سندھ انڈیجنئس رائٹس الائنس نے آج بحریہ ٹاؤن کی جانب سے مختلف گوٹھوں پر قبضے کے لیے کی گئی غاصبانہ کارروائیوں اور مقامی لوگوں پر تشدد کے خلاف ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی
ریلی نے مختلف گوٹھوں کا دورہ کیا اور مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے
روزہ ہونے کے باوجود ریلی میں مقامی گوٹھوں کے باسیوں اور سول سوسائٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شرکاء نے بحریہ ٹاؤن کے خلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ مسلسل بحریہ ٹاؤن کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے تھے
اس موقع پر سندھ انڈیجنئس رائیٹس الائینس کے رہنماؤں اور گوٹھ کے باسیوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے بحریہ ٹاؤن کراچی کا نور محمد گبول گوٹھ اور دیگر گوٹھوں اور مقامی لوگوں کی زمینوں پر پولیس کے سرپرستی میں ہیوی مشینری کے ساتھ قبضہ گیری کرنے کا عمل جاری ہے
انھوں نے کہا بحریہ ٹاؤن کراچی گڈاپ اور کاٹھور کے مقامی لوگوں کو ڈرا دھمکا کر اور کچھ لوگوں کو لالچ دے کر زمینوں پر قبضہ کررہا ہے جس کے خلاف لوگ مزاحمت کر کے اپنی زمینوں کو بچانے کی جہدوجہد کر رہے ہیں اور اس جہدوجہد میں کماش فیض محمد گبول کا کردار روشن باب کی مانند واضح ہے
ان کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں کی زمینوں اور بحریہ ٹاؤن کے درمیاں ایک چھوٹی سی دیوار سے حد بندی کی گئی ہے لیکن لوگوں کے مطابق بحریہ ٹاؤن انتظامیہ دیوار کو آہستہ آہستہ آگے بڑھا کر مقامی لوگوں کی زمیں پر قبضہ کر رہا ہے
مقررین کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ بحریہ ٹاؤن انتظامیہ پولیس اور دیگر اداروں کے نمائندگان نور محمد گبول گوٹھ اور دوسرے گوٹھوں میں ہیوی مشینری کے ساتھ پہنچ گئے اور زمیں کو ہموار کرنا شروع کیا، جب لوگوں نے مزاحمت کی تو پولیس نے فائرنگ اور شیلنگ کر دی، تین دنوں تک زمینوں پر قبضہ کا یہ سلسلہ چلتا رہا اور گڈاپ و کاٹھور کی زمینوں پر قبضے کے خلاف مزاحمت کے بانی چاچا فیض محمد گبول کے بیٹے مراد گبول کو پولیس اُٹھا کر لے گئی
انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے بحریہ ٹاؤن کے خلاف پھر سے کورٹ کے دروازے پر دستک دی اور کورٹ نے اسٹے آرڈر دے کر اپنی زمہ داری پوری کر لی لیکن باقی علاقوں میں بحریہ ٹاؤن انتظامیہ اپنی طاقت اور اداروں کی مدد سے اپنے قبضے کو دوام دے کر زمینوں پر قبضہ کا عمل جاری رکھا ہوا ہے
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشترکہ، منظم اور طویل عوامی جدوجہد کے ذریعے قابض بحریہ ٹاؤن کے مظالم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا اور اس مقصد کے لیے ہم. آخری حد تک جانے کے لیے بھی تیار ہیں.
بعدازاں آج جیئے سندھ قومی محاذ (جسقم) کے مرکزی چیئرمین صنعان قریشی نے بھی متاثرہ گوٹھوں کا دورہ کیا اور انہیں اپنے مکمل ساتھ اور تعاون کا یقین دلایا، انہوں نے کہا کہ ہم بحریہ کے مظالم کا شکار متاثرین کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے.
یہ خبر بھی پڑھیں
بحریہ ٹاؤن کے مظالم کے خلاف سب متحد ہو جائیں، خان آف قلات