پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مشکوک شخص اور صوابی میں دو خواتین عدالت میں اسلحے سمیت گرفتار

نیوز ڈیسک

اسلام آباد/صوابی : پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے مشکوک شخص کو گرفتارکیا گیا جس سے پستول برآمد ہوا ہے، جب کہ صوبہ خیبر پختون خواہ کے ضلع صوابی میں دو خواتین کو عدالت میں اسلحے کے ساتھ گھسنے پر گرفتار کر لیا گیا ہے

تفصیلات کے مطابق ملک کی انتہائی حساس عمارت پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر سے ایک مشکوک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے، جس کے قبضے سے پستول بھی برآمد ہوا ہے

پولیس کے مطابق مشکوک شخص بہت دیر تک اسلحے سمیت پارلیمنٹ ہاؤس کے ارد گرد گھوم رہا تھا، تاہم کسی بھی نقصان کے خدشے کے پیش نظر اسے حکمت عملی کے تحت دیر سے گرفتار کیا گیا، ملزم کے قبضے سے پسٹل برآمد ہوا ہے اور ملزم کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اس سے تفتیش کی جا رہی ہے

پولیس حکام نے بتایا کہ اسلحہ لہرانے والے شخص کی شناخت ملک سہیل کے نام سے ہوئی ہے اور وہ چکری کا رہائشی ہے، جب کہ ملزم کی عمر پینتالیس سال ہے، بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملزم کا دماغی توازن درست نہیں ہے، تاہم پولیس اس کا رکارڈ چیک کر رہی ہے

واضح رہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر گھومنے والے اسلحہ بردار مشکوک شخص کی وڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ شلوار قمیض میں ملبوس منہ پر ڈھاٹا باندھے مشکوک شخص ایک ہاتھ میں پسٹل اور دوسرے ہاتھ میں آہنی شے پکڑے دیدہ دلیری کے ساتھ سڑکوں پر مٹر گشت کر رہا ہے، جب کہ پولیس اہلکار کسی بھی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے اس پر کڑی  نظر رکھے ہوئے ہیں

دوسری جانب صوبہ خیبر پختون خواہ کے ضلع صوابی میں دو خواتین کو عدالت میں اسلحے کے ساتھ گھسنے پر گرفتار کیا گیا

ڈی پی او صوابی کا کہنا ہے کہ ضلع صوابی کی عدالت میں دو خواتین اسلحے کے ساتھ داخل ہوئیں، جنہیں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے  گرفتار کر لیا۔ گرفتار خواتین کی شناخت رشیدہ زوجہ لیاقت اور زرمینہ دختر امان اللہ کے نام سے ہوئی ہے

ڈی پی او کا کہنا تھا کہ زرمینہ کا شوہر امان اللہ جیل میں ہے جس کی آج  پیشی تھی، اور دونوں خواتین اس سے ملاقات کے لئے آئی تھیں، امان اللہ کی محمد ریاض نامی شخص کے ساتھ خونی دشمنی تھی، اور آج اس نے بھی عدالت میں پیش ہونا تھا

ڈی پی او نے بتایا کہ دونوں خواتین کے پاس 29 گولیاں اور لوڈڈ اسلحہ تھا، جو ممکنہ طور پر قتل کے منصوبے میں استعمال کیا جانا تھا

ڈی پی او کے مطابق زرمینہ نامی خاتون کے شوہر کے مخالف فریقین ریاض اور اس کے ساتھی جوڈیشل کمپلیکس شمانسور میں داخل ہوئے تو دونوں خواتین نے بھی اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم جب لیڈی پولیس اہلکار نے ان کی تلاشی تو انکشاف ہوا کہ دونوں کے پاس دو 30 بور پسٹل اور 29 گولیاں ہیں، جس پر موقع پر موجود  ڈی ایس پی صوابی سٹی بشیر احمد یوسفزئی اور ایس ایچ او زیدہ انسپکٹر شفیع الرحمن نے لیڈی پولیس کانسٹیبلز کی مدد سے دونوں خواتین کو گرفتار کرلیا۔ خواتین کے خلاف ایس آئی اختر منیر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے.

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
Close