پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کا 15 اگست سے ملک بھر میں اسکولز کھولنے کا اعلان

نیوز ڈیسک

پاکستان بھر کے پرائیوٹ تعلیمی اداروں کے مشترکہ پلیٹ فارم آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن نے پندرہ اگست سے ملک بھر میں پرائیوٹ اسکول کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا کی زیر صدارت تین سو سے زائد رجسٹرڈ پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشنز، مدارس، پیف، پیما، فنی تعلیمی اداروں اور اکیڈمیز کی مشترکہ پریس کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔

اعلامیے میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ہم پندرہ اگست سے ملک بھر کے تمام نجی تعلیمی ادارے کھول دیں گے. جب کہ 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر ملک بھر کے نجی تعلیمی اداروں میں پرچم کشائی کی تقاریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا.

آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے صدر کاشف مرزا نے کہا ہے کہ ہم نے کھلنے والے نجی تعلیمی اداروں کوقانونی تحفظ دینے کے لئے لیگل سیل بھی قائم کر دیا ہے. اگر کوئی رکاوٹ ڈالی گئی تو ہم لانگ مارچ کریں گے۔

انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان، آرمی چیف، وزیر اعظم، تمام وزرائے اعلیٰ، گورنرز اور این سی او سی سے اپیل کہ پندرہ اگست سے ایس او پیز کے تحت دیگر شعبہ جات کی طرح تعلیم ادارے بھی کھولے جائیں۔

کاشف مرزا نے دعوی’ کیا کہ گیلپ سروے کے مطابق 74 فیصد والدین تعلیمی ادارے کھولنے کے حق میں ہیں.

ان کا کہنا تھا کہ جب چین، برازیل، اسپین، انگلینڈ سمیت کورونا سے شدید متاثر ممالک میں تعلیمی ادارے کھول دئے گئے ہیں ، تو پاکستان میں بچوں کو تعلیم سے کیوں محروم رکھا جا رہا ہے؟

انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کی بندش سے دس لاکھ افراد بے روزگار ہوجائیں گے، جب کہ چائلڈ لیبر کے رجحان میں بھی خطرناک اضافہ ہوا ہے. انہوں نے آن لائن تعلیم کو فلاپ ڈرامہ قرار دیا.

واضح رہے کہ وفاق اور تمام صوبوں نے پندرہ سیپٹمبر سے تعلیمی ادارے بتدریج کھولنے کا اعلان کر رکھا ہے. حکومت نے اس سے قبل تعلیمی ادارے کھولنے پر قانونی چارہ جوئی کی تنبیہ بھی کی ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close