یوٹیوب کی جانب سے حال ہی میں مخصوص ہیش ٹیگ ویڈیوز کے لیے علیحدہ پیج بنانے کے بعد اب اس نے دو نئے فیچر پیش کئے ہیں جو یوٹیوبرز کے لیے بھی یقیناً معاون ثابت ہونگے
ٹیکنالوجی تجزیہ نگاروں کے مطابق ان میں سے ایک فیچر ویڈیو میں موجود آئٹم یا اشیاء کو ٹیگ کرنے کا ہے اور دوسرا فیچر کسی بھی ویڈیو کو اپ لوڈ کرنے کے بعد فوری طور پر 24 گھنٹے اس کی مقبولیت اور دیگر تفصیلات معلوم کرنے سے متعلق ہے
ٹیگ آپشن کے بارے میں بعض انتہائی مقبول اہم یوٹیوبرز اور ویڈیو بنانے والے اداروں کو یوٹیوب کی طرف سے دعوت دی گئی ہے کہ وہ ویڈیو کے اندر ہی موجود مختلف اشیاء کو ٹیگ کرسکتے ہیں۔ اس میں کوئی کتاب بھی ہوسکتی ہے، کوئی فون یا کوئی فرنیچر بھی شامل کیا جاسکتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر کوئی یوٹیوبر کسی گیڈجیٹ پر گفتگو کر رہا ہے تو وہ ویڈیو کے دوران ہی ٹیگ کر کے اس کی تفصیلات ، ویب سائٹ یا قیمت وغیرہ بھی شامل کر سکتا ہے
اس فیچر کے بارے میں یوٹیوب کا کہنا ہے کہ اس طرح ایک طرف جہاں ای کامرس اور یوٹیوب سے ویڈیو سے براہِ راست خریداری کو فروغ ملے گا تو دوسری جانب یوٹیوبر کی آمدنی میں بھی اضافہ ممکن ہو سکے گا
یوٹیوبر جن اشیاء کو ٹیگ کریں گے، وہاں وڈیو کے بائیں کنارے پر شاپنگ بیگ کا نشان آ جائے گا، اس پر کلک کر کے خریداری کے آپشن اور دیگر تفصیلات کو شامل کیا جا سکے گا
یوٹیوب انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فی الحال اس آپشن کی دستیابی صرف امریکہ تک محدود ہے لیکن بہت جلد یہ آپشن دنیا کے دیگر ممالک کے لیے دستیاب ہو جائے گا
دوسرا آپشن یوٹیوب میٹرکس کا ہے، اگرچہ یوٹیوب اسٹوڈیو میں ویڈیوز کے لیے میٹرکس انسائیڈر پہلے سے ہی موجود ہے تاہم اس میں ایک نیا فیچر شامل کیا گیا ہے جو بالخصوص ان یوٹیوبرز کے لیے ہے، جو لمحہ بہ لمحہ اپنے اپلوڈ کیے گئے وڈیوز کی مقبولیت کا جائزہ لینا چایتے ہیں
میٹرکس فیچر کی بدولت یہ دیکھنا ممکن ہو جائے گا کہ نئی ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے 24 گھنٹے بعد کیا صورتحال ہے اور اس کے بنیادی ڈیٹا کیا ظاہر کرتے ہیں.