جاوید لطیف کا پارٹی نوٹس کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ

نیوز ڈیسک

لاہور : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے پارٹی کی جانب سے انہیں دیے گئے شوکاز نوٹس کا بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کیا ہے

نون لیگی رہنما نے کہا نواز شریف کس طرح انہیں شوکاز نوٹس پر راضی ہوئے ہوں گے، وہ جانتے ہیں

جاوید لطیف نے کہا کہ شوکاز نوٹس چھوٹی چیز ہے، نواز شریف کہیں تو وہ ایک سیکنڈ میں اسمبلی سے استعفیٰ دے دیں گے

واضح رہے کہ نون لیگ کی جانب سے جاوید لطیف کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں کہا گیا ہے کہ میاں جاوید لطیف نے نجی ٹی وی پر جو باتیں کیں، وہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی ہے

مسلم لیگ ن نے جاوید لطیف سے سات روز میں جواب طلب کیا ہے

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) میاں جاوید لطیف کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کے لئے پارٹی صدر شہباز شریف نےخود پارٹی قائد نواز شریف سے بات کی تھی، جبکہ جاوید لطیف کے خلاف کارروائی کے لئے پارٹی کے بعض رہنماؤں کا دباؤ بھی تھا. ن لیگ میں جاوید لطیف اور بعض دیگر رہنماؤں کے درمیان کشیدگی کا معاملہ بھی نظر آرہا ہے

ذرائع کے مطابق یہ کشیدگی پہلے سے چلی آ رہی ہے کہ پارٹی میں بیانیہ کس کا چلے گا، 2018ء کے وسط میں بھی جاوید لطیف کا بعض سینئر رہنماؤں سے اس بات پر سخت جملوں کا تبادلہ ہوا تھا

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار، نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف بات کرتے ہیں، لیکن پھر بھی یہ لوگ انہیں بلا کر ملتے ہیں

ذرائع کے مطابق جاوید لطیف اب شوکاز نوٹس کا جواب بھرپور انداز سے دینے کی تیاری میں ہیں لیکن وہ نواز شریف کی رہنمائی چاہتے ہیں کہ کہیں ان کے جواب سے پارٹی میں مزید کشیدگی نہ بڑھ جائے

اگر جاوید لطیف کا جواب مفصل ہوا تو اس میں خواجہ آصف اور رانا تنویر کے بیانات کا حوالہ بھی شامل ہو سکتا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close