سپر مارکیٹ کی شاپنگ ٹرالیاں، جو خریداروں کے ’دل کا حال‘ بتاتی ہیں۔۔

ویب ڈیسک

ماہرین سُپر مارکیٹ کی شاپنگ ٹرالی یا رولر کے ہینڈل میں ایک خصوصی سینسر لگانے کا تجربہ کر رہے ہیں، جو خریداروں کے دل کی دھڑکن سے انہیں لاحق امراضِ قلب کے خطرات کے بارے میں آگاہ کر سکتا ہے

برطانیہ میں لیورپول کے محققین نے مقامی اسٹور کی کچھ شاپنگ ٹرالیوں میں خصوصی سینسر نصب کیا تاکہ خریداروں کی دل کی دھڑکن سے دل کے دورے کا خطرہ جانچا جا سکے

جن ٹرالیوں میں سینسر نصب تھا، انہیں دو ہزار سے زائد خریداروں نے استعمال کیا

یہ سینسر دو ماہ تک ٹرالیوں میں نصب رہا، اس دوران محققین کی جانب سے کیے گئے مطالعے سے معلوم ہوا کہ انتالیس افراد ’ایٹریل فیبریلیشن‘ نامی بیماری میں مبتلا ہیں

لیورپول کی جان مورز یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے محقق پروفیسر ایان جونز کا کہنا ہے ”مطالعے کا مقصد انسانوں کی روزمرہ کے معمولات میں خلل ڈالے بغیر ان کی صحت کی جانچ کرنا تھا“

پروفیسر ایان جونز نے بتایا کہ تحقیق میں خریداروں کی صحت کی جانچ کے لیے ٹرالی کا استعمال کرنا مشکل مرحلہ تھا، تاہم جن سے ہم نے رابطہ کیا، ان میں سے تقریباً دو تہائی خریدار ٹرالی استعمال کرنے پر خوش تھے

اس کے علاوہ جن لوگوں نے ٹرالی کو استعمال کرنے سے انکار کیا، اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ اپنی صحت کی نگرانی کے بارے میں فکرمند ہونے کے بجائے جلدی ​​میں تھے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگ اپنی صحت کے حوالے سے زیادہ فکرمند دکھائی نہیں دیتے

واضح رہے کہ ’ایٹریل فبریلیشن‘ ایسی بیماری ہے، جس میں اکثر دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے، جو فالج، ہارٹ فیل ہونے اور دل سے متعلق دیگر پیچیدگیوں کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے

امریکی ہارٹ ایسوسیئیشن کے مطابق ایٹریل فیبریلیشن دل کی بیماری ہے، یہ اس وقت نمودار ہوتی ہے جب دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی ہے، اگرچہ اس بیماری کی کوئی علامات نہیں ہیں تاہم مریض کے طبی چیک اَپ کے دوران اس بیماری کی تشخیص ہوتی ہے

ایٹریل فیبریلیشن دل میں خون جمنے کے خطرے کو بڑھا سکتی ہے جو فالج کا باعث بن سکتا ہے، خیال کیا جاتا ہے ایٹریل فیبریلیشن سے برطانیہ میں دس لاکھ سے زائد اور عالمی سطح پر چالیس لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں

مذکورہ تحقیق کے نتائج اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا میں یورپی سوسائٹی آف کارڈیالوجی کانفرنس میں پیش کیے گئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close