محکمۂ موسمیات نے فروری 2021ع کو پاکستان کی تاریخ کا تیسرا گرم اور خشک ترین مہینہ قرار دے دیا ہے
رپورٹ کے مطابق فروری 2021ع پاکستان کی تاریخ کا تیسرا خشک ترین مہینہ رہا، جس نیں84 فی صد کم بارشیں ہوئیں
محکمۂ موسمیات نے اپنی ماہانہ رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس کا فروری کا مہینہ پاکستان کی تاریخ میں ریکارڈ گرم اور خشک ترین فروری کے مہینوں میں سے ایک رہا ہے، 1961ع کے بعد فروری 2021ع پاکستان کا تیسرا خشک ترین مہینہ تھا، جس میں اوسطاً 84 فی صد کم بارشیں ریکارڈ ہوئیں
محکمۂ موسمیات کی رپورٹ میں دیے گئے اعداد و شمار کے مطابق فروری میں درجۂ حرارت میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور ملک میں ماہانہ اوسط درجۂ حرارت 3.35 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رکارڈ ہوا جو 16.67 ڈگری سینٹی گریڈ اوسط رہا۔ 26 فروری کو ملک میں سب سے زیادہ گرمی نواب شاہ میں 38.3 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کی گئی، جب کہ 27 اور 28 فروری کی درمیانی رات کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ ہوا جو اس ماہ کی گرم ترین رات تھی
محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل محمد ریاض کا کہنا ہے کہ عام طور پر ملک میں جنوری، فروری اور مارچ کے مہینوں میں بارشیں ہوتی ہیں، لیکن اس بار مغرب سے بارش کے سسٹم کم بن کر آئے جس کے باعث بارشیں نہ ہونے کے براہر رہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 100 ممالک کی فہرست میں شامل ہے اور گلوبل کلائمٹ چینج امپیکٹ سینٹر پاکستان کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے قیام سے لے کر اب تک اوسط درجۂ حرارت میں ایک ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ دیکھا گیا ہے، جس سے ماحولیات، زراعت اور پانی کے ذخائر بھی متاثر ہو رہے ہیں.