امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے محکمہ پولیس کے مطابق جمعے کی رات فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں ایک بچی بھی شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے دونوں واقعات شہر کے ایک مخصوص حصے میں مختصر وقفے کے درمیان رونما ہوئے، اس لیے پولیس کو شبہ ہے کہ دونوں واقعات کا تعلق ایک دوسرے سے ہو سکتا ہے
واشنگٹن ڈی سی کے اسسٹنٹ چیف آف پٹرول سروسز ساؤتھ آندرے رائٹ کے مطابق جمعے کی شام دس بجے لیباؤم اسٹریٹ پر فائرنگ کی آواز سنائی دی اور پولیس عملے کے وہاں پہنچنے پر پتا چلا کہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں
اس واقعے سے متاثرہ افراد اپنی مدد آپ کے تحت خود ہی ہسپتال پہنچ گئے تھے
آندرے رائٹ کے مطابق پولیس اہلکار لیباؤم اسٹریٹ پر اُس وقت موجود تھے، جب انہیں ایک دوسری گلی میں بھی فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ وہاں پہنچنے پر پولیس نے دیکھا کہ ایک بارہ سالہ بچی جسم کے نچلے حصے پر گولی لگنے کی وجہ سے زخمی ہوئی۔ انہوں نے تاہم واضح کیا کہ اس بچی کو لگنے والی چوٹ جان لیوا یا مہلک نہیں تھی
عینی شاہدین نے ایک سیاہ مرسڈیز کار کی نشاندہی کی، جس سے تخریب کاروں نے مبینہ طور پر گولی چلائی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اس گاڑی میں سوار ملزمان دندناتے ہوئے آئے اور انہوں نے وہاں موجود لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کی
پولیس آفیسر آندرے رائٹ نے کہا،” اگرچہ فائرنگ کے ان واقعات کا ممکنہ مقصد فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکا، تاہم ان دونوں واقعات کی کڑی ایک دوسرے سے جڑی ہو سکتی ہے“
ہلاکت خیزی کے بڑھتے واقعات
واضح رہے کہ امریکہ میں بڑے پیمانے پر ہونے والے فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعات میں ہلاکتوں کے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔ رواں سال اب تک لگ بھگ ہر ہفتے فائرنگ کا ایک ہلاکت خیز واقعہ رپورٹ ہوا ہے
رواں سال کے 111 دنوں میں پیش آنے والے 17 ہلاکت خیز واقعات میں 85 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ ہر واقعے میں حملہ آوروں نے جدید اسلحہ استعمال کیا
خیال رہے کہ صرف سال 2009ع وہ برس تھا، جب اتنے ہی عرصے میں کم ترین واقعات پیش آئے تھے
رواں برس اس ہفتے کے عمومی آغاز پر پیر کو اسکول کھلے تو امریکی ریاست ٹینیسی کے پہلی گریڈ اسکول کے بچوں کو ہفتے کے پہلے دن فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا
شمالی کیلی فورنیا میں فارم پر کام کرنے والوں کو آپس کی رنجش پر گولیوں سے بھون دیا گیا تھا
ریاست کیلی فورنیا کے شہر لاس اینجلس کے ایک بال روم میں ڈانسرز کو نئے قمری سال کا جشن مناتے ہوئے نشانہ بنایا گیا
گزشتہ ہفتے ریاست الاباما کے ایک چھوٹے سے قصبے ڈیڈویلے میں ایک سولہ سالہ لڑکی کی سالگرہ کی تقریب میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے چار افراد ہلاک اور بتیس زخمی ہوئے تھے
امریکی ریاست مین کے علاقے بوڈوئن میں جیل سے حال ہی میں رہائی پانے والے ایک شخص نے اپنے والدین سمیت چار افراد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا جس کے بعد حملے آور نے ہائی وے پر سفر کرنے والے موٹر سائیکل سواروں پر فائرنگ کی
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس، یو ایس اے ٹو ڈے اور امریکہ کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کے تعاون سے مرتب کردہ ڈیٹا بیس کے مطابق 2006ع سے اب تک دو ہزار 842 افراد فائرنگ کے ہلاکت خیز واقعات میں مارے جا چکے ہیں
واضح رہے کہ اس ڈیٹا بیس میں کسی واقعے میں چار یا اس سے زیادہ اموات کو ہلاکت خیز واقعہ قرار دیا گیا ہے
امریکہ میں رواں سال بڑھتے ہوئے فائرنگ کے واقعات کی تعداد میں حیران کن اضافہ ہوا ہے جو کہ مرتب کردہ اعدادوشمار کے مطابق امریکہ میں ہر ساتویں دن فائرنگ کا ایک واقعہ پیش آ رہا ہے
یہ اعداد و شمار تو لگ بھگ دو دہائیوں سے مرتب کیے جا رہے ہیں۔ تاہم جب سے انہیں ترتیب دیا جا رہا ہے ان میں رواں سال کے اعداد و شمار سب سے زیادہ دکھائی دیتے ہیں
ہلاکت خیز واقعات کے محرکات
امریکہ میں پیش آنے والے ان واقعات کے پس پردہ محرکات مختلف ہیں جن میں قتل، خود کشی، گھریلو تشدد، گروہوں کی جوابی کارروائی، اسکولوں یا تعلیمی اداروں میں فائرنگ اور کام کرنے کے مقامات پر انتقام کے واقعات شامل ہیں
امریکہ میں ایک جانب ایسے ہلاکت خیز واقعات کا سلسلہ جاری ہے اور اس کے سدِباب میں کئی رکاوٹیں حائل نظر آتی ہیں تو دوسری جانب کانگریس کی طرف سے نیم خودکار رائفلوں پر پابندی کو بحال کرنے کا امکان بھی بہت کم دکھائی دے رہا ہے، جب کہ امریکی سپریم کورٹ نے گزشتہ سال ملک میں اسلحہ رکھنے سے متعلق قوانین پر نظرِ ثانی کے لیے نئے قواعد مرتب کیے تھے
واضح رہے کہ 2009 میں سال بھر میں فائرنگ کے 32 ہلاکت خیز واقعات پیش آئے تھے جن میں 172 اموات ہوئی تھیں۔ سال 2006 سے جمع کیے جا رہے اعداد و شمار کی سالانہ اوسط سے یہ واقعات اور اموات زیادہ ہیں۔ گزشتہ 17 برس میں سالانہ لگ بھگ 31.1 ہلاکت خیز واقعات پیش آئے جن میں اوسطاََ 162 اموات ریکارڈ کی گئیں
تاہم پچھلی دہائی میں اس طرح کے خوف ناک واقعات میں ریکارڈ اضافہ ہوتا جا رہا ہے
اعدادوشمار کے مطابق 2019 میں سب سے زیادہ 45 واقعات پیش آئے، جب کہ 2017 میں اس نوعیت کے واقعات میں 230 افراد ہلاک ہوئے
اسی برس ریاست نیواڈا کے علاقے لاس ویگاس میں ایک کلب میں منعقدہ میوزک فیسٹیول کے دوران ایک حملہ آور کی فائرنگ سے 60 افراد ہلاک ہوئے
جدید امریکہ میں اب بھی سب سے زیادہ ہلاکتیں بڑے پیمانے پر ہونے والے فائرنگ کے واقعات کے سبب رپورٹ ہو رہی ہیں۔