پاکستان کی طرف سے کووڈ 19 کی ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کی منظوری دیے جانے کے بعد چین اور پاکستان کی دو کمپنیاں حکومت پاکستان کے اشتراک سے اس ویکسین کی تیاری پر کام کر رہی ہیں.
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ڈرگ ریگیولیٹری اتھارٹی نے کووڈ19 ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کی اجازت دے دی ہے. کراچی یونیورسٹی میں قائم انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولاجیکل سائنس اور نیشنل انسٹیوٹ آف ہیلتھ سائنسز، اسلام آباد میں اس آزمائشی مرحلے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
جب کہ پاکستان میں آغا خان یونیورسٹی ہسپتال، شوکت خانم اور انڈس ہسپتال بھی اس آزمائشی تجربے کا حصہ ہیں۔
انڈس ہسپتال کے ڈاکٹر باری کے مطابق کلینیکل آزمائش سے پہلے لیبارٹری میں اس کی آزمائش کی گئی تھی. انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں جانوروں پر بھی اس کی آزمائش کی گئی اور اب تیسرے مرحلے میں اس کی آزمائش انسانوں پر کی جا رہی ہے۔
نیشنل انسٹیٹوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ویکیسن کا پاکستان میں یہ پہلا کلینیکل ٹرائل ہوگا اور Adveno Virus Type 5 Vector کی تیاری میں چینی کمپنیاں کین سینو بائیولوجکس اور بیجنگ انسٹیٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
این آئی ایچ کے ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام کا کہنا ہے کہ کین سینو بائیولوجکس اس سے قبل چین، روس اور سعودی عرب میں ایسے تجربات کر چکی ہے۔
چین نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان میں ویکسین کی آزمائش کے بعد پاکستان کو ویکسین کی فراہمی شروع کر دی جائے گی.