روزانہ ریاض کے وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے نشر کیا جا رہا ہے

تلاوت، صوتیات اور مقام کے اصولوں کے ماہرین پر مشتمل خصوصی جیوری کے سامنے ایک سو ساٹھ سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے نوے ہزار سے زائد شرکا نے پہلے اور موجودہ ایڈیشن میں شرکت کی

جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی (جی ای اے) سعودی وژن 2030ع کے مطابق مملکت میں تفریحی شعبے کو منظم کرنے اور ترقی دینے اور مملکت کے تمام خطوں میں معاشرے کے تمام طبقوں کے لیے تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے کاموں کو انجام دینے کے لیے قائم کی گئی تھی

ریاض میں منعقد ہونے والے اس مقابلے کے لیے ابتدائی طور پر تقریباً ایک سو پینسٹھ ممالک کے پچاس ہزار سے زیادہ شرکا نے آن لائن حصہ لیا، تاہم صرف پچاس شرکا مقابلے کا حصہ بنے۔
انتخاب کے ایک اور مرحلے میں مرکزی جیوری کی جانب سے ان پچاس میں سے بتیس کو مقابلے کے لیے چنا گیا۔ ہر مقابلے میں سولہ شرکا ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close