مریخ پر انسانوں کا رہنا، سائنسدانوں کا ایک پرانا خواب ہے۔ چار انسانوں نے آخر کار مریخ پر رہنے کا یہ خواب حقیقت میں بدل دیا، لیکن اس کہانی میں ایک موڑ ہے
کیلی ہیسٹن کی قیادت میں، جو مصنوعی مریخ کے مسکن مشن کے کمانڈر ہیں، فلائٹ انجینئر راس بروک ویل، میڈیکل آفیسر ناتھن جونز، اور سائنس آفیسر ان کا سیلاریو مریخ پر رہ رہے ہیں لیکن اس کہانی کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ ان کا نیا مریخ کا گھر ہماری اس زمین پر ہی ہے
دراصل یہ امریکی تحقیقی ادارے ناسا کا ایک زمینی مشن ہے، جس کے دوران محققین مریخ پر انسانی مشن کے چیلنجوں کی نقالی کریں گے۔ یہ انسانوں کو مریخ پر بھیجنے کی پیچیدگیوں کو سمجھنے کا حصہ ہے
مریخ پر رہائش کے مقصد کے لیے یہ جاننا ضروری ہے کہ مریخ پر پہنچنے پر انسانی جسم پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ امریکی خلائی ادارے ناسا نے مریخ جیسے ماحول پر مبنی ایک 3 ڈی پرنٹڈ جگہ تیار کی ہے جہاں چار افراد ایک سال تک قیام کریں گے۔ چاروں افراد کو اس جگہ پر 25 جون کو بند کیا گیا تھا
اس کا مقصد یہ جاننا ہے کہ مریخ پر طویل دورانیے کے مشنز سے انسانی جسم اور ذہن پر کیا اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ مزید برآں یہ دریافت کیا جا سکے کہ سرخ سیارے پر زندہ رہنے اور ترقی کی منازل طے کرنے کے لیے کیا کرنا پڑے گا۔ یہ سائنسی مشن انسانوں کو مریخ پر بھیجنے کی پیچیدگیوں کو سمجھنے میں مدد کرے گا، کیونکہ دنیا بھر کے ممالک انسانوں کو بین السیارہ بنانے کے لیے ہاتھ ملا رہے ہیں
کیلی ہیٹسن نامی سائنسدان اس مشن کی کمانڈر ہیں جو بانجھ پن، جگر کے امراض اور ذہنی مسائل کے حوالے سے اسٹیم سیلز پر تحقیق کرتی رہی ہیں۔ ان کی قیادت میں فلائٹ انجینئر راس بروک ویل، میڈیکل آفیسر ناتھن جونز، اور سائنس آفیسر اینکا سیلاریو ہیوسٹن کے جانسن اسپیس سینٹر میں 3D پرنٹ شدہ، 1,700 مربع فٹ کے مسکن میں داخل ہوئے، جو مریخ جیسے ماحول میں ایک سال تک رہیں گے
ہیوسٹن کے جانسن اسپیس سینٹر میں اس مقصد کے لیے ایک خصوصی مقام تیار کیا گیا ہے
اس مشن کو ’کریو ہیلتھ اینڈ پرفارمنس ایکسپلوریشن اینالاگ‘ (CHAPEA) کا نام دیا گیا ہے، یہ ایک زمینی مشن ہے جس کے دوران محققین مریخ پر انسانی مشن کے چیلنجوں کی نقالی کریں گے، بشمول وسائل کی حدود، آلات کی ناکامی، مواصلات میں تاخیر، اور دیگر ماحولیاتی دباؤ وغیرہ
اینالاگ کے دوران عملے کی بڑی سرگرمیاں مصنوعی خلائی چہل قدمی پر مشتمل ہونگی، بشمول ورچوئل ریئلٹی، مواصلات، فصل کی کاشت و نشوونما، کھانے کی تیاری اور استعمال، ورزش، حفظانِ صحت کی سرگرمیاں، ورزش، دیکھ بھال کا کام، ذاتی وقت، ذاتی صفائی، جگہ کی مرمت، اور نیند، جیسا کہ ناسا کے مشن بریف میں بتایا گیا ہے
ناسا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ماحول کو مریخ جیسا بنانے کے لیے مشن میں شامل افراد کو مختلف مسائل جیسے وسائل کی کمی، تنہائی اور آلات کی خرابی کا سامنا بھی ہوگا
دریں اثنا، عملے کے ارکان روبوٹک عناصر کو دور سے چلانے میں بھی وقت گزاریں گے، جو ممکنہ طور پر مریخ پر حقیقی عملے کے لیے اپنی تلاش کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ضروری ہوں گے۔ وہ ہیلی کاپٹر نما ڈرون اور گھومنے والے روبوٹ کو کنٹرول کرنے کے بھی ذمہ دار ہوں گے
عملہ دور دراز علاقوں کا سروے کرنے اور چٹان کے نمونوں کی شناخت اور بازیافت کرنے کے لیے ڈرون اور روبوٹ کو چلانے کے لیے رہائش گاہ کے اندر جوڑوں میں کام کرے گا
بیان میں مزید بتایا گیا کہ اس جگہ پر مریخ جیسے ماحول کی تیاری کے لیے سرخ ریت سے بھرے سینڈ باکس بھی تیار کیے گئے ہیں، جہاں مختلف کام کیے جائیں گے
اس مشن کی پرنسپل تفتیش کار گریس ڈگلس بتاتی ہیں ”اس تحقیق سے ہمیں علمی اور جسمانی کارکردگی کا ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مدد ملے گی تاکہ ہمیں مریخ پر طویل مدتی مشن کے عملے کی صحت اور کارکردگی پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کے بارے میں مزید فہم ملے۔ بالآخر، یہ معلومات ناسا کو مریخ پر ایک کامیاب انسانی مشن ڈیزائن کرنے اور منصوبہ بندی کے لیے باخبر فیصلے کرنے میں مدد دے گی“
امریکی خلائی ایجنسی ہمارے اگلے دروازے کے کائناتی پڑوسی پر رہائش کی ضروریات کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے ایسے تین اینالاگ مشنوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ جبکہ اینالاگ مشن ایک کا آغاز اس سال ہوگا، دوسرا مشن 2025 میں کیا جائے گا، اور تیسرا مشن 2026 میں فالو اپ کیا جائے گا۔
مارس ڈیون الفا Mars Dune Alpha ایک 3D پرنٹ شدہ ڈھانچہ ہے، جو طویل مدتی، ایکسپلوریشن کلاس خلائی مشنوں کی مدد کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ رہائش گاہ کے اندر رہنے اور کام کرنے کے لیے الگ الگ علاقے فراہم کرتا ہے۔ رہائش گاہ میں عملے کے چار پرائیویٹ کوارٹرز، وقف شدہ ورک اسٹیشن، ایک میڈیکل اسٹیشن، کامن لاؤنج ایریاز، ایک گیلی Galley، اور خوراک اگانے والے اسٹیشن ہیں
خیال رہے کہ اسپیس ایکس کی جانب سے اسٹار شپ راکٹ تیار کیے جا رہے ہیں جو انسانوں کو مستقبل قریب میں چاند اور مریخ پر لے جائیں گے
اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک تو انسانوں کو مریخ پر بسانے کے بھی خواہشمند ہیں۔