چار لاکھ بھارتی باشندے شہریت چھوڑ کر بیرون ملک چلے گئے

ویب ڈیسک

بھارتی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق اڑتالیس بھارتی باشندوں نے پاکستانی شہریت کے لیے اپنی شہریت ترک کی۔ تاہم حیران کن بات یہ ہے کہ تقریباً چودہ سو افراد اپنی بھارتی شہریت ترک کر کے چین چلے گئے۔

بھارتی وزارت داخلہ نے منگل کے روز پارلیمان کو بتایا ”گزشتہ تین برسوں کے دوران تقریباً تین لاکھ بانوے ہزار سے زائد بھارتی باشندے اپنی مقامی شہریت ترک کر کے بیرون ملک جا بسے ہیں“

حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے زیادہ تر افراد نے امریکی شہریت حاصل کی، جو بھارتی تارکین وطن کا سب سے پسندیدہ ملک ہے

وزارت داخلہ نے اس حوالے سن 2019ع سے 2021ع تک کا اپنا ڈیٹا پیش کیا، جس سے پتہ چلتا ہے کہ گزشتہ برس مجموعی طور پر جن ایک لاکھ تریسٹھ ہزار لوگوں نے بھارتی شہریت ترک کی، ان میں سے اٹھہتر ہزار نے امریکی شہریت حاصل کی

ان اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین برسوں سے اپنے بھارتی پاسپورٹ ترک کرنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے

حکومت کا کہنا ہے کہ سن 2019ع میں ایک لاکھ چوالیس ہزار سے زیادہ افراد نے اپنی بھارتی شہریت ترک کی تھی، تاہم 2020ع میں اس رجحان میں کچھ کمی آئی اور تقریباً پچاسی ہزار افراد نے بھارت چھوڑا۔ لیکن گزشتہ برس اس رجحان میں اب تک کا سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا

حکومت کی اس رپورٹ کے بعد ایک رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمان نے حکومت سے اتنے بڑے پیمانے پر بھارتیوں کی طرف سے ترک وطن کی وجہ پوچھی، تو وزیر مملکت برائے امور داخلہ نتیا نند رائے نے وزارت خارجہ کی طرف سے دی گئی معلومات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ”پچھلے کچھ عرصے میں لاکھوں لوگوں نے اپنی بھارتی شہریت ترک کر دی، تاہم اس امر کی وجوہات ذاتی ہوتی ہیں اور حکومت کو اس بارے میں کچھ نہیں بتایا گيا‘‘

سرکاری ڈیٹا کے مطابق گزشتہ برس تقریباً چودہ سو افراد اپنی بھارتی شہریت ترک کر کے چین چلے گئے، جب کہ اڑتالیس نے پاکستانی شہریت حاصل کرنے کے لیے اپنی بھارتی شہریت ترک کر دی۔ تاہم حکومت نے اس ضمن میں مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کیں کہ پاکستان اور چین منتقل ہونے والے افراد زیادہ تر کون تھے؟

ڈیٹا کے مطابق گزشتہ برس اپنی بھارتی شہریت ترک کرنے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد یعنی 78 ہزار 284 باشندے امریکہ منتقل ہوگئے۔ اس کے بعد دوسرے نمبر آسٹریلین شہریت 23,533 افراد نے، کینیڈین شہریت 21,597 باشندوں نے اور برطانوی شہریت 14,637 بھارتی باشندوں نے حاصل کی

حکومت کے مطابق پچھلے تین برسوں میں بھارتی شہریوں نے ایک سو تین ممالک میں ہجرت کی۔ ان میں سے 7,046 افراد سنگاپور گئے، 3,754 سویڈن میں آباد ہو گئے، جبکہ 170 بھارتیوں نے بحرین کی شہریت اختیار کر لی۔ بارہ افراد ایران جبکہ ایک شخص نے عراق کی شہریت بھی حاصل کی

اس کے علاوہ اٹلی، جرمنی اور اسپین جیسے یورپی ممالک میں بھی گزشتہ تین برسوں کے دوران مقامی شہریوں کے طور پر ہزاروں بھارتی نژاد افراد مستقل آباد ہو گئے

سماجی ماہرین کے مطابق دوسرے ملک کی شہریت حاصل کرنے کے پیچھے سماجی، اقتصادی اور مختلف نسلی گروہوں میں وسیع پیمانے پر مختلف وجوہات ہوتی ہیں۔ عام طور پر دنیا بھر میں لوگ بہتر حالاتِ زندگی اور روزگار کے مواقع کے سبب اپنے اپنے آبائی ممالک چھوڑ کر چلے جاتے ہیں

تاہم اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وقت کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں بھارتی تارکین وطن کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اب نئی نسل کے بہت سے لوگوں کے پاس دوسرے ممالک کے پاسپورٹ ہیں۔ اس صورت میں بہت سے عمر رسیدہ بھارتی شہری بھی بیرون ممالک میں مقیم اپنے خاندانوں کے ساتھ مستقل رہائش کا انتخاب کر رہے ہیں۔ ان تمام عوامل کے ساتھ ساتھ بھارتیوں کے ترک وطن میں بھارت کے اندرونی سماجی، سیاسی اور معاشی حالات کا بھی عمل دخل ہے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close