سندھ کے انتہائی پسماندہ علاقے کاچھو کے علاقوں میں ایک نئی مصیبت نے سر اٹھایا ہے۔ متعدد علاقوں میں مال مویشیوں میں پراسرار بیماری نے مزید تباہی مچا دی ہے
تفصیلات کے مطابق سندھ کے انتہائی پسماندہ علاقے کاچھو میں چند ماہ پہلے آنے والے سیلاب میں تباہ شدہ علاقوں میں ایک نئی مصیبت نے جنم لیا ہے۔ تحصیل جوہی کے مختلف علاقوں کے مال مویشیوں میں پراسرار بیماری پھیل گئی ہے جس کے باعث متعدد علاقوں ڈرگھ بالا، قصبو، ہیروخان، حاجی خان، ٹنڈو رحیم، چہنی، ساوڑو، واہی پاندھی اور شاہ حسن سمیت دیگر شہروں اور دیہاتی علاقوں میں سیکڑوں مویشی ہلاک ہوگئے ہیں
مویشیوں کے مرنے سے مالی نقصان کا شکار ہونے والے کاچھو او جوہی کے مویشی مالکان کی جانب سے احتجاج کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ وٹنری سینٹر غیر فعال ہیں، پندرہ سے زائد سینٹروں میں تعینات تمام عملے کی عدم موجودگی اور ادویات ناپید ہونے کی وجہ سے وہ اپنے مویشیوں کا علاج کرانے سے قاصر ہیں.
انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو بار بار شکایت کر چکے ہیں مگر کوئی سننے والا ہی نہیں ہے
انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ علاقوں کے مویشیوں میں پھیلی ہوئی بیماری کو روکنے کے لیئے ہنگامی بنیادوں پر عملہ اور ادویات بھیجی جائیں تاکہ سیکڑوں مویشی مرنے سے بچ سکے.