ٹوئٹر کے مقابلے میں آنے والی ماسٹوڈان ایپ، جس کا کوئی ایک مالک نہیں

ویب ڈیسک

ٹوئٹر کی فروخت اور ایلون مسک کی جانب سے اس میں بڑی تبدیلیاں کرنے کے بعد کچھ صارفین متبادل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی تلاش میں ہیں۔ ٹوئٹر کی تنزلی سے جن پلیٹ فارمز کا فائدہ ہوا، ان میں سے ایک ماسٹوڈان ہے

ماسٹوڈان کے مطابق اس وقت اس کے ساڑھے چھ لاکھ سے زیادہ صارفین ہیں۔ ان میں سے ڈھائی لاکھ کے قریب گذشتہ ہفتے ہی نیٹ ورک میں شامل ہوئے ہیں

ادہر مائیکرو بلاگنگ ایپ ٹوئٹر کو حال ہی میں چھوڑنے والے ایک ملازم نے کہا ہے کہ اس بات کا پچاس فیصد امکان ہے کہ فٹبال ورلڈ کپ کے دوران سائٹ آف لائن ہو سکتی ہے

سابق ملازم نے کہا کہ ’تیاریوں اور عملے کی کمی کی وجہ سے مجھے لگتا ہے کہ یہ ٹوئٹر کے لیے ایک مشکل ورلڈ کپ ہونے والا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’قطر میں 29 دن تک جاری رہنے والے مقابلے کے دوران کسی قسم کا واقعہ جیسا کہ سروس کا سلو ہونا یا غلط جواب دینا تقریباً یقینی ہے۔ کچھ غلط ہونے کے نوے فیصد امکانات ہیں جو صارفین دیکھیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ورلڈ کپ کے آغاز کے ساتھ ٹوئٹر کو ٹریفک کے حوالے سے مشکلات پیش آ سکتی ہیں اور یہ کریش ہو سکتا ہے۔‘

اگر ایسا ہوتا ہے تو یہ مسٹوڈان کے لیے ایک اور پلس پوائنٹ ہوگا

ٹوئٹر اور مسٹوڈان کے استعمال کا تقابل کیا جائے تو جہاں ٹوئٹر پر صارفین ٹویٹ کرتے ہیں، وہیں ماسٹوڈان پر صارفین ’ٹوٹس‘ کرتے ہیں، جن کا جواب دیا جاسکتا ہے، انہیں لائیک مل سکتا ہے اور انہیں شیئر یا ری پوسٹ کیا جا سکتا ہے۔ یہاں صارفین ایک دوسرے کو فالو بھی کر سکتے ہیں

لیکن اس کے علاوہ، اس کا نظام کچھ مختلف ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نئے صارفین اس کی طرف متوجہ ہوئے ہیں جبکہ نئے لوگوں کو سائن اپ میں پریشانی کا سامنا ہے

اگرچہ یہ پلیٹ فارم چھ سال پرانا ہے، لیکن اب اس پر سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں اور نئے صارفین کے آنے سے اسے خود بھی مشکلات درپیش ہیں

ماسٹوڈان پر سرورز کیا ہیں؟

سائن اپ کے دوران جو پہلا کام آپ کو کرنا ہوگا وہ ہے سرور کا انتخاب۔ یہاں بہت سے سرور ہیں جنہیں ملک، شہر یا دلچسپی کے اعتبار سے تقسیم کیا گیا ہے، جیسے برطانیہ، سوشل، ٹیکنالوجی، گیمنگ وغیرہ

اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ کون سا سرور استعمال کرتے ہیں کیونکہ آپ دوسرے سرور والوں کے ساتھ بھی رابطہ قائم کر سکتے ہیں تاہم اس سے آپ کی ذاتی دلچسپیوں کا اندازہ ہوتا ہے اور یہ کہ آپ کس برادری میں زیادہ پائے جائیں گے

ان میں سے سوشل اور برطانیہ دو مقبول سرور ہیں اور یہ زیادہ طلب کی وجہ سے سست روی کا شکار ہیں

رائن والڈ اس ایپ میں برطانیہ کا سرور چلا رہے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ایک دن میں چھ ہزار سے زیادہ نئے صارفین آئے لہذا رجسٹریشن روکنا پڑی ہے

’میں دیکھنا چاہتا تھا کہ اس کی اتنی ہائپ (مقبولیت) کیوں ہے۔ میں نے جمعے کی شب رات دس بجے سرور لگایا اور صبح اٹھ کر معلوم ہوا کہ ایک ہزار لوگ نیٹ ورک میں شامل ہو گئے ہیں۔ مجھے نہیں معلوم تھا کہ یہ اتنا جلدی اثر کرے گا۔‘

یہاں دوسروں کو کیسے تلاش کیا جا سکتا ہے؟

جس سرور کا آپ انتخاب کرتے ہیں، یہ آپ کے یوزر نیم (نام) کا حصہ بن جاتا ہے۔ جیسے اگر آپ کا ٹوئٹر ہینڈل زیڈ ایس کے ہے اور آپ نے برطانیہ کے سرور کا انتخاب کیا تو آپ کا ماسٹوڈان پر نام ہوگا: @zsk@mastodonapp.uk۔

آپ اسی ایڈریس سے کسی کو تلاش کرسکتے ہیں۔

اگر دو لوگ ایک ہی سرور پر ہیں تو آپ کسی کے نام سے اسے سرچ کرسکتے ہیں لیکن اگر آپ مختلف سرورز پر ہیں تو پورا ایڈریس ڈالنا ہوگا

ٹوئٹر کے برعکس ماسٹوڈان آپ کو ایسے صارفین تجویز نہیں کرے گا جن میں آپ دلچسپی لیں۔ آپ یہاں ہیش ٹیگ کی مدد سے بھی سرچ کرسکتے ہیں۔

یہ سرورز پیچیدہ ہیں مگر آسان طریقے سے سمجھایا جائے تو انہیں سمجھنا مشکل نہیں

پیچیدگی کی وجہ یہ ہے کہ ماسٹوڈان اپنے اندر صرف ایک واحد پلیٹ فارم نہیں۔ یہ پلیٹ فارم کسی ایک شخص یا کمپنی کی ملکیت نہیں۔ مختلف سرورز کو ایک ساتھ جوڑا گیا ہے اور اجتماعی نیٹ ورک بنایا گیا ہے۔ اس کی ملکیت مختلف لوگوں اور اداروں کے پاس ہے

اسی لیے اسے ڈی سینٹرلائزڈ (مرکزیت نہ ہونا) کہا جاتا ہے۔ اس نظام کے حامی دعویٰ کرتے ہیں کہ اس طرح اس پلیٹ فارم کو محض ایک شخص کنٹرول نہیں کر پائے گا اور نہ ہی خرید یا بیچ سکے گا

تاہم اس کے کچھ نقصانات بھی ہیں۔ اگر ایک فرد یا ادارہ، جو اس کا کوئی ایک سرور چلا رہا ہے، اپنے سرور کو بند کر دے تو آپ کا اکاؤنٹ ختم ہوجائے گا۔ ماسٹوڈان نے سرور مالکان سے کہا ہے کہ وہ اپنے سرور بند کرنے سے پہلے صارفین کو تین ماہ کا نوٹس دیں

دوسری جانب ٹوئٹر کے بانی جیک ڈورسی بھی اسی طرح ایک سوشل میڈیا نیٹ ورک پر کام کر رہے ہیں، جس کا نام ’بلیو اسکائی‘ ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ بھی اسے ڈی سینٹرلائزڈ بنانا چاہتے ہیں

ماسٹوڈان کی نگرانی کون کرے گا؟

اصل سوال تو یہی ہے۔ فی الحال تمام سرورز کے اپنے اپنے قوائد و ضوابط ہیں اور کچھ جگہوں پر کوئی اصول نہیں

بعض سرورز نے خود کو ایسے سرورز سے دور کر لیا ہے جہاں بہت زیادہ بوٹس اور نفرت انگیز مواد ہے۔ جو سرور ایک جگہ بلاک کیا گیا ہے اس کا مواد وہاں نظر نہیں آتا جبکہ ایک سرور میں کسی پوسٹ کو رپورٹ بھی کیا جا سکتا ہے مگر صرف اسی سرور کے مالک کو

نفرت انگیز تقریر یا غیر قانونی مواد جانچ کر سرور مالکان اسے حذف کر سکتے ہیں مگر اس کا یہ مطلب نہیں کہ یہ مواد ہر جگہ سے ڈیلیٹ ہوجائے

اگر یہ پلیٹ فارم مزید بڑا ہوتا ہے تو یہ ایک پیچیدہ مسئلہ بن سکتا ہے

کیا یہاں کوئی اشتہارات ہیں؟

اس پلیٹ فارم پر اشتہارات نہیں۔ ایسے کوئی قوائد نہیں، جو آپ کو کسی کمپنی یا اشیا کی تشہیر سے روکیں

ماسٹوڈان میں فی الحال ٹوئٹر کی طرح آپ کو مخصوص مواد نظر نہیں آتا، جس کی آپ توقع کرتے ہیں۔ آپ صرف یہ دیکھتے ہیں کہ آپ کے فالوورز کیا کہتے ہیں

کیا یہ مفت ہے؟

یہ اس بات پر منحصر ہے کہ آپ کون سا سرور استعمال کرتے ہیں

کچھ سرور آپ سے ڈونیشن کے طور پر پیسے لیتے ہیں مگر اس ایپ کا ایک بڑا حصہ استعمال کے لیے بالکل مفت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close