فیسبک کی زیرِ ملکیت سماجی رابطوں اور انسٹنٹ میسیجنگ کی بڑی ویب سائٹ واٹس ایپ نے نئے سال میں اپنی خدمات میں تین بڑی تبدیلیاں لانے کا فیصلہ کیا ہے
تفصیلات کے مطابق عالمی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ نے 2021ع میں کئی اہم تبدیلیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اگرچہ ان میں سے کئی تبدیلیاں 2020ع متوقع تھیں، لیکن عالمی کورونا وائرس وبا کی وجہ سے انہیں اگلے سال یعنی 2021ع تک لیے مؤخر کر دیا گیا تھا
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے کئی تبدیلیوں کی منصوبہ بندی کرلی ہے تاہم ان میں سے اہم ترین تبدیلی یہ ہے کہ نئے سال میں واٹس ایپ ویب پر بھی کال اور ویڈیو کال کی سہولت فراہم کردی جائے گی
اس حوالے سے خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے واٹس ایپ ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ آئندہ سال واٹس ایپ یہ سروس متعارف کروا دے گا، جس کے بعد واٹس ایپ ویڈیو کالنگ ایپ زوم اور گوگل میٹ کے مقابلے پر آ سکتا ہے
دوسری اہم متوقع تبدیلی کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ بیٹا آئی او ایس کی اپ ڈیٹ کے بعد صارف واٹس ایپ میں ایک سے زائد وڈیوز اور تصاویر پیسٹ کر سکیں گے
اس کے علاوہ آئندہ سال واٹس ایپ کی پرائیویسی کی شرائط میں بھی تبدیلی کی جارہی ہے
توقع ہے کہ پرائیوسی سے متعلق واٹس ایپ کی شرائط میں تبدیلی فروری تک کر دی جائے گی. اس حوالے سے تاحال کوئی واضح تبدیلیوں کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم تمام صارفین پر ان شرائط کو تسلیم کرنا ضروری ہوگا
آئندہ سال واٹس ایپ ایک ہی اکاؤنٹ سے متعدد ڈیوائسز کو استعمال کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی منصوبہ بندی کررہا ہے
ٹیکنالوجی امور کے ماہرین کے مطابق کووڈ-19 کے بعد فاصلاتی رابطوں، ویڈیو کالنگ وغیرہ اور بڑھتی ہوئی اہمیت و ضرورت کے باعث اس شعبے میں آئند برس کئی تیز رفتار تبدیلیاں آ سکتی ہیں.