ٹوئٹر بمقابلہ تھریڈز: ٹوئٹر کی میٹا کو مقدمہ دائر کرنے کی دھمکی، کون کس کو مات دے گا؟

ویب ڈیسک

فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے ‘تھریڈز’ کے نام سے اپنا نیا پلیٹ فارم لانچ کر دیا ہے۔ یہ نئی ایپ ٹوئٹر کی طرز پر ہی ڈیزائن کی گئی ہے اور اس کی براہ راست حریف بھی مانی جا رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس سے دو ارب پتیوں، مارک زکربرگ اور ایلون مسک کے درمیان مقابلہ مزید بڑھ جائے گا، جس کی جھلکیاں نظر آنی شروع ہو گئی ہیں

ٹوئٹر نے فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کو نئی سوشل میڈیا ایپ تھریڈز لانچ کرنے پر دھمکی آمیز خط بھیجا ہے، جس میں اس کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا عندیہ دیا ہے

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹوئٹر کے وکیل ایلکس سپیرو کی جانب سے بھیجے گئے خط میں میٹا پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے ٹوئٹر کے سابق ملازمین کی خدمات حاصل کیں، جو کمپنی کی خفیہ معلومات اور تجارتی راز رکھتے تھے اور ابھی بھی رکھتے ہیں

دوسری جانب ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک نے اسی حوالے سے ایک ٹویٹ میں کہا ’مسابقت ٹھیک ہے لیکن دھوکہ دہی ٹھیک نہیں۔‘

خیال رہے کہ جمعرات کو میٹا نے نئی سوشل میڈیا ایپ لانچ کی تھی، جس پر ایک دن میں ہی تین کروڑ سے زائد صارفین اپنا اکاؤنٹ بنا چکے ہیں

تھریڈز کے لانچ کے محض سات گھنٹوں کے اندر ایک کروڑ لوگوں نے سائن اپ کیا۔ میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے اس سے پہلے اپنی ایک پوسٹ میں کہا تھا ”تھریڈز کے لانچ کے پہلے دو گھنٹوں کے اندر دو ملین سے زیادہ لوگوں نے سائن اپ کر لیا ہے“

معروف خبررساں اداروں نے بھی تھریڈز میں سائن اپ کیا ہے جن میں واشنگٹن پوسٹ، رائٹرز، دی اکنامسٹ، نیو یارک پوسٹ شامل ہیں

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے تھریڈز میں سائن اپ نہیں کیا ہے اور ایسا کرنے کا امکان بھی نہیں ہے کیونکہ وہ تھریڈ کے مقابلے میں سوشل میڈیا کی بڑی ایپلیکیشن ٹوئٹر کے مالک ہیں

ٹوئٹر ہی کی طرح ’تھریڈز‘ پر بھی صارف ٹیکسٹ یعنی تحریری پیغامات کے ساتھ ہی لنکس پوسٹ کر سکتے ہیں اور دوسروں کے پیغامات کا جواب دینے کے ساتھ ہی کسی بھی پوسٹ کو شیئر بھی کیا جا سکتا ہے

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ٹوئٹر اپنے انٹیلیکچوئل پراپرٹی رائٹس یعنی املاک دانش کے حقوق سختی سے نافذ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے اور میٹا سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ ٹوئٹر کے تجارتی راز یا دیگر انتہائی خفیہ معلومات کا استعمال روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے‘

میٹا کی ترجمان نے تھریڈز پر پوسٹ میں کہا کہ سوشل میڈیا ایپ کی انجینیئرنگ ٹیم میں ٹوئٹر کا کوئی سابق اہلکار شامل نہیں ہے

ٹوئٹر کے ایک سابق اہلکار نے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی سابق ساتھی کے تھریڈز پر کام کرنے یا میٹا کا حصہ ہونے کے حوالے سے معلومات نہیں

امریکی یونیورسٹی اسٹینفرڈ میں قانون کی پروفیسر مارک لیملے کا کہنا ہے کہ تجارتی راز چرانے کے الزامات کی بنیاد پر کارروائی کے لیے ٹوئٹر کو مزید معلومات فراہم کرنا پڑیں گی

انہوں نے کہا کہ سابق اہلکاروں کی خدمات حاصل کرنے اور ٹوئٹر سے ملتی جلتی ویب سائٹ لانچ کرنا تجارتی راز چرانے کے الزامات کے دعوے کی حمایت نہیں کرتا

یورپ میں ڈیٹا سکیورٹی کے خدشات کی بنیاد پر تھریڈز کی ایپ فی الحال میسر نہیں ہے

مارک زکربرگ نے امید ظاہر کی ہے کہ تھریڈز ایک ارب صارفین کے اکاؤنٹس کا ٹارگٹ مکمل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی

