رقم منتقلی کی مشہور عالمی سروس ’’پے پال‘‘ کے ماتحت ادارے ’’وینمو‘‘ نے کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت شروع کردی ہے
’’وینمو‘‘ سروس اور ایپ کا مقصد افراد کے درمیان رقم کے تبادلے کو آسان اور تیز رفتار بنانا ہے۔اس کے صارفین کی تعداد سات کروڑ سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ امریکی نوجوانوں میں یہ خاص طور پر بہت مقبول ہے جو اپنے دوستوں یا اہلِ خانہ سے رقم کے لین دین میں یہی ایپ استعمال کرتے ہیں
اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پچھلے سال کورونا وبا کے باوجود بھی اس سروس کے ذریعے 159 ارب ڈالر کی رقم منتقل کی گئی
اب وینمو نے ایک قدم آگے برھتے ہوئے کرپٹو کرنسیز کا لین دین بھی اپنی خدمات میں شامل کرلیا ہے، جس کے تحت عام صارفین بھی کم از کم ایک ڈالر کے عوض بٹ کوائن، ایتھریئم، لائٹ کوائن اور بٹ کوائن کیش جیسی کرنسیز کی خرید و فروخت کرسکیں گے. جس کے بعد انہیں اپنی ٹرانزیکشنز کو ایپ کی فیڈ میں پبلش کرنا ہوگا
صرف یہی نہیں بلکہ کرپٹو کرنسی خرچ کرکے ’’وینمو‘‘ کے ذریعے آن لائن خریداری بھی کی جاسکتی ہے
دوسری جانب کرپٹو کرنسی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پے پال کی ذیلی کمپنی کا بڑے پیمانے پر کرپٹو کرنسی کے لین دین کو ممکن بنانا اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ دیگر مالیاتی ادارے بھی جلد اس جانب توجہ دینے پر مجبور ہو جائیں گے.