نصیر الدین شاہ نے سندھی زبان کے متعلق اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا

ویب ڈیسک

بولی وڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے سندھی زبان سے متعلق اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے غلط بات کی

انڈین اداکار نصیر الدین شاہ نے سندھی زبان کے بارے میں اپنے بیان پر غلطی کا اعتراف کر لیا ہے۔
بدھ کے روز سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک پر نصیر الدین شاہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ سندھی زبان کے بارے میں اُن کا بیان غلط تھا

اپنی فیس بک اور انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے لکھا کہ ’حالیہ دنوں میں میرے بیان پر دو بالکل غیر ضروری تنازعات نے جنم لیا۔ ایک میری سندھی زبان کے بارے میں غلط بیان سے متعلق تھا۔ میں اس بارے میں غلط تھا۔‘

اداکار نے مزید لکھا کہ ’دوسرا تنازع میرا مراٹھی اور فارسی زبان کے درمیان رشتے کے بارے میں بیان کا تھا۔ میرے الفاظ یہ تھے کہ مراٹھی کے کئی الفاظ فارسی کے نکلے ہیں۔ میرا مقصد مراٹھی زبان کی توہین کرنا نہیں تھا لیکن میرا کہنا یہ تھا کہ مختلف رنگ ثقافتوں کو بڑھاتے ہیں۔ اُردو بھی ہندی، فارسی، ترک اور عربی زبان کا مرکب ہے۔ انگریزی نے یورپی زبانوں سے الفاظ اُدھار لیے ہیں۔‘

عدنان صدیقی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ غلطی پر معافی مانگنا درحقیقت انسان کے کردار کے بارے میں بتاتی ہے، نصیر صاحب کے حالیہ بیان کی وجہ سے میرے دل میں ان کے لیے عزت مزید بڑھ گئی ہے، اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا اور ذمہ داری لینے کے لیے عاجزی اور جرأت کی ضرورت ہوتی ہے۔‘

اس سے پہلے اداکار کا سوشل میڈیا پر ایک بیان وائرل ہوا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں سندھی زبان اب نہیں بولی جاتی

اپنی ویب سیریز ’تاج ڈیوائڈڈ بائے بلڈ‘ کے دوسرے سیزن کی تشہیر کے دوران نصیر الدین شاہ نے 5 جون کو بھارتی یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں برصغیر کی زبانوں پر بات کرتے ہوئے سندھی زبان سے متعلق بے بنیاد دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب سندھی زبان پاکستان میں نہیں بولی جاتی

نصیر الدین شاہ نے انٹرویو میں برصغیر کی ثقافت اور زبانوں پر بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان میں اردو کی طرح پنجابی زبان بھی زیادہ بولی جاتی ہے

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں پشتو، بلوچی، دری اور سرائیکی زبانیں بھی بولی جاتی ہیں

نصیر الدین شاہ نے مذکورہ بات کرتے ہوئے کہا تھا ”یقیناً اب سندھی زبان پاکستان میں نہیں بولی جاتی“

ان کی جانب سے پاکستان میں سندھی زبان نہ بولے جانے کے دعوے کے بعد جہاں پاکستانی شوبز شخصیات نے ان کے دعوے پر رد عمل دیا تھا، وہیں عام سوشل میڈیا صارفین نے بھی انہیں مخاطب ہوتے ہوئے انہیں سندھ آنے کی دعوت دی تھی تاکہ وہ یہاں آ کر سندھی زبان بولنے والوں کو دیکھ سکیں

شوبز شخصیات اور سوشل میڈیا صارفین کی تنقید کے بعد اب نصیر الدین شاہ نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اقرار کیا ہے کہ انہوں نے سندھی سے متعلق غلط بات کی

جس کے بعد انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے سندھی زبان سے متعلق کیے گئے اپنے دعوے پر غلطی تسلیم کی، جس پر پاکستانی شوبز شخصیات، سوشل میڈیا صارفین اور سندھی زبان بولنے والے افراد اداکار سے خوش دکھائی دیے

قبل ازیں نصیر الدین شاہ کے پہلے بیان پر شدید ردعمل سامنے آیا تھا، پاکستانی ہدایت کار اور ڈائریکٹر یاسر نواز، دانش نواز اور اداکارہ منشا پاشا نے ایک ساتھ سندھی زبان میں کہا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ آج بھی سندھی زبان بولتے ہیں

نصیر الدین شاہ کے انٹرویو کلپ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکارہ منشا پاشا نے ٹوئٹ کے ذریعے واضح کیا کہ بطور قابل فخر سندھی جو کہ گھر میں سندھی بولتی بھی ہوں، میں اس رائے سے اختلاف کرتی ہوں

کوی شنکر نے اپنی ٹویٹ میں لکھا ’یہ غلط بات ہے سر۔ براہ کرم سندھ آئیں۔ آپ یہاں سندھی بولنے والے لوگوں کو دیکھیں گے۔‘

سواتی گوئل شرما نے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’بالی وُڈ کے سب سے بڑے دانشور۔‘ٹوئٹر ہینڈل اوکے سوری نے دلچسپ انداز میں لکھا کہ ’ہاں جی ہم ختم ہوگئے ہیں۔ میں موہن جو دڑو کے مدفون ٹِیلوں سے ٹویٹ کر رہی ہوں۔ لاکھوں سال پہلے دریائے سندھ خشک ہوگیا ہے۔ پاکستان میں سندھی نہیں بولی جاتی۔ سب چینی زبان اور اُردلش (اردو اور انگلش) بول رہے ہیں۔‘

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close