کراچی کے ضلع شرقی میں سہراب گوٹھ کے مقام پر ماحولیاتی نمونوں میں رواں سال کے پہلے پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) میں پاکستان پولیو لیبارٹری کے مطابق یہ نمونے 15 مئی کو لیے گئے تھے
یاد رہے کہ کراچی میں آخری بار سال 2022ع میں لانڈھی کے ماحولیاتی نمونوں میں وائرس پایا گیا تھا
این آئی ایچ کے عہدیدار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ”سیوریج میں وائرس کی موجودگی سے پتہ چلتا ہے کہ اس علاقے میں بچوں کی قوت مدافعت میں کمی ہے اور انہیں بیماری کا خطرہ ہے“
انہوں نے مزید کہا ”پاکستان پولیو پروگرام پہلے ہی ہر ماہ ملک بھر سے ایک سو چودہ ماحولیاتی مقامات پر پولیو وائرس کی جانچ کر رہا ہے، جن علاقوں میں زیادہ خطرہ ہے، وہاں سے اضافی سیوریج کے نمونے جمع کیے جارہے ہیں“