تھریڈز کی ایپ کو انسٹاگرام کے ساتھ منسلک ہونے کی وجہ سے صارفین کی تعداد کے حوالے سے اُن چیلنجز کا سامنا نہیں ہوگا جو کسی بھی نئی ایپ کو درپیش ہو سکتا ہے

انسٹاگرام استعمال کرنے والے دو ارب سے زائد صارفین کو تھریڈز تک آسان رسائی حاصل ہو گی جس سے اس نئی ایپ کے فالورز کی تعداد میں بھی اضافہ ہونے میں مدد ملے گی

کیا میٹا کا ’تھریڈز‘ ٹوئٹر کو مات دے سکتا ہے؟

تھریڈز کو ایلون مسک کی ملکیت والے ٹوئٹر کے لیے اب تک کا سب سے بڑا چیلنج مانا جا رہا ہے۔ ویسے اس سے پہلے بھی سوشل میڈیا کے ممکنہ حریفوں کا ایک سلسلہ سامنے آتا رہا ہے، تاہم جود کوئی بھی اب تک ٹوئٹر کے قریب بھی نہیں پہنچ سکا

اس بارے میں رائے بھی کافی منقسم ہے کہ آیا تھریڈز ٹوئٹر کو پیچھے چھوڑ سکے گا یا نہیں۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ چونکہ تھریڈز انسٹاگرام کے ساتھ لنک ہے، اس لیے وہ اسے تیار شدہ صارف کی بنیاد فراہم کرتا ہے اور اس سے اس کو کافی فائدہ پہنچے گا

تاہم دوسرے حلقے کا یہ موقف ہے کہ چونکہ ٹوئٹر خبروں پر مبنی نقطہ نظر سے ایک منفرد پلیٹ فارم ہے، جبکہ انسٹاگرام ایک بصری پلیٹ فارم ہے، اس لیے صورت حال کو تبدیل کرنا اتنا آسان نہیں ہوگا

لیکن دوسری طرف میٹا کو ٹوئٹر سے مقابلے کے لیے اپنے انسٹاگرام صارفین میں سے صرف ایک چوتھائی کی ہی ضرورت ہے اور اگر ایسا ہو جائے تو تھریڈز کے صارفین کی تعداد ٹوئٹر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے

مارک ذکر برگ سے جب یہ سوال کیا گیا کہ کیا تھریڈز ٹوئٹر سے بھی بڑا ہو سکتا ہے، تو ان کا کہنا تھا، ”ابھی اس میں کچھ وقت لگے گا، تاہم میرے خیال سے بات چیت کے لیے ایک ایسی عوامی ایپ ہونی چاہیے، جس پر ایک ارب سے زیادہ لوگ ہوں۔ ٹوئٹر کو ایسا کرنے کا موقع ملا، لیکن وہ کر نہ پائے۔ امید ہے کہ ہم کر پائیں گے“

اس سے قبل انہوں نے تھریڈز کو ’گفتگو کے لیے ایک کھلی اور دوستانہ عوامی جگہ‘ کے طور پر متعارف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ خیال یہ ہے ”انسٹاگرام کے بہترین حصے کو لے کر ایک نیا تجربہ پیش کیا جائے۔“

مارک ذکر برگ کا کہنا تھا، ”ہمارا نقطہ نظر انسٹاگرام کے بہترین حصوں کو لے کر متن، خیالات، اور آپ کے ذہن میں موجود باتوں پر مبنی بحث کے لیے ایک نیا تجربہ پیش کرنا ہے۔ میرے خیال سے دنیا کو اس قسم کی دوستانہ برادری کی ضرورت ہے اور میں آپ سب کا شکر گزار ہوں، جو پہلے ہی دن سے تھریڈز کا حصہ بنے۔ تھریڈز اب ایپ اسٹور میں بھی دستیاب ہے۔“

ماہرین اور تجزیہ کاروں کے مطابق انسٹاگرام کے ایک ارب سے زائد صارفین کے لیے نئی ایپ تک آسانی سے رسائی، ٹوئٹر سے ملتا جلتا یوزر انٹر فیس اور میٹا کی جانب سے اشتہارات نے تھریڈز کو ٹوئٹر کے لیے حقیقی ’تھریٹ‘ بنا دیا ہے۔

میٹا کمپنی کے حصص کی قیمتوں میں 6 جولائی کو مارکیٹ کھلنے سے پہلے ہی ایک فیصد اضافہ ہوا جبکہ بدھ کو 3 فیصد اضافہ دیکھا گیا

چاپمین یونیورسٹی کے مارکیٹنگ پروفیسر نیکلس مہر نے بتایا کہ ایسا کسی منصوبے کے تحت ہوا یا نہیں، یہ تو معلوم نہیں مگر میٹا نے تھریڈز کو درست وقت پر متعارف کرایا، جس سے اسے ٹوئٹر کو پیچھے دھکیلنے کا موقع ملا ہے

