رونالڈو النصر کو پہلی بار عرب کلب چیمپئن شِپ کپ جتوانے میں کامیاب

ویب ڈیسک

دنیا کے معروف ترین فٹبالروں میں سے ایک کرسٹیانو رونالڈو کا سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنا کوئی نئی بات نہیں اور جس عمر میں عام طور پر تمام تر فٹبالروں کا کریئر ختم ہو جاتا ہے، کرسٹیانو رونالڈو نے گذشتہ روز اڑتیس سال کی عمر میں ایک بار پھر گولڈن بوٹ حاصل کیا ہے

انہوں نے سعودی عرب کی اپنی ٹیم النصر کو پہلی بار عرب کلب چیمپین شپ کپ کا فاتح بننے میں مدد کی ہے۔ ہفتے کے روز ریاض کے شاہ فہد انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل میں النصر کے خلاف عرب کلب کپ کی دو بار فاتح الہلال شروع سے ہی پوری طرح سے کھیل پر حاوی نظر آ رہی تھی

اگرچہ کھیل کا پہلا ہاف بغیر گول کے برابر رہا لیکن دوسرے ہاف میں 51ویں منٹ میں الہلال کے مائیکل نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی

النصر کو دوسرے ہاف میں اس وقت مزید صدمہ پہنچا جب ان کے ایک کھلاڑی عبداللہ العمری کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان بدر کر دیا گيا

پھر رونالڈو نے اپنے تمام تر تجربے اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کھیل کے 74ویں منٹ میں سلطان الغنم کے پاس کو گول میں تبدیل کر دیا اور اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا

النصر کو مزید ایک دھچکہ اس وقت پہنچا جب متبادل نواف بوشل کو بھی ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا اور ان کی ٹیم دس کے بجائے نو کھلاڑیوں کی ہی ٹیم رہ گئی

کھیل ایکسٹرا ٹائم میں چلا گیا اور پھر 98 ویں منٹ میں رونالڈو کے ہیڈر نے الہلال کے گول کیپر الاویس کو چکمہ دے دیا اور اس طرح رونالڈو نے نہ صرف النصر کو پہلی بار اس ٹورنامنٹ کا فاتح بننے میں مدد دی بلکہ وہ اس ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی رہے اور انہیں گولڈن بوٹ کے ایوارڈ سے نوازا گيا

رونالڈو نے چار مختلف تصاویر کے ساتھ اس جیت پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ”پہلی بار یہ اہم ٹرافی جیتنے پر ٹیم کی مدد کرنے پر مجھے بے حد فخر ہے! کلب میں ان تمام لوگوں کا شکریہ جو اس عظیم کامیابی میں شامل تھے اور میرے خاندان اور دوستوں کا ہمیشہ میرے ساتھ رہنے کے لیے شکریہ! ہمارے مداحوں کی طرف سے لاجواب حمایت! یہ اتنا ہی آپ کا بھی ہے!“

النصر کلب نے ٹویٹ کیا کہ ’ساٹھ منٹ سے زیادہ وقت تک دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے باوجود ہم کنگ سلمان کلب کپ کے چیمپیئن ہیں۔۔۔ یسس!“

جزیرہ نما عرب میں دنیا کے بڑے کھلاڑیوں کی آمد اور فٹبال کا ورلڈکپ منعقد کرانے سے جو نیا جوش پیدا ہوا ہے وہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے۔ گذشتہ روز النصر کی جیت کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر سے رونالڈو کے چرچے ہیں

آئی ایم عبدل نامی ایک صارف نے لکھا ’آج کرسٹیانو رونالڈو کا کھیل دیکھ کر میں واضح طور پر کہہ سکتا ہوں کہ جب فٹبال کی بات آتی ہے تو وہ جی او اے ٹی (گوٹ) ہیں۔‘

ان کے اس پوسٹ کو تقریباً ایک لاکھ بار دیکھا گیا ہے جبکہ تین ہزار سے زیادہ بار لائیک کیا گيا ہے۔

ایک اور فٹبال مداح نے نے لکھا کہ ’میری خواہش ہے کہ وہ کبھی بوڑھے نہ ہوں۔‘

جبکہ بہت سے صارفین نے لکھا ہے کہ اڑتیس سال کی عمر میں ایسا کارنامہ بے مثال ہے۔

فرید خان نامی ایک صارف نے فتح کے جشن کی ایک وڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’النصر نے تاریخ میں کبھی بھی عرب کپ چیمپیئن شپ نہیں جیتی تھی۔ اور پھر کرسٹیانو رونالڈ اس ٹیم میں پہنچتے ہیں۔‘

گول کیپر نواف العقیدی نے کہا ’ہم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں اگر ہمارے ساتھ رونالڈو ہیں۔ وہ عظیم ترین ہیں۔‘

رونالڈو کو فٹبال ورلڈ کپ کے بعد سعودی عرب کے کلب النصر نے تاریخ کی سب سے بڑی ڈیل کے ساتھ اپنے کلب میں شامل کیا تو ناقدین کا کہنا تھا کہ اب جبکہ یورپ میں ان کے لیے جگہ نہیں ہے تو وہ سعودی عرب کی جانب دیکھ رہے ہیں

رونالڈو کو سینتیس سال کی عمر میں بہت سے لوگوں نے یہ کہنا شروع کر دیا تھا کہ اب ان میں فٹبال نہیں ہے اور سعودی عرب کے کلب کی جانب سے انھیں لیے جانے کو پیسہ لٹانا کہا تھا لیکن گذشتہ روز رونالڈو نے سب کا جواب دے دیا

رونالڈو کے ایک فین کلب نے ان کی ٹرافی کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’جووینٹس کو چھوڑنے کے بعد سے رونالڈو اتنا خوش پہلی بار دیکھا ہے۔‘

واضح رہے کہ پرتگالی کھلاڑی نے ایک متنازع انٹرویو کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کو چھوڑ دیا تھا اور اس کے بعد وہ کسی بھی کلب میں شمولیت کے لیے آزاد تھے۔ اپنے اس انٹرویو میں انھوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا

مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی کی بعد یہ کہا جا رہا تھا کہ اب انھیں کوئی بھی ٹیم اس قدر زیادہ رقم کے ساتھ نہیں لے گی۔ لیکن انھیں تاریخ کی سب سے بڑی بولی ملی اور انھوں نے دو سال یعنی سنہ 2025 تک لیے معاہدہ کیا جس کی رو سے انھیں روزانہ کے تقریباً ساڑھے پانچ لاکھ یورو ملیں گے

بہر حال ایک صارف نے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے نام کے تحت لکھا ہے کہ رونالڈو تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں، جنھوں نے ہر سطح کے میچز میں گول کیے

جبکہ بہت سے صارفین سنہ 2023 کے سرفہرست گول کرنے والوں کی فہرست بھی پیش کر رہے ہیں جس میں کرسٹیانو رونالڈو رواں سال 25 گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close