ڈیرہ بگٹی: اغوا ہونے والے چھ فٹبال کھلاڑیوں کا تاحال پتہ نہ چل سکا

ویب ڈیسک

بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے جانی بیر سے نامعلوم افراد نے فٹبال کے چھ کھلاڑیوں کو اغوا کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق نامعلوم افراد کی جانب سے کھلاڑیوں کو ڈیرہ بگٹی سے سبی جاتے ہوئے اغوا کیا گیا، جن کا تاحال پتہ نہیں چل سکا

ڈیرہ بگٹی کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے فٹبال کے چھ کھلاڑیوں کو سبی جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے اغوا کیا ہے، جن کی بازیابی کے لیے کوششیں جاری ہیں

ڈیرہ بگٹی کے ڈپٹی کمشنر نے کھلاڑیوں کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مغوی کھلاڑی ڈیرہ بگٹی اور سوئی کے رہائشی ہیں، وہ آل پاکستان چیف منسٹر گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لینے کے لیے سبی جا رہے تھے

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مسلح افراد نے ڈیرہ بگٹی میں کچھی نہر کے جانی بیر کے علاقے میں کھلاڑیوں کی گاڑی کو روکا اور بندوق کی نوک پر فٹبالرز کو اپنے ہمراہ لے گئے۔ ان کھلاڑیوں میں عامر ولد ذاکرحسین بگٹی، فیصل ولد حنیف بگٹی، سہیل ولد عمر بگٹی ، یاسر ولد امیر بخش بگٹی، شیراز ولد داد محمد بگٹی اور بابر ولد ڈوٹا شامل ہیں

نگران وزیراعلی بلوچستان میر علی مردان ڈومکی نے ڈیرہ بگٹی کے چھ فٹ بالرز کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو ان کھلاڑیوں کو بازیاب کروانے کی ہدایت کی ہے

اس حوالے سے بلوچستان کے نگراں وزیر داخلہ میر زبیر احمد جمالی کا کہنا ہے کہ مغوی فٹبالرز کو جلد از جلد بازیاب کرانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کو علاقے کی جانب روانہ کر دیا گیا ہے

وزیر داخلہ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ تمام پہلو سے جائزہ لے کر اقدامات لیں اور کھلاڑیوں کی بازیابی کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے

نگراں وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے رات گئے نجی نیوز چینل ’جیو ’ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کھلاڑیوں کی بازیابی کے لیے آپریشن کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے فی الوقت مزید تفصیلات شیئر نہیں کی جا سکتیں

ان کا کہنا تھا کہ فرنٹیئر کور (ایف سی)، ڈپٹی کمشنر، کمشنر اور لیویز فورس کی ٹیمیں کارروائی میں ملوث مشتبہ افراد کا سراغ لگانے کے لیے کام کر رہی ہیں

دوسری جانب نگران وزیر کھیل نوابزادہ جمال رئیسانی نے بھی ڈیرہ بگٹی کے علاقے جانی بیڑی سے فٹبال کے کھلاڑیوں کے اغوا کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے اس حوالے سےڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی اظہر شہزاد سے رابطہ کر کے تفصیلات معلوم کیں

ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی نے جمال رئیسانی کو بتایا ”کھلاڑی سی ایم گولڈ کپ کوالیفائر کھیلنے سبی جا رہے تھے۔ ریاستی ادارے صبح سے کوششوں میں مصروف ہیں۔ مغویوں کو جلد باحفاظت بازیاب کرا لیا جائے گا“

اسی حوالے سے ڈیرہ بگٹی لیویز کے نائب رسالدار ناصر نے بتایا ”ڈیرہ بگٹی سے تعلق رکھنے والے یہ چھ کھلاڑی سبی ایک ٹورنامنٹ کے سلسلے میں جا رہے تھے۔ ان کو صبح دس بجے کے قریب اغوا کیا گیا۔ انتظامیہ بازیابی کے لیے کوشش کر رہی ہے، ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔“

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close