ایلون مسک کا پہلا رد عمل

ذکربرگ کی نئی پیشکش کے لانچ کے جواب میں ایلون مسک نے اپنے پہلے رد عمل میں ’تھریڈز‘ کو ٹوئٹر کی نقل قرار دیا۔ مسک نے اپنی ایک ٹویٹ میں ہنستے ہوئے چہرے کا ایموٹیکون پوسٹ کیا اور کہا کہ ”تھریڈز ’کی ورڈز‘ کے استعمال سے صرف کاپی اور پیسٹ کے فیچر کے لیے تیار کیا گیا ہے۔“

کہا جا رہا ہے کہ میٹا کی نئی ایپ مسک اور ذکربرگ کے درمیان تازہ رسہ کشی کا ایک نیا باب ہو سکتا ہے

تھریڈز کیا ہے؟

تھریڈز فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی کی ایک نئی ایپ ہے، یہ پلیٹ فارم ٹوئٹر کی طرح نظر آتا ہے، جس میں بڑے پیمانے پر ٹیکسٹ پر مبنی پوسٹس کی فیڈ ہوتی ہے، یہاں صارفین تصاویر اور وڈیوز بھی پوسٹ کر سکتے ہیں

میٹا نے کہا ہے کہ تھریڈز پر پوسٹ کیے گئے پیغامات میں 500 حروف کی حد ہوگی، ٹوئٹر کی طرح، صارفین دوسروں کی تھریڈ پوسٹس کا رپلائی، ری پوسٹ اور کوٹ (quote) کر سکتے ہیں

آپ اپنے تھریڈ اکاؤنٹس کو پبلک یا پرائیویٹ بھی کر سکتے ہیں، ویریفائڈ انسٹاگرام اکاؤنٹس خود بخود تھریڈز پر ویریفائڈ رہیں گے

مارک زکربرگ نے اس ایپ کو ٹوئٹر کا ’دوستانہ‘ حریف قرار دیا تھا، جو گذشتہ برس اکتوبر میں ایلون مسک نے خریدی تھی

کچھ صارفین کو تھریڈز میں اکاؤنٹ بنانے کے بعد ابتدائی طور پر کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑا، لیکن توقع کی جارہی ہے کہ اس ایپ میں مزید تبدیلیاں بھی کی جائیں گی

آپ تھریڈز پر کیسے سائن اپ کرسکتے ہیں؟

صارفین اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس کے ذریعے تھریڈز پر سائن اپ کرسکتے ہیں، سائن اپ کرنے کے لیے آپ اپنا نام، پاس ورڈ اور اکاؤنٹ کا نام رکھتے ہیں

لاگ ان کرنے کے بعد آپ تھریڈ اکاؤنٹ کے بائیو کو تبدیل کرسکتے ہیں لیکن آپ کے تھریڈز اکاؤنٹ کا نام (username) اور ڈسپلے پکچر یعنی تصویر وہی رہی گی جو انسٹاگرام اکاؤنٹ میں ہے

ایک بار جب سائن اپ ہو گئے تو آپ اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہیں کرسکتے، اگرچہ صارفین ایپ کے سیٹنگز سیکشن کے ذریعے اپنے پروفائلز کو عارضی طور پر غیر فعال کر سکتے ہیں لیکن مستقل طور پر ڈیلیٹ کرنا مشکل ہے

کمپنی نے اپنی پرائیویسی پالیسی میں کہا ہے ’آپ اپنے تھریڈز پروفائل کو صرف اس وقت ڈیلیٹ کرپائیں گے جب آپ اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ ڈیلیٹ کریں گے‘۔

تھریڈز کن ممالک میں دستیاب ہیں؟

کمپنی کے مطابق تھریڈز ایپل کے آئی او ایس اور اینڈرائڈ کے ذریعے سو ممالک اور تیس ​​سے ​​زیادہ زبانوں میں دستیاب ہیں

تھریڈ میں پرائیویسی کے مسائل

اس کے صارفین کی پرئیویسی اس کے حریف پلیٹ فارم ٹوئٹر کے مقابلے میں کچھ حد تک غیر محفوظ ہے

ایپل ایپ اسٹور کے مطابق کچھ صارفین نے تھریڈز کے ڈیٹا کے بارے میں بھی خدشات کا اظہار کیا ہے جس میں لوکیشن، کانٹیکٹ، سرچ ہسٹری، براؤزنگ ہسٹری، رابطے کی معلومات اور بہت کچھ شامل ہیں

میٹا پر طویل عرصے سے صارفین ذاتی ڈیٹا تک رسائی پر تنقید کی جاتی رہی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close