دنیا کی سب سے بڑی اور مشہور ویڈیو ویب سائٹ یوٹیوب نے چینی کمپنی ٹک ٹاک کو ٹکر دیتے ہوئے اپنی نئی ایپ متعارف کرا دی ہے، جس نے آتے ہی دنیا بھر کے لوگوں کی توجہ حاصل کر لی ہے، اس ایپ کو یوٹیوب شارٹس کا نام دیا گیا ہے
یوٹیوب شارٹس کو فی الحال آزمائشی طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔ لیکن اس نے آتے ہی دھوم مچا دی ہے، جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ آزمائش کے پہلے ہی روز اس ویڈیو شیئرنگ ایپ پر صارفین نے لگ بھگ ساڑھے تین ارب مرتبہ ویڈیوز کو دیکھا ہے، جو ایک اب تک کا ایک ریکارڈ ہے
یوٹیوب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ایپ کے آزمائشی تعارف کو جس پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے وہ ہمارے لئے بہت ہی زیادہ حوصلہ افزا ہے اور اس بات کی ضمانت ہیں کہ یوٹیوب شارٹس کامیاب ہوگی۔ اس ویڈیو ایپ کے ذریعے لوگ اپنی مختصر وڈیوز کو اپ لوڈ کر کے منظر عام پر لا سکیں گے
خیال رہے کہ یوٹیوب نے دنیا بھر میں ٹک ٹاک کی مقبولیت کو دیکھ کر گزشتہ سال ٹک ٹاک کی نقالی کرتے ہوئے اپنے پلیٹ فارم پر ’شارٹس‘ کا فیچر متعارف کروایا تھا، لیکن اب یوٹیوب نے اسے باقاعدہ ایپ کی شکل میں لانے کا فیصلہ کر لیا ہے. یوٹیوب انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ اس ایپ کی سب سے پہلے آزمائش بہت بڑی انسانی آبادی کے حامل ملک بھارت میں کی جائے گی
خیال رہے کہ بھارت نے حال ہی میں ٹک ٹاک سمیت درجنوں چینی ایپس کو مستقل طور پر بلاک کر دیا ہے۔ ٹیکنالوجی کے حلقوں میں یہ باتیں پہلے سے ہی گردش کر رہی تھیں کہ بھارتی حکومت کی جانب سے یہ اقدام اپنی ایپس کو مارکیٹ میں لانے کے لئے اٹھایا جا رہا ہے، اب وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ باتیں سچ ثابت ہو رہی ہیں.