کورونا کی وبا کے دوران تعلیمی اداروں کی بندش سے طلبا کو اپنی تدریس کا عمل جاری رکھنے میں سخت مشکلات پیش آرہی ہیں، بالخصوص سیکنڈری اسکول اور کالجز کے طالب علم سخت مشکلات سے دوچار ہیں، کیونکہ انہیں اسکولوں کے ساتھ ٹیوشن کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا ہے، تدریسی سرگرمیوں کے بارے میں پائی جانے والی بے یقینی کو کم کرتے ہوئے طلبا کی ان مشکلات کو ٹیکنالوجی پر مبنی اسٹارٹ اپ Edkasa نے آسان بنادیا ہے
لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے طلبا کے تیار کردہ اس پلیٹ فارم سے پاکستان کے تمام تعلیمی بورڈز سے منسلک نویں اور دسویں جماعت کے علاوہ انٹرمیڈیٹ کی سطح کے طالب علم امتحانات کی گھر بیٹھے تیاری کر سکتے ہیں، ٹیکنالوجی پرمبنی اس پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد طلبا کو امتحانات کی تیاری کے لیے عالمی معیار کے مطابق تدریس کا تجربہ فراہم کرنا ہے
موبائل ایپلی کیشن کی شکل میں طلبا کی رہنمائی اور نصاب کی تیاری میں مدد دینے والے اس پلیٹ فارم سے اب تک پاکستان کے 40 سے زائد اسکول منسلک ہوچکے ہیں اور 55 ہزار طالب علم اس منفرد تعلیمی ایپلی کیشن سے استفادہ کر رہے ہیں، اس ایپلی کیشن کے ذریعے طلبا کو تجربہ کار اور بہترین صلاحیتوں سے لیس اساتذہ آن لائن پڑھانے کے ساتھ ریکارڈ شدہ لیکچرز کے ذریعے بھی رہنمائی فراہم کرتے ہیں
مختلف کلاسز کے ریاضی، انگریزی، بائیولوجی، کیمسٹری اور فزکس جیسے مشکل مضامین سے متعلق لگ بھگ 4500 ویڈیو لیکچرز بھی اس ایپلی کیشن کا حصہ ہیں جن کی مدد سے طلبا بنیادی تصورات کلیئر کرنے کے ساتھ سیکھنے کی تکنیک سے آگہی حاصل کر سکتے ہیں
اس کے علاوہ مختلف مضامین سے متعلق 15ہزار مختصر سوالات (ایم سی کیوز) بھی اس ایپلی کیشن کا حصہ ہیں، ایپلی کیشن سے وابستہ طالب علم کی ریکنگ بھی کی جاتی ہے تاکہ طالب علم جان سکیں کہ ان کی تیاری کس حد تک موثر ہے
اپنی افادیت کی وجہ سے Edkasa کو سرمایہ کاروں کی بھی توجہ مل رہی ہے، آئی ٹو آئی وینچرز کی سربراہی میں والڈ سٹی کمپنی، زیان کیپیٹل اور جنوبی ایشیا کے اسٹریٹجک اینجلز سرمایہ کاروں نے پری سیڈ راؤڈ میں تین لاکھ بیس ہزار ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